مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

 

اے ایم یو کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن نے رٹھگواں میں صحت  کیمپ منعقد کیا

علی گڑھ، 9 دسمبر: جے این میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی جانب سے موضع رٹھگواں، علی گڑھ کے پنچایت گھر میں ایک صحت کیمپ منعقد کیا گیا، جس میں مقامی دیہی آبادی کو بنیادی طبی سہولیات اور احتیاطی صحت سے متعلق رہنمائی فراہم کی گئی۔

شعبہ کی چیئرپرسن پروفیسر عظمیٰ ارم کی قیادت میں منعقد ہ اس کیمپ کے کوآرڈنیٹر پروفیسر ایم اطہر انصاری اور ڈاکٹر علی جعفر عابدی تھے۔ طبی ٹیم میں ڈاکٹر محمد یاسر زبیر، ڈاکٹر سبھاش کمار، ڈاکٹر محمد عامر اور ڈاکٹر آیوشی گپتا شامل تھے، جبکہ انٹرن ڈاکٹر محمد ابوذر، ڈاکٹر محمد شریف سلطان اور ڈاکٹر اسامہ اسلام نے معاونت فراہم کی۔

مجموعی طور سے 250 مریضوں کا طبی معائنہ، کلینیکل جانچ، بنیادی مشورے اور خون کے ٹسٹ کیے گئے۔ آنکھوں کے امراض کی تشخیص ڈاکٹر محمد یاسر زبیر نے کی اور مزید علاج کے محتاج مریضوں کی رہنمائی بھی کی۔ اس موقع پر عام بیماریوں کی مفت ادویات تقسیم کی گئیں اور لوگوں کو صفائی، غذائیت، بیماریوں سے بچاؤ اور صحت مند طرزِ زندگی سے متعلق ضروری معلومات فراہم کی گئی۔

٭٭٭٭٭

اے ایم یو کی پروفیسر نیہا اگروال کو پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض

علی گڑھ، 9 دسمبر: ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ پیریوڈونشیا و کمیونٹی ڈینٹسٹری کی چیئرپرسن پروفیسر نیہا اگروال کو پبلک ہیلتھ ڈینٹسٹری میں پی ایچ ڈی کی ڈگری سے نوازا گیا ہے۔ ان کے تحقیقی مقالہ کا عنوان تھا:کراس کلچرل ایڈپٹیشن اینڈ ویلیڈیشن آف دی یوروپین آرگنائزیشن فار ریسرچ اینڈٹریٹمنٹ آف کینسر کوالٹی آف لائف کوئشچنائر اِنٹو ہندی ورژن فار کینسر پیشینٹس اِن انڈیا۔ ہندوستانی پس منظر میں کینسر کے مریضوں کے لئے منھ کی صحت سے متعلق معیار زندگی کے تشخیصی آلات کو مزید مؤثر بنانے کے لئے یہ تحقیق کافی اہمیت رکھتی ہے۔

پروفیسر اگروال نے اپنی تحقیق پروفیسر این ڈی گپتا (شعبہ پیریوڈونشیا و کمیونٹی ڈینٹسٹری) اور پروفیسر شاہد علی صدیقی (سربراہ، شعبہ ریڈیئیشن آنکولوجی، مہاتما گاندھی میڈیکل کالج و اسپتال، جے پور) کی نگرانی میں مکمل کی۔ انہوں نے اپنے نگراں کی رہنمائی اور سرپرستی کا شکریہ کیا، ساتھ ہی ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر آر کے تیواری کے تعاون کو بھی سراہا۔

٭٭٭٭٭

پروفیسر قدسیہ تحسین اے ایم یو کی ڈائریکٹر آف اسکول ایجوکیشن مقرر

علی گڑھ، 9 دسمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ زولوجی کی چیئرپرسن پروفیسر قدسیہ تحسین کو دو سال کی مدت یا اگلے احکامات تک کے لئے اے ایم یو میں اسکول ایجوکیشن کے ڈائریکٹر کے عہدے کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔

پروفیسر قدسیہ تحسین ایک ممتاز محققہ ہیں اور اے ایم یو کی واحد فیکلٹی ممبر ہیں جنہیں ملک کی تینوں اعلیٰ ترین سائنسی اکادمیوں آئی این ایس اے، آئی اے ایس سی اور این اے ایس آئی کی فیلوشپ حاصل ہے۔ اپنے علمی و پیشہ ورانہ کریئر کے دوران انہوں نے اے ایم یو میں متعدد کمیٹیوں میں خدمات انجام دیں، اسکول انتظامیہ میں اہم کردار ادا کیا اور مختلف سطحوں پر ذمہ داریاں سنبھالیں۔ وہ اسکول ایجوکیشن کی ڈپٹی ڈائریکٹر(2022)، او ایس ڈی برائے اے بی کے اسکولز (2021)، خواتین کی سلامتی سے متعلق اے ایم یو انتظامی کمیٹی کی رکن، انڈرگریجویٹ و پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کی کورس کوآرڈینیٹر، ایم ایس سی داخلہ امتحانات کی کوآرڈینیٹر اور سات سال تک نیماٹولوجی سیکشن کی انچارج رہیں۔

پروفیسر تحسین یونیورسٹی کی انّوویشن کمیٹی کی بھی رکن رہی ہیں، جو بین شعبہ جاتی تحقیق کو فروغ دینے کے لیے سرگرم ہے۔ وہ اے ایم یو میں متعدد ورکشاپ، تربیتی پروگرام اور علمی تقریبات منعقد کر چکی ہیں۔

نیمیٹوڈ ٹیکسونومی، ارتقائی حیاتیات اور ماحولیاتی تجزیے کے میدان میں ان کی تحقیق عالمی سطح پر معروف ہے۔ ان خدمات کے اعتراف میں انہیں نیماٹولوجی میں اعلیٰ تحقیق کے لئے اونٹا اسپیشل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز حاصل کرنے والی وہ پہلی ایشیائی سائنسداں ہیں۔

Comments are closed.