سٹی ایس پی کی جن سنواد پروگرام میں تجاوزات کے خاتمے، اراضی تنازعات اور جرائم پر قابو پانے کا مطالبہ

 

اسپتال، کھادی بھنڈار اور مچھلی منڈی سے غیر قانونی قبضہ ہٹانے کی آواز، ٹیچر قتل معاملہ کے مفرور ملزم کی گرفتاری پر بھی گفتگو

 

جالے: محمد رفیع ساگر

سٹی ایس پی اشوک کمار نے ہفتہ کے روز سنگھواڑہ تھانہ احاطہ میں منعقدہ جن سنواد پروگرام کے دوران عوامی نمائندوں، امن کمیٹی کے اراکین اور عام شہریوں سے روبرو ہو کر ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر سب سے زیادہ مسائل تجاوزات، غیر قانونی قبضوں، بڑھتے ہوئے جرائم، چوری اور اراضی تنازعات سے متعلق سامنے آئے۔

 

جن سنواد کے دوران جنتا دل یونائیٹڈ کے بلاک صدر پپو چودھری نے سنگھواڑہ کمیونٹی ہیلتھ سینٹر، کھادی بھنڈار، بٹیشورناتھ پل، مچھلی بازار اور غیر قانونی تعمیرات سے تجاوزات ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان قبضوں کی وجہ سے آئے دن جام اور عوامی پریشانی پیدا ہوتی ہے۔ چیف کونسلر سنیل بھارتی اور سابق سرپنچ نند کشور ساہ نے بھروارا بازار میں مستقل ٹیمپو اسٹینڈ کے قیام اور مرکزی سڑک سے غیر قانونی تعمیرات ہٹانے کی تجویز پیش کی۔ انجنی شاہی نے بھجورا کھادی بھنڈار کو سماج دشمن عناصر کے قبضہ سے آزاد کرانے کی مانگ رکھی۔

 

سٹی ایس پی نے واضح کیا کہ اراضی تنازعات میں پولیس کا دائرہ محدود ہوتا ہے اور ایسے معاملات میں شکایت کنندگان کو سب ڈویژنل آفیسر اور سرکل آفیسر کے ساتھ ساتھ عدالتی فورم سے رجوع کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے احکامات ملنے کے بعد پولیس قبضہ ہٹانے یا حق دلانے کی کارروائی کرتی ہے۔

 

جن سنواد میں سابق مکھیا آرتی دیوی نے بھرواڑہ نگر پنچایت میں پردھان منتری آواس یوجنا کے مستفیدین سے غیر قانونی وصولی کا معاملہ اٹھایا، جس پر جانچ کے بعد کارروائی کی یقین دہانی دی گئی۔ بھوانی پور کے مکھیا نمائندہ اشوک کمار ساہ نے بھپورا مڈل اسکول سے غیر قانونی تعمیرات ہٹانے کا مسئلہ رکھا۔ سرپنچ ونود جھا نے کلی گاؤں، کٹکا سمیت مختلف مقامات پر چوری کی وارداتوں کے انکشاف اور کارروائی کا مطالبہ کیا۔

 

سٹی ایس پی نے بھرواڑہ بازار سمیت بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا مشورہ دیا۔ اس کے ساتھ ہی سنہپور پولیس پکٹ کو فعال کرنے اور او پی تھانہ کے لئے مقام کے انتخاب کی تجویز بھی سامنے آئی، جو شنبھو ٹھاکر، چیف کونسلر سنیل بھارتی، مکھیا کمار کسلے، امرت چورسیہ اور احمد علی تمنا نے رکھی۔ بھرواڑہ بازار کی مرکزی سڑک پر لگنے والے شدید جام اور غیر قانونی طور پر کھڑی بسوں کو ہٹانے کی ہدایت بھی دی گئی۔

 

سٹی ایس پی نے کہا کہ جن سنواد پروگرام کا بنیادی مقصد عوامی مسائل کا حل ہے۔ انہوں نے تھانہ صدر بسنت کمار کو ہدایت دی کہ عوام اور پولیس کے درمیان بہتر تال میل قائم کر کے انصاف کا اعتماد پیدا کریں اور جرائم پر قابو پائیں۔ کہر کے موسم کو دیکھتے ہوئے عوام کو محتاط رہنے، رات کی گشت تیز کرنے اور چوکیداروں کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی گئی۔ سرد موسم کے باوجود تقریباً دو درجن فریادیوں نے اپنی بات رکھی۔

 

اس دوران بھرواڑہ پرانی بازار کے سونے کے تاجر سریش ٹھاکر کو گولی مار کر زخمی کرنے اور لوٹ پاٹ کے معاملہ سے متعلق درج کاند نمبر ایک سو ترپن پچیس کے ملزموں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔ وہیں مشہور استاد قتل کاند سے جڑے درج کاند نمبر ایک سو تینتیس پچیس میں مفرور ملزم کی گرفتاری اور قتل میں استعمال پستول کی برآمدگی کی مانگ متاثرہ فریق کی جانب سے وسیم احمد نے رکھی۔

موقع پر اظہار احمد منا، مرغوب علمی، دنیش یادو سمیت کئی معززین اور مقامی لوگ موجود تھے۔

Comments are closed.