ریاستی وزیر نتن نوین کو قومی کارگزار صدر اور سنجے سراوگی کو بہار پردیش صدر بننے پر پارٹی کارکنان میں خوشی کا ماحول، جالے کے رکن اسمبلی جیویش کمار اور پسماندہ محاذ کے توقیر احمد انصاری کی مبارکباد

 

جالے : محمد رفیع ساگر

 

بہار حکومت کے وزیر اور بانکی پور اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی مسٹر نتن نوین کو بھارتیہ جنتا پارٹی کا قومی کارگزار صدر مقرر کیے جانے پر بہار سمیت پورے ملک میں خوشی اور جوش و خروش کی لہر دیکھی جا رہی ہے۔ پارٹی کارکنان اور حامی اس فیصلے کو تنظیمی اعتبار سے نہایت اہم قرار دے رہے ہیں۔

 

اس موقع پر بہار حکومت کے سابق وزیر اور جالے اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی جیویش کمار نے مسٹر نتن نوین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقرری ان کی طویل تنظیمی جدوجہد، محنت، تجربے اور پارٹی کے تئیں غیر متزلزل وفاداری کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں مسٹر نیتن نوین کے ساتھ بطور وزیر کام کرنے کا موقع ملا، جبکہ تقریباً ایک دہائی تک بہار اسمبلی میں بطور رکن اسمبلی ساتھ رہ کر تنظیمی اور عوامی امور میں قریبی طور پر کام کرنے کا تجربہ بھی حاصل ہوا۔ اس دوران مسٹر نیتن نوین کی قیادت کی صلاحیت، کارکنان سے مضبوط ربط اور عوامی خدمت کے جذبے کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔

 

مسٹر جیویش کمار نے اس تقرری پر وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سمیت پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مرکزی قیادت کا یہ فیصلہ پارٹی کو قومی سطح پر مزید مضبوطی عطا کرے گا۔

 

دوسری جانب بہار حکومت کے سابق وزیر اور دربھنگہ نگر اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی سنجے سراوگی کو بھارتیہ جنتا پارٹی کا بہار پردیش صدر بنائے جانے پر بھی سیاسی اور سماجی حلقوں میں خوشی کا اظہار کیا گیا۔ آل انڈیا پسماندہ مسلم محاذ، بہار پردیش کے صدر توقیر احمد نے بھی سنجے سراوگی کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں این ڈی اے کو مزید تقویت ملے گی اور وزیر اعلیٰ مسٹر نتیش کمار کے ساتھ تال میل کے ذریعے ترقیاتی کاموں کا سلسلہ آئندہ بھی پوری رفتار سے جاری رہے گی ۔ان رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ قومی اور صوبائی سطح پر نئی ذمہ داریوں کے ساتھ بھارتیہ جنتا پارٹی تنظیمی طور پر مزید مستحکم ہوگی اور وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کی قیادت میں ترقی یافتہ بھارت کے عزم کو نئی توانائی اور رفتار حاصل ہوگی۔

Comments are closed.