دارالعلوم سبیل الفلاح جالے میں نورانی قاعدہ کی تکمیل،کم سن طالب علم کے قرآنِ کریم کے باقاعدہ درس کا آغاز، اساتذۂ کرام کی دعائیں
جالے:محمد رفیع ساگر
مقامی بلاک کے تحت دارالعلوم سبیل الفلاح جالے جو آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر جالے باشندہ فقیہ العصر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کی سرپرستی اور نگرانی میں قائم ہے اپنی کم عمری کے باوجود اعلیٰ تعلیمی معیار، فکری پختگی اور مضبوط تربیتی نظام کے باعث دینی حلقوں میں نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔ اخلاص، نظم اور مسلسل محنت کے نتیجے میں یہ ادارہ عوام و خواص دونوں میں اعتماد کی علامت بنتا جا رہا ہے۔
اسی روحانی اور علمی ماحول میں 17 دسمبر ایک سعادت افزا موقع اس وقت پیش آیا جب سات سالہ طالب علم محمد ولی اللہ رحمانی نے اپنے مکرّم استاد مولانا اشفاق مظاہری پٹھریاوی کی زیرِ نگرانی نورانی قاعدہ کی کامیاب تکمیل کی اور عمّ پارہ کے ذریعے قرآنِ کریم کے باقاعدہ درس کا آغاز ہوا۔ اسی موقع پر عمّہ پارہ کے آغاز کی سعادت مولانا اسلم سبیلی سابق ناظم دارالعلوم سبیل الفلاح جالے کے دستِ مبارک سے حاصل ہوئی، جس پر اہلِ خانہ اور متعلقین نے شکر و مسرت کا اظہار کیا۔
نورانی قاعدہ کی تکمیل کے اس مسعود موقع پر ادارے کے اساتذۂ کرام مولانا عفان احمد قاسمی، قاری غفران ثاقبی، حافظ نعمت اللہ سپولوی، مولانا اشفاق ندوی اور ماسٹر سمیرو، ماسٹر شکیل شاہین نے خصوصی دعاؤں، شفقت اور حوصلہ افزا کلمات سے طالب علم کی حوصلہ افزائی کی۔ اساتذہ کی جانب سے دی گئی توجہ اور محبت نے اس تعلیمی مرحلے کو یادگار بنا دیا۔
اس موقع پر ناظمِ تعلیمات مفتی عامر مظاہری قاسمی اور دارالعلوم سبیل الفلاح کے پورے نظامِ انتظام و انصرام کی خدمات کو بھی سراہا گیا کہ جنہوں نے کم سن بچوں کی دینی و اخلاقی تربیت کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔ اہلِ علم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ یہ ادارہ قلیل مدت میں وہ تعلیمی بلندی حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے جو بعض قدیم اداروں کے لیے بھی ایک طویل سفر کے بعد ممکن ہو پاتی ہے۔
آخر میں دارالعلوم سبیل الفلاح کی مزید ترقی، اس کے تعلیمی و تربیتی مشن کی کامیابی اور یہاں زیرِ تعلیم طلبہ کے لیے علمِ نافع اور عملِ صالح کی دعائیں کی گئیں تاکہ یہ ادارہ ملت و امت کے لیے ہمیشہ باعثِ خیر بنا رہے۔
Comments are closed.