ایم ایل اے جیویش کمار کی آبھار یاترا، عوام سے پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے طلب

 

جالے(محمد رفیع ساگر)

مقامی اسمبلی حلقہ سے لگاتار تیسری مرتبہ کامیابی کے بعد مقامی ایم ایل اے جیویش کمار نے اتوار کو حلقے کے مختلف دیہاتوں اور پنچایتوں میں آبھار یاترا نکالی۔ اس دوران انہوں نے عوام کا دل سے شکریہ ادا کیا اور اگلے پانچ برسوں کے لیے ترقیاتی ترجیحات اور منصوبے تحریری شکل میں دینے کی اپیل کی۔

آبھار یاترا مریٹھا، بَگھول، دیورا بندھولی، پونی گرڑی، جوگیارا، نوادہ، مجرا، سوندہی، سہسپور اور گھوگھراہا سمیت متعدد علاقوں سے گزری۔ ہر مقام پر مقامی باشندوں نے ایم ایل اے کا روایتی انداز میں پرتپاک استقبال کیا اور اپنے مسائل و ضروریات سے بھی آگاہ کیا۔

اپنے خطاب میں جیویش کمار نے کہا کہ یہ جیت عوام کے بھروسے اور تعاون کی بدولت ممکن ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کی ترقی ہمیشہ ان کی اولین ترجیح رہی ہے اور آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رہے گا۔ انہوں نے گزشتہ برسوں میں مکمل کرائے گئے ترقیاتی منصوبوں، بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی اور عوامی فلاح سے متعلق مختلف اقدامات کا بھی تذکرہ کیا۔

ایم ایل اے نے عوام سے درخواست کی کہ ہر پنچایت آئندہ پانچ برسوں کے لیے اپنی ضروریات کی فہرست اور ترقیاتی منصوبے تحریری طور پر فراہم کرےتاکہ انہیں وکاس ڈائری میں شامل کرکے مرحلہ وار عمل کیا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہتر منصوبہ بندی عوامی تجاویز سے ہی ممکن ہے۔

 

آبھار یاترا کے دوران لوگوں نے سڑکوں کی مرمت، پینے کے پانی کی فراہمی، اسکولوں کی حالت، صحت خدمات کی بہتری، کھیتی کے وسائل اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع جیسے مسائل بھی پیش کیے۔ یاترا پُرامن ماحول میں مکمل ہوئی اور بڑی تعداد میں عوام نے ایم ایل اے کے ساتھ اپنی حمایت کا اظہار کیا۔

Comments are closed.