جامعہ طبیہ میڈیکل کا لج دیوبند کی جانب سے ہاشم پورہ میں میگا کیمپ کا انعقاد

میڈیکل ٹیم نے کیمپ میں آنے والے 249؍ مریضوں کی جانچ کی اور مفت دوائیں دیں : ڈاکٹر احتشام الحق صدیقی
دیوبند،18؍ دسمبر(نامہ نگار)
جامعہ طبیہ دیوبند کی جانب سے دیوبند کے قریبی گائوں ہاشم پورہ میں نسواں اور زچگی ڈیپارٹمنٹ ،علاج بالتدبیر ،جراحت اور ناک ،کان، گلے کے امراض نیز جگر وپھیپھڑوں کے امراض سے متعلق ایک عظیم الشان میڈیکل کیمپ منعقد کیا گیا ۔اس کیمپ کا افتتاح ہاشم پورہ کے پردھان عبدالستار اور جامعہ طبیہ دیوبند میڈیکل کالج کے انچارج ڈاکٹر احتشام الحق صدیقی نے مشترکہ طورپر کیا ۔کیمپ کے افتتاح کے بعد گرام پردھان عبدالستار نے کہا کہ جامعہ طبیہ میڈیکل دیوبند کی جانب سے منعقد کئے جانے والے اس فری میڈیکل کیمپ سے گائوں کے غریب اور مریض لوگوں کو کافی فائدہ پہنچے گا ۔انہوں نے کہا کہ جامعہ طبیہ دیوبند کی جانب سے دیوبند اورآس پاس کے علاقوں میں منعقد کئے جانے والے میڈیکل کیمپ سے غریب اور بے سہارا مریض مسلسل استفاد ہ کرکے صحت یاب ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جامعہ طبیہ دیوبند کی میڈیکل ٹیم کیمپ میں آنے والے مریضوں کی فزیوتھریپی امراض کی جانچ اور مفت دوائیں تقسیم کرنے کا کام کرے گی ۔ڈاکٹر احتشام الحق صدیقی نے بتایا کہ اس سے قبل بھی جامعہ طبیہ کی جانب سے اس گائوں متعدد امراض سے متعلق کیمپ لگائے جاچکے ہیں ۔اورآج اس میگاکیمپ منعقد کرکے مختلف امراض کی جانچ کی جارہی ہے ۔کیمپ کے دوران نسواں اور زچگی ڈیپارٹمنٹ کی انچارج ڈاکٹر گل افشاں فاطمہ نے 70؍ خواتین کاچیک اپ کیا ۔اسی طرح جراحت ڈیپارٹمنٹ کی ڈاکٹر عفیفہ ناز نے 52؍ مریضوں کا چیک اپ کیا ۔وہیں علاج بالتدبیر کے ماہر ڈاکٹر محمود احمد نے 85؍مریضوں کے چیک اپ اور فزیوتھریپی کی ۔اس کے علاوہ ناک ،کان ،گلے کے اسپیشلسٹ ڈاکٹر مزمل نے 42مریضوں کے چیک اپ کیا ،جبکہ تحفظی وسماجی طب کی ڈاکٹر عصمت نے تقریباً 302؍ مردوخواتین کو صحت سے متعلق جانکاری دی ۔انہوں نے حاملہ خواتین کو کھانے پینے سے متعلق ڈائٹ چارٹ کے ذریعہ سے سمجھایا ۔کیمپ میں آنے والے سبھی مریضوں کو فری دوائیں تقسیم کی گئیں ۔اس موقع پر گل محمد ،جوگیندر ،محمد ایوب ،نوید الآفاق ،آصف مکھیا ،محمد اسلام ، اقصیٰ خانم ،شبنم حسن ،فوزیہ مدثر ،حفصہ نعمان ،سلمان سیفی ،آفاق منظر ،فرحین ،منوج کمار ،مدھو رانی ،فرحہ ،شبلی اقبال عابد وغیرہ نے کیمپ کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا ۔

Comments are closed.