جلسۂ دستار بندی میں پروفیسر شکیل احمد قاسمی کا خطاب
پٹنہ(پریس ریلیز)
ترقی کے اس دور میں انسان فضاؤں میں پرندوں کی طرح پرواز کر رہا ہے اور سمندروں میں مچھلیوں کی طرح تیرنے کا ہنر اس نے سیکھ لیا ہے لیکن شریف انسان کی طرح زمین پر چلنے کا سلیقہ اسے ابھی نہیں آیا ہے اور یہ سلیقہ اسے دینی تعلیم اور اخلاقی تربیت سے حاصل ہوگا، یہی کام مدارس کر رہے ہیں۔ دینی خطوط پر تعلیم و تربیت ان کے نصاب تعلیم اور نظام تعلیم کا حصہ ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ گذشتہ سال اس ادارے کے 18 طلباء کی دستار بندی ہوئی تھی اور اس سال 8 طلباء نے حفظ مکمل کیا ہے، جن کی آج دستاربندی ہو رہی ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار پروفیسر ڈاکٹر مولانا شکیل احمد قاسمی پٹنہ، چیئرمین فاران فاؤنڈیشن انڈیا نے مدرسہ ناصر العلوم، ناصر گنج، نستہ، دربھنگہ کے عظیم الشان اجلاس میں گزشتہ روز کیا۔
جناب قاسمی نے کہا کہ مدارس کے نظام تعلیم کو مزید پر کشش اور نفع بخش بنائیے۔ معیاری تعلیم کے ساتھ کردار سازی پر توجہ دیجیے۔ ہر طرح کے اختلافات سے ملت کو بچائیے۔ مورل ویلیوز اور اخلاقی قدروں کے تحفظ میں مدارس کا اہم کردار ہے۔ اس کے ذریعے سماج کی اصلاح اور معاشرے میں خوشگوار تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ جناب قاسمی نے ذمہ داران مدرسہ بالخصوص مفتی سلیم احمد ناصری اور مولانا انوار اللہ کو اس قابل قدر کارنامے پر مبارکباد پیش کیا۔
Comments are closed.