قمر مصباحی کی پہل پر اقلیتی کمیشن نے 2026 کے ہالی ڈے شیڈول میں ترمیم کی سفارش کی، عیدین کے لیے 3، محرم کے لیے 2دن کی تعطیل اور اردو اسکولوں کے لیے الگ ہالی ڈے لسٹ کی تجویز
جالے:محمد رفیع ساگر
بہار ریاستی اقلیتی کمیشن نے 2026 کے اسکولی چھٹیوں کے شیڈول میں ترمیم کے لیے محکمۂ تعلیم کو خط لکھا ہے۔ یہ کارروائی بہار اسٹیٹ اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن کے ریاستی صدر قمر مصباحی کی جانب سے معاملہ اٹھائے جانے کے بعد کی گئی۔ کمیشن نے عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کے لیے تین دن اور محرم کے لیے دو دن کی چھٹی دینے کے علاوہ اردو اسکولوں کے لیے الگ ہالی ڈے لسٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایسوسی ایشن کی شکایت کے مطابق محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری 2026 کے ہالی ڈے کیلنڈر میں عیدالفطر، بقرعید اور محرم کے لیے صرف ایک دن کی تعطیل درج ہے، جس سے مسلم اساتذہ اور طلبہ میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ قمر مصباحی نے کہا کہ ایک دن کی چھٹی مذہبی رسومات میں بھرپور شرکت کے لیے ناکافی ہے، خصوصاً جب اردو اسکولوں کی ہفتہ وار تعطیل جمعہ کو ہوتی ہے۔
کمیشن نے اپنے خط میں محکمۂ تعلیم کے ایڈیشنل چیف سکریٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے پر فوری غور کرے اور مناسب کارروائی کے بعد کمیشن کو آگاہ کرے۔ خط کی کاپی وزیر تعلیم کو بھی ارسال کی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ محکمۂ تعلیم نے حال ہی میں 2026 کے لیے 65 تعطیلات پر مشتمل اسکولی ہالی ڈے شیڈول جاری کیا ہے، مگر بڑے اسلامی تہواروں کے لیے محض ایک دن کی چھٹی دی گئی ہے۔ اب پورے معاملے پر نظر محکمۂ تعلیم کے فیصلے پر ٹکی ہوئی ہے.
Comments are closed.