جانچ ایجنسیوں کے غلط استعمال کے خلاف احتجاج کے اعلان پر کانگریس لیڈران گھر وں میں نظر بند
بی جے پی حکومت اپوزیشن کے احتجاج اورتحریکوں سے گھبرائی ہوئی ہے : کانگریس لیڈران
دیوبند،18؍ دسمبر(نامہ نگار)
مرکز کی بی جے پی حکومت کی جانب سے جانچ ایجنسیاں جیسے ای ڈی اورسی بی آئی کے غلط استعمال کی مخالفت میں کانگریس کی صوبائی قیادت کی اپیل پر بدھ کے روز بی جے پی کے دفاتر کا گھیرائو کرنے کا اعلان کیا گیا تھا ۔اس مجوزہ احتجاجات کو دیکھتے ہوئے پولیس وانتظامیہ نے احتیاط کے طورپر سخت قدم اٹھاتے ہوئے ضلع کے کئی سینئر اور معروف کانگریس لیڈران کو ان کے گھروں میں نظر بند کردیا ۔کانگریس لیڈران اور کارکنان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی یہ کارروائی جمہوری حقوق کو سلب کرنے کے مانند ہے ۔ان اقدامات کے ذریعہ اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی کو شش کی جارہی ہے ۔کانگریسی لیڈران نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت جانچ ایجنسیوں کا استعمال سیاسی ہتھیار کے طور پر کررہی ہے ۔جس کے خلاف پرامن طور سے احتجاج کیا جانا تھا ۔بی جے پی دفاتر کی گھیرا بندی کے اعلان مد نظر گذشتہ دیر رات سے ہی پولیس اور انتظامیہ پوری طرح سے سرگرم ہوگئی تھی ۔ جس کے بعد کانگریس لیڈران کی رہائش گاہوں پر بڑی تعداد میں پولیس فورس کو تعینات کرکے انہیں گھروںکے اندر ہی نظر بند کردیا گیا ۔نظر بند کئے جانے والے لیڈران میں کانگریس ِضلع صدر سندیپ رانا ،شہر صدر منیش تیاگی ،سابق ضلع صدر ،چودھری مظفر علی ،سینئر کانگریسی لیڈر اورسابق میئر سردار چرن جیت سنگھ نکو ،یوتھ سیل کے ضلع صدر گورو ورما سمیت کئی دیگر لیڈران شامل ہیں ۔اپنی نظر بندی کے دوران کانگریس لیڈران نے کہا کہ بی جے پی حکومت اپوزیشن کے عوامی احتجاجوں سے گھبرائی ہوئی ہے اوراسی وجہ سے جمہوری طریقہ سے کئے جانے والے احتجاج کو ختم کرنے کے لئے اس طرح کی کارروائی کی جارہی ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس پارٹی آئین اور جمہوریت کی حفاظت کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔وہیں دوسری جانب امن وامان قائم رکھنے کے لئے شہر کے مختلف مقامات پر پولیس فورس تعینات رہی اورکسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے انتظامیہ الرٹ نظر آئی۔
Comments are closed.