مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

 

اے ایم یو کے طالب علم کا بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لئے انتخاب

 

علی گڑھ، 16 دسمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ ابلاغ عامہ کے پوسٹ گریجویٹ طالب علم مسٹر نوید عالم کو تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں تحقیقی مقالہ پیش کرنے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ان کے مقالے کا عنوان ہے ”انٹیگریٹنگ اے آئی اینڈ ایڈیپٹیو لرننگ اِن اسلامک ایجوکیشن: ایتھیکل پرسپیکٹیوز فار دی ڈیجیٹل ایرا 5.0“، جسے وہ 18 تا 19 دسمبر بینکاک میں منعقدہونے والی انٹرنیشنل حلال سائنس اینڈ ٹکنالوجی کانفرنس میں پیش کریں گے۔کانفرنس کا اہتمام حلال سائنس سینٹر، چولالونگ کورن یونیورسٹی، تھائی لینڈ نے کیا ہے۔

 

شعبہ ابلاغ عامہ کی چیئرپرسن پروفیسر آفرینہ رضوی نے نوید عالم کو اس دستیابی پر مبارکباد پیش کی۔

 

٭٭٭٭٭

 

اے ایم یو کے شعبہ معالجات میں سابق چیئرپرسن پروفیسر مصباح الدین صدیقی کی تعزیت میں نشست منعقد

 

علی گڑھ، 16 دسمبر: فیکلٹی آف یونانی میڈیسن، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ معالجات کے سابق استاد اور شعبہ کے سابق چیئرپرسن پروفیسر مصباح الدین صدیقی کے انتقال پر ایک تعزیتی نشست منعقد کی گئی، جس میں فیکلٹی اراکین، پوسٹ گریجویٹ طلبہ اور غیر تدریسی عملے کے اراکین نے شرکت کی اور مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے شعبہ معالجات کے چیئرپرسن پروفیسر بدرالدجیٰ خان اور شعبہ علاج بالتدبیر کے سابق چیئرپرسن پروفیسر محمد انور نے یونانی طب کے فروغ میں پروفیسر صدیقی کی نمایاں خدمات، تدریس سے ان کی گہری وابستگی، بہترین طبی بصیرت اور ان کی ہمہ گیر و متاثرکن شخصیت کو یاد کیا۔

 

پروفیسر بدرالدجیٰ خان نے سوگوار کنبہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اس کٹھن گھڑی میں پورا شعبہ ان کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ تعزیتی نشست میں مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔

 

٭٭٭٭٭

 

اے ایم یو کے ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج میں ڈینٹل صحت میلہ کا اہتمام

 

علی گڑھ، 16 دسمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ڈاکٹر ضیاء ا لدین احمد ڈینٹل کالج میں ڈینٹل صحت میلہ منعقد کیا گیا، جس کا مقصد اسکولی بچوں میں منھ اور دانتوں کی صحت سے متعلق آگہی پیدا کرنا اور منھ کی صفائی کے تئیں ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنا تھا۔ یہ پروگرام پروفیسر سندھیا مہیشوری کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں طلبہ اور اساتذہ نے شرکت کی۔

 

اس موقع پر”میری اورل ہیلتھ: میرا حق، میری ذمہ داری”کے عنوان پر پوسٹر پینٹنگ اور سلوگن رائٹنگ کے مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں اے ایم یو کے اسکولوں کے ساتھ ہی باہر کے اسکولی طلبہ نے بھی شرکت کی۔ کامیاب طلبہ کو اسناد سے نوازا گیا۔ زیادہ شرکت اور مجموعی طور پر زیادہ اسکور حاصل کرنے پر ایس ٹی ایس منٹو سرکل اسکول کو بہترین اسکول کا ایوارڈ دیا گیا۔

 

سلوگن رائٹنگ مقابلہ (جماعت ششم تا دہم) میں اے بی کے گرلز اسکول کی طالبہ ادیبہ نے اول انعام، عدیفہ نے دوم اور آیوشی کماری نے سوم انعام حاصل کیا۔ پوسٹر سازی مقابلہ (جماعت ششم تا دہم) میں طلحہ خان (اے بی کے بوائز اسکول) اول، انوشکا شرما (اے ایم یو گرلز ہائی اسکول) دوم اور وویک کمار (ایس ٹی ایس اسکول) سوم رہے۔ پوسٹر سازی مقابلہ (جماعت اول تا پنجم) میں سمر شرما (اے بی کے بوائز اسکول) نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ تنمے چودھری اور شوبھت کمار (دونوں ایس ٹی ایس اسکول) بالترتیب دوسرے اور تیسرے مقام پر رہے۔

 

تقریب تقسیم انعامات کے بعد طلبہ کو ڈینٹل کالج کے مختلف شعبوں اور ڈینٹل ہیلتھ میلہ کے اسٹالز کا دورہ کرایا گیا، جہاں انہیں ڈینٹسٹری کی بنیادی معلومات فراہم کی گئیں۔

 

کالج کے پرنسپل پروفیسر آر کے تیواری نے پروگرام کی رہنمائی اور سرپرستی کی۔ اس میلے کا اہتمام ڈینٹل ہیلتھ میلہ کمیٹی نے کیا تھا جس میں پروفیسر صائمہ یونس خان، پروفیسر نیہا اگروال، ڈاکٹر ارباب انجم، ڈاکٹر جوہی گپتا، ڈاکٹر سید امان علی، ڈاکٹر عاطف اور ڈاکٹر فائزہ شامل تھے۔

 

٭٭٭٭٭

 

اے ایم یو کے سید حامد اسکول نے انٹراسکول فٹبال ٹورنامنٹ جیتا

 

علی گڑھ، 16 دسمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول نے اقرا پبلک اسکول کے زیر اہتمام 10 تا 12 دسمبر منعقدہ انٹراسکول فٹبال ٹورنامنٹ کا خطاب اپنے نام کیا۔ ٹورنامنٹ میں اے ایم یو کے مختلف اسکولوں کے علاوہ ضلع علی گڑھ کے تقریباً ایک درجن اسکولوں نے شرکت کی۔

 

سید حامد اسکول کی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی اور اپنے تمام چار میچ واضح برتری کے ساتھ جیتے۔ سید حامد اسکول نے اپنے مہم کا آغاز ایس ٹی ایس کے خلاف 1-0 کی فتح سے کیا، جس کے بعد عائشہ ترین اسکول کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کی۔ سینٹ فیڈیلس اسکول کے خلاف مقابلہ مقررہ وقت تک بغیر کسی گول کے ڈرا رہا جس کے بعد سید حامد اسکول نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں کامیابی حاصل کی۔ فائنل میچ میں سید حامد اسکول نے ایم یو کالج پر مکمل غلبہ حاصل کرتے ہوئے 3-0 سے فیصلہ کن فتح درج کی اور چیمپئن شپ اپنے نام کی۔

 

ٹورنامنٹ کی افتتاحی اور اختتامی تقریبات میں ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر مینک پاٹھک، اسکول مینیجر پروفیسر امان اللہ خان، سکریٹری پروفیسر نسیم احمد خان اور مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین پروفیسر ادیب عالم اور پروفیسر معراج خالد نے شرکت کی۔

 

پروفیسر امان اللہ خان، پروفیسر معراج خالد، اے ایس پی مینک پاٹھک، پروفیسر نسیم احمد خان، پروفیسر بی بی سنگھ، پروفیسر خالد عظیم، ڈاکٹر ثمینہ خان اور محترمہ فاطمہ ارم نے کھلاڑیوں کو ٹرافیاں، تمغے اور اسناد پیش کیں۔ قائم مقام پرنسپل جناب صباح الدین نے کامیاب ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کوچز کی محنت اور رہنمائی کو سراہا۔

 

٭٭٭٭٭

 

اے ایم یو میں پریسیژن کینسر میڈیسن پر پانچ روزہ گیان پروگرام کا آغاز

 

علی گڑھ، 16 دسمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈٹکنالوجی کے تحت انٹرڈسپلنری نینو ٹکنالوجی سینٹر کے زیر اہتمام پانچ روزہ گلوبل انیشیئیٹیو آف اکیڈمک نیٹ ورکس (گیان) پروگرام کے افتتاحی اجلاس میں بحیثیت مہمان خصوصی کلیدی خطبہ دیتے ہوئے جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کی فیکلٹی آف لائف سائنسز کے ڈین پروفیسر زاہد اشرف نے کہا کہ پریسیژن میڈیسن کا انحصار درست وقت پر درست بایومارکرز کی نشاندہی پر ہے۔ ”فائنڈنگ کینسر ڈرگ ٹارگیٹس ٹو فیسیلیٹیٹ پریسیژن اینڈ پرسنلائزڈ میڈیسن“ کے عنوان پر یہ پانچ روزہ آن لائن گیان پروگرام 19 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔

 

پروفیسر زاہد اشرف نے اپنے کلیدی خطبے میں ہائپوکسیا سے پیدا ہونے والے تھرومبوٹک عوارض پر روشنی ڈالی اور دیگر متعلقہ مسائل واضح ہوئے۔ وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کی سرپرستی میں منعقد ہونے والے اس پروگرام میں ہندوستان سمیت قطر، سعودی عرب، بنگلہ دیش، برطانیہ اور ملیشیا وغیرہ سے 198 شرکاء حصہ لے رہے ہیں جو یونیورسٹیوں، تحقیقی اداروں، صنعت اور سائنسی تنظیموں سے وابستہ ہیں۔

 

اپنے خطاب میں پروفیسر نعیمہ خاتون نے کینسر ریسرچ اور پرسنلائزڈ میڈیسن کے فروغ کے لیے بین شعبہ جاتی تحقیق اور بین الاقوامی تعلیمی اشتراک و تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ گیان پروگرام جیسے پلیٹ فارم بین الاقوامی علمی تبادلے کو فروغ دینے اور نوجوان محققین کو جدید ترین تحقیقی طریق ہائے کار سے روشناس کرانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

 

یونیورسٹی آف سرے، برطانیہ سے وابستہ غیر ملکی فیکلٹی ممبر ڈاکٹر محمد عاصم نے پریسیژن میڈیسن کے فروغ کے لیے نینو ٹکنالوجی، بایومیڈیکل سائنسز اور ڈیٹا پر مبنی طریق ہائے عمل کے باہمی انضمام کی ضرورت پر زور دیا۔

 

کورس کوآرڈنیٹر ڈاکٹر محمد اظہر عزیز نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ افتتاحی تقریب کو ڈاکٹر قصید انور نے مربوط کیا، جس میں پروفیسر محمد مزمل (پرنسپل،ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی)، پروفیسر نثار احمد (ڈین، فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی)، پروفیسر ایم جے وارثی (لوکل گیان کوآرڈینیٹر) اور پروفیسر ابصار احمد (ڈائریکٹر، انٹرڈسپلینری نینو ٹکنالوجی سنٹر) نے ادارہ جاتی تعاون فراہم کیا۔ ڈاکٹر سید افضال احمد نے اظہار تشکر کیا۔

 

٭٭٭٭٭

 

اے ایم یو گرلز اسکول میں فٹ انڈیا ویک کے تحت مختلف کھیل مقابلوں کا اہتمام

 

علی گڑھ، 16 دسمبر: اے ایم یو گرلز اسکول میں فٹ انڈیا ویک 2025 کے تحت سینئر اور جونیئر سطح پر والی بال، باسکٹ بال، رسہ کشی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، یوگ، کھوکھو، کرکٹ، کبڈی اور شطرنج کے انٹرہاؤس مقابلے منعقد کئے گئے۔ پرنسپل محترمہ آمنہ ملک اور وائس پرنسپل محترمہ الکا اگروال کی نگرانی میں فٹ انڈیا ویک منایا گیا۔کھیل سرگرمیوں کی نگرانی اسپورٹس انچارج محمد وسیم احمد نے کی، جبکہ گیمز ٹیچرز شالنی چوہان اور سیما زیتون نے معاونت فراہم کی۔

 

سینئر زمرے میں بلو ہاؤس نے باسکٹ بال، رسہ کشی، کھوکھو اور کبڈی میں اول پوزیشن حاصل کی، جہاں اس نے باسکٹ بال، رسہ کشی اور کبڈی میں گرین ہاؤس کو اور کھوکھو میں ریڈ ہاؤس کو پیچھے چھوڑا۔ گرین ہاؤس نے یوگ اور کرکٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ ان مقابلوں میں ریڈ ہاؤس رنر اپ رہا۔ شطرنج میں ریڈ ہاؤس نے جیت حاصل کی اور گرین ہاؤس دوسرے نمبر پر رہا۔ ٹیبل ٹینس میں یلو ہاؤس نے پہلی پوزیشن حاصل کی اور گرین ہاؤس دوسرے مقام پر رہا۔ والی بال میں ریڈ ہاؤس نے کامیابی حاصل کی اور بلو ہاؤس رنر اپ رہا، جبکہ بیڈمنٹن میں بلو ہاؤس نے اول اور یلو ہاؤس نے دوم پوزیشن حاصل کی۔

 

جونیئر زمرے میں گرین ہاؤس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باسکٹ بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، یوگ اور کرکٹ میں کامیابی حاصل کی۔ باسکٹ بال اور بیڈمنٹن میں ریڈ ہاؤس، جبکہ ٹیبل ٹینس اور یوگ میں یلو ہاؤس رنر اپ رہے۔ کرکٹ میں یلو ہاؤس دوسرے نمبر پر رہا۔ بلو ہاؤس نے والی بال اور کبڈی میں اول پوزیشن حاصل کی، جن میں بالترتیب ریڈ ہاؤس اور گرین ہاؤس رنر اپ رہے۔ کھوکھو اور شطرنج میں ریڈ ہاؤس نے کامیابی حاصل کی، جبکہ دونوں میں گرین ہاؤس دوسرے نمبر پر رہا۔ رسہ کشی میں یلو ہاؤس نے پہلا اور ریڈ ہاؤس نے دوسرا مقام حاصل کیا۔

 

اس دوران والی بال کا خصوصی میچ بھی کھیلا گیا جس میں طلبہ کی ٹیم نے اساتذہ کو شکست دی، جبکہ کرکٹ میچ میں اساتذہ نے طلبہ کو مات دی۔ اسی طرح تدریسی اور غیر تدریسی عملے کے درمیان کھیلے گئے کرکٹ میچ میں تدریسی عملہ فاتح رہا۔

 

٭٭٭٭٭

 

اے ایم یو کے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی میں 1975 کے انجینئرنگ بیچ کی گولڈن جوبلی ری یونین تقریب

 

علی گڑھ، 16 دسمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈٹکنالوجی میں 1975 کے بی ایس سی انجینئرنگ بیچ کی گولڈن جوبلی ری یونین تقریب منعقد کی گئی، جس میں تقریباً 30 سابق طلبہ، ان کے اساتذہ، کالج کے پرنسپل اور اہل خانہ نے شرکت کی۔ اس یادگار اجتماع کا اہتمام کالج کے عملے اور 1975 کے بیچ کے اراکین نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔

 

اپنے استقبالیہ خطاب میں سابق طالب علم مسٹر مظہر علی نے بیچ کے درمیان مضبوط رفاقت کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ کئی ساتھی سعودی عرب اور کویت جیسے دور دراز ممالک سے اس تقریب میں شرکت کے لیے آئے۔ انہوں نے کالج کے ارتقائی سفر پر روشنی ڈالی، جو ابتدا میں صرف تین بنیادی شعبوں،سول، مکینیکل اور الیکٹریکل انجینئرنگ تک محدود تھا، جبکہ آج کالج کا دائرہ خاصا وسیع ہو چکا ہے۔ انہوں نے پیشہ ورانہ زندگی کی تشکیل میں ادارے کے کردار کا اعتراف کیا اور سر سید احمد خان کے وژن کو خراجِ تحسین پیش کیا جنھوں نے اس عظیم تعلیمی ادارے کی بنیاد رکھی گئی۔

 

تقریب میں سابق اساتذہ کے تاثرات اور کالج کے پرنسپل پروفیسر محمد مزمل کا خطاب بھی شامل تھا، جنہوں نے کالج کے تعلیمی اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق اہم کامیابیوں کا ذکر کیا۔ سینئر فیکلٹی ممبر پروفیسر ایس ایچ محسن، پروفیسر فرید غنی، پروفیسر طارق جیلانی، پروفیسر عارف سہیل اور پروفیسر جمیل الرحمٰن نے بیچ سے اپنی وابستگی کی یادیں تازہ کیں، جبکہ پروفیسر طارق جیلانی نے سابق طلبہ کو تعمیری سرگرمیوں میں فعال رہنے کی تلقین کی۔

 

متعدد سابق طلبہ بشمول عثمان الحق خان، ابھے گوئل، محمد سلیم، افسر امین، بشارت اللہ خان، وجے ڈھلّا، اقبال اعظم، سلمان صدیقی، ظفراللہ، حبیب خان، شرافت اللہ خان اور سید نسیم احمد نے طالب علمی کے ایام اور فراغت کے بعد کے پیشہ ورانہ تجربات بیان کیے۔ پروفیسر واسع عثمانی، پروفیسر ضیاء عباسی، اور سابق طلبہ ایم اے صدیقی، ابوالحسن خان، وقار نقوی اور بیت اللہ بھی موجود تھے۔

 

اس موقع پر مرحوم رفقاء اور اساتذہ بشمول تُہین چٹرجی، صابر علی خان اور سلیم صدیقی کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ سابق طلبہ کو یادگاری نشان بھی پیش کیے گئے۔ گولڈن جوبلی ری یونین کا اختتام کالج کے ورکشاپ، کیمپس کی دیگر عمارات اور سر سید ہاؤس کے دورے کے ساتھ ہوا، جس نے اس تقریب کو یادگاری بنادیا۔

 

؎٭٭٭٭٭

 

اے ایم یو کی فیکلٹی آف یونانی میڈیسن میں 15 روزہ پی جی اورینٹیشن پروگرام کا آغاز

 

علی گڑھ، 16 دسمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی فیکلٹی آف یونانی میڈیسن میں نو وارد پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے استقبال اور ان کی تعلیمی و پیشہ ورانہ تیاری کے مقصد سے 15 روزہ پوسٹ گریجویٹ اورینٹیشن پروگرام کا آغاز ہوا، جس میں طبی تعلیم کے شعبے کی ممتاز شخصیات شرکت کررہی ہیں۔

 

اورینٹیشن پروگرام میں اسکالرز کو پوسٹ گریجویٹ نصاب سے روشناس کرانے کے ساتھ ہی ہمہ جہت پیشہ ورانہ ترقی، شخصیت سازی، ابلاغی مہارت، پیشہ ورانہ ضابطہ اخلاق، کیمپس کی اخلاقیات اور رویے، پرزنٹیشن اسکلز اور وسیع تر سماجی مسائل سمیت متعدد موضوعات پر مبنی سیشن شامل ہیں، جن کے ذریعے پوسٹ گریجویٹ اسکالرز سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنے اختصاص کے شعبوں میں جامع بصیرت پیدا کریں گے۔

 

مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے اے ایم یو کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محسن خان نے نووارد طلبہ کو خوش آمدید کہا اور میڈیکل آفیسر کے طور پر تقرری پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ خدمت کے مواقع کو استعمال کریں اور صحت عامہ کی خدمات کو مستحکم بنانے میں فعال کردار ادا کریں۔

 

پروگرام کا آغاز پروفیسر بی ڈی خان، پرنسپل، اجمل خاں طبیہ کالج کے خطبہ استقبالیہ سے ہوا، جس میں انہوں نے حالیہ تعلیمی کامیابیوں پر روشنی ڈالی، جن میں بہار میڈیکل سروسز میں طلبہ کا انتخاب بھی شامل ہے۔ انہوں نے ادارہ جاتی خلا کو دور کرنے کی اپیل کی تاکہ اجمل خاں طبیہ کالج کو باضابطہ طور پر کیو یو آئی فریم ورک میں شامل کیا جا سکے۔

 

طلبہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے پروفیسر ایس ایم صفدر اشرف، ڈین، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن نے اپنے بصیرت افروز کلمات سے نئے بیچ کی حوصلہ افزائی کی اور سینئر عہدوں پر خدمات انجام دینے والے سابق طلبہ کی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے وزارتِ آیوش اور این سی آئی ایس ایم جیسے قومی اداروں میں اجمل خاں طبیہ کالج کے فیکلٹی ممبران کی مؤثر نمائندگی پر بھی زور دیا۔

 

مہمانِ اعزازی ڈاکٹر وسیم احمد، پرنسپل و میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ایس یو ایم سی ایچ الہ آباد نے اورینٹیشن پروگرام کو ہر میڈیکل طالب علم کے تعلیمی سفر کا ایک اہم اور فیصلہ کن مرحلہ قرار دیا۔ انہوں نے یونانی طب کی تعلیم میں اجمل خاں طبیہ کالج کے مقام و مرتبے کے مطابق اسے کیو یو آئی میں شامل کیے جانے کی اہمیت پر زور دیا۔

 

صدارتی خطاب میں حکیم مودود اشرف نے یونانی طب کی کلاسیکی کتب، بالخصوص علم الادویہ اور کلیات کی کتب کو کلینیکل پریکٹس میں اہم قرار دیا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تشخیص اور علاج کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے تجربہ کار اطباء کی رہنمائی حاصل کریں۔

 

آخر میں پروگرام کی چیف کوآرڈینیٹر پروفیسر آسیہ سلطانہ نے اظہار تشکر کیا اور فیکلٹی اراکین اور کوآرڈینیٹرز بشمول ڈاکٹر عزیز الرحمٰن اور ڈاکٹر ایس ایم احمر کی خدمات کا اعتراف کیا۔ افتتاحی نشست کی نظامت ڈاکٹر ابیہہ احمد خان نے کی۔

 

٭٭٭٭٭

 

پروفیسر یوسف الزماں خاں اے ایم یو میں یونیورسٹی گیمز کمیٹی کے سکریٹری اور کرکٹ کلب کے صدر مقرر

 

علی گڑھ، 16 دسمبر: ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈٹکنالوجی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ سے وابستہ پروفیسر یوسف الزماں خاں کو دو سال کی مدت کے لیے اے ایم یو میں یونیورسٹی گیمز کمیٹی کا سکریٹری اور کرکٹ کلب کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔

 

پروفیسر خان، جو اس وقت شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ کے چیئرمین بھی ہیں، اس سے قبل سینٹر فار بایومیڈیکل انجینئرنگ کے کوآرڈینیٹر (2018 تا 2024) کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ اے ایم یو میں متعدد اہم انتظامی عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں، جن میں کنٹرولر امتحانات اور اسسٹنٹ پراکٹر کے عہدے شامل ہیں۔ وہ ایک عمدہ کرکٹر بھی رہ چکے ہیں۔

 

آکسفورڈ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل پروفیسر خان نے فیلکس اسکالر کی حیثیت سے ڈی فل کی ڈگری حاصل کی، جبکہ الیکٹریکل انجینئرنگ میں ایم ای کی ڈگری انھوں نے یونیورسٹی آف روڑکی سے حاصل کی، جہاں انہیں یونیورسٹی میڈل سے بھی نوازا گیا۔ وہ میک گل یونیورسٹی، کینیڈا، یونیورسٹی آف ایسکس، برطانیہ اور مونٹریال نیورولوجیکل انسٹی ٹیوٹ میں بھی تدریس و تحقیق سے وابستہ رہے ہیں۔

 

٭٭٭٭٭

 

اے ایم یو وائس چانسلر نے وکٹوریہ گیٹ نرسری پر پودوں کے سیلز کاؤنٹر کا افتتاح کیا

 

علی گڑھ، 16 دسمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے شعبہ لینڈ اینڈ گارڈنز کے زیر اہتمام وکٹوریہ گیٹ نرسری کے فیض گیٹ پر پودوں کی فروخت کے ایک کاؤنٹر کا افتتاح کیا۔

 

پروفیسر نعیمہ خاتون نے اس موقع پر کہا کہ شہریوں اور کرہ ارض کی صحت کے لئے سبز مقامات کا ہوناضروری ہے۔ اس سیلز کاؤنٹر سے لوگ معیاری پودے حاصل کرسکیں گے۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ سبز بنیادی ڈھانچہ کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ماحولیات دوست عادات کو فروغ ملے۔

 

شعبہ لینڈ اینڈ گارڈنز کے ممبر انچارج پروفیسر انور شہزاد نے کہا کہ پودوں کے سیلز کاؤنٹر کا آغاز کیمپس میں سبز اقدامات کو فروغ دینے اور پائیداری کی ثقافت کو مستحکم کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ افتتاحی تقریب میں یونیورسٹی کے عہدیداران، عملہ کے اراکین اور طلبہ موجود تھے۔

Comments are closed.