مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

 

اے ایم یو کے شعبہ طبیعیات کے سابق استاد پروفیسر آر پرساد کی دو نئی کتابوں کی رونمائی

علی گڑھ، 28 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ طبیعیات سے سبکدوش فیکلٹی آف سائنس کے سابق ڈین اور شعبہ کے سابق چیئرمین پروفیسر آر پرساد کی دو نئی کتابوں ”انڈراسٹینڈنگ میڈیکل ڈیوائسیز: دی سائنس بیہائینڈ دی ڈائیگنوسس“ اور ”فزکس اینڈ ٹکنالوجی فار انجینئرز: انڈراسٹینڈنگ میٹیریئلز اینڈ سسٹینیبلٹی“ کا اجراء اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کیا۔

پروفیسر پرساد کی علمی خدمات کو سراہتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ یہ مطبوعات شعبہ طبیعیات کی مستحکم علمی روایت کی عکاس ہیں اور نوجوان نسل کو سائنسی تحقیق کی طرف راغب کرنے والی ہیں۔

رونمائی تقریب میں پروفیسر اے کے چوبے، پروفیسر ایم افضال انصاری، پروفیسر بی پی سنگھ (قائم مقام ڈین، فیکلٹی آف سائنس)، پروفیسر محمد شعیب، پروفیسر شکیل احمد اور پروفیسر ایثار احمد رضوی موجود تھے۔ پروفیسر بی پی سنگھ نے کہا کہ پروفیسر پرساد کا واضح علمی وژن اور تدریس سے وابستگی آج بھی طلبہ اور ساتھی اساتذہ کی رہنمائی کر رہی ہے۔

پروفیسر پرساد نے اپنے تاثرات میں کہاکہ یہ کتابیں طلبہ اور پیشہ ور افراد کی تعلیمی اور عملی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تحریر کی گئی ہیں۔ ایک کتاب میڈیکل ڈیواسیز کی بہتر سمجھ فراہم کرتی ہے، جبکہ دوسری انجینئرنگ میں فزکس کو پائیداری کے چیلنجوں کے ساتھ جوڑتی ہے۔ انہوں نے اپنے رفقا ء کے تعاون کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر پرسادکی اب تک گیارہ سائنسی کتابیں منظر عام پر آچکی ہیں۔

ٌئئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭

ایلیویٹ 2025 کی اختتامی تقریب منعقد، پروگرام کی دستیابیوں کو سراہا گیا

علی گڑھ، 28 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس (جنرل) کے زیر اہتمام ایک روزہ جاب و انٹرن شپ فیئر ”ایلیویٹ 2025“ کی اختتامی تقریب کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی پروفیسر محمد گلریز، سابق وائس چانسلر اے ایم یو نے اظہار خیال کرتے ہوئے اس پہل کو سراہا اور طلبہ کو ابھرتے کریئر مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تکنیکی مہارتوں کے ساتھ ساتھ سافٹ اسکلز بھی کامیابی کے لیے ضروری ہیں۔

ایلیویٹ 2025 میں 21 کمپنیوں نے حصہ لیا تھا اور مجموعی طور سے 760 طلبہ نے انٹرویو میں شرکت کی، جس کے نتیجے میں 133 انٹرن شپ اور 112 فل ٹائم جاب شارٹ لسٹنگ ہوئی۔

اختتامی تقریب کے مہمان اعزازی پروفیسر اسفر علی خان، ڈائریکٹر، اسکول ایجوکیشن نے طلبہ کی بھرپور شرکت کو سراہا اور اس تقریب کے کامیاب انعقاد میں طالب علم رضاکاروں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کی تعریف کی۔

تقریب کا آغاز سمیحہ فاطمہ احمد کے تعارفی کلمات سے ہوا، جبکہ طوبیٰ خان نے استقبالیہ خطاب پیش کیا۔ ایلیویٹ 2025 کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر مزمل مشتاق، اسسٹنٹ ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسر (جنرل) نے پروگرام کی دستیابیوں پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر سہیلہ پروین، اسسٹنٹ ٹی پی او (جنرل) نے بتایا کہ اس پروگرام کا مقصد بھرتی کنندگان اور ملازمت کے متلاشیوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر لانا اور علیگڑھ کی مقامی جاب مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنانا تھا۔

سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے تیار کردہ ایک ویڈیو پرزنٹیشن میں اس پروگرام کے اہم لمحات کو خوبصورتی کے ساتھ پیش کیا گیا۔ مہمان خصوصی اور مہمان اعزازی نے اساتذہ، کوآرڈینیٹرز اور رضاکاروں کو ان کی خدمات پر اعزازات پیش کیے۔ محمد سمیع نے کلمات تشکر ادا کئے۔

ئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭

اے ایم یو کے پروفیسر نے کشمیر یونیورسٹی کے پروگرام میں ذہنی صحت اور زندگی کے ہنر پر آن لائن خطبات دیے

علی گڑھ، 28 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ نفسیات کے پروفیسر ایس ایم خان نے یونیورسٹی آف کشمیر، سرینگر کے مالویہ مشن ٹیچر ٹریننگ سینٹر کی جانب سے منعقدہ قلیل مدتی پروگرام بعنوان ”دماغی صحت، ذاتی ارتقاء اور زندگی کے ہنر“ میں ریسورس پرسن کے طور پر آن لائن خطاب کیا۔

پروفیسر خان نے جو فی الوقت ایمسٹرڈم میں علمی سفر پر ہیں، دو آن لائن خطبات پیش کیے۔ انھوں نے اسٹریس اور ایموشنل مینجمنٹ اور خود آگہی کے موضوعات پر گفتگو کی۔ انھوں نے خود آگہی کو ایک قیمتی ہنر قرار دیا جو زندگی کے ہر موڑ پر انسان کی رہنمائی کرتا ہے۔ انھوں نے شرکاء کو اپنے عنقریب جاری ہونے والے نفسیاتی ٹول ”ڈسکوری آف سیلف“ کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی۔

٭٭٭٭٭٭

جے این ایم سی میں شواہد پر مبنی فارماکولوجیکل ریسرچ پر ورکشاپ منعقد

علی گڑھ، 28 نومبر: شعبہ فارماکولوجی، جوہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے لیے ”فارماکولوجیکل ریسرچ کے لئے شواہد پر مبنی طریقہ عمل“ کے موضوع پر ایک ورکشاپ منعقد کی۔

پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے فیکلٹی آف میڈیسن کے سابق ڈین پروفیسر ایم یو ربّانی نے بایومیڈیکل سائنسز میں شواہد پر مبنی طریق ہائے عمل کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالی اور عالمی معیار سے ہم آہنگ تحقیقی طریق ہائے کار کی ضرورت پر زور دیا۔

مہمان مقرر ڈاکٹر داؤد ایس فاروقی نے شواہد پر مبنی جدید فریم ورک پر گفتگو کی، جس میں منظم ڈیٹا تجزیہ، سائنسی لٹریچر کا تنقیدی جائزہ اور مضبوط تجرباتی ڈیزائن کے اہم عناصر شامل تھے۔

31 پوسٹ گریجویٹ طلبہ نے ورکشاپ میں شرکت کی اور اس کے عملی فوائد کو سراہا۔ سیشن نے شعبہ کے اس عزم کو تقویت دی کہ تحقیق کی صلاحیتوں کو مستحکم کیا جائے اور شواہد پر مبنی سائنسی تحقیق کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ شعبہ کے چیئرمین پروفیسر سید ضیاء الرحمٰن نے مہمان مقرر اور دیگر مہمانوں کا تعارف کرایا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

ٌئئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭

اے ایم یو کی ریزیڈنشیئل کوچنگ اکیڈمی کے طلبہ کی یو پی ایس سی مین اور بی پی ایس سی پریلیمس میں کامیابی

علی گڑھ، 28 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی ریزیڈنشیئل کوچنگ اکیڈمی (آر سی اے) کے آٹھ طلبہ نے یو پی ایس سی سول سروسز، مین امتحان 2025 پاس کیا ہے۔ اس کے نتائج 11 نومبر کو جاری کیے گئے تھے۔ کامیاب ہونے والے امیدواروں میں پرجول پربھاکر، زینب اظہر، منہاج شکیل، گل فضا، محمد انشل خان، شہ زین، نذیر احمد بجران اور یاسر احمد بھٹی شامل ہیں۔

آر سی اے نے اعلان کیا ہے کہ ان امیدواروں کے لئے سول سروسز کے آخری مرحلے، یعنی انٹرویو کی تیاری کے سلسلہ میں بہت جلد ماک انٹرویو سیشن کا اہتمام کیا جائے گا۔

ایک دیگر قابل ذکر کامیابی میں آر سی اے کے دس طلبہ نے بہار پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی) پریلیمس امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ کامیاب امیدواروں میں بھاؤنا، سلمان، انتخاب عالم، شائستہ خاتون، محمد طیّب خان، یاسمین شمیم، عامر خان، جمال واصف، عدنان عبداللہ اور سید قمر رضا عابدی شامل ہیں۔

وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آنے والے برسوں میں آر سی اے کے نتائج مزید بہتر ہوں گے۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان، رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر اور آر سی اے کے ڈائریکٹر پروفیسر محمد حسن نے بھی منتخب امیدواروں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Comments are closed.