برطانیہ کو دیگر یورپی ملکوں سے جوڑنے والی ٹرین ’یوروسٹار‘ بڑی خرابی کاشکار،سروس متاثر

بصیرت نیوزڈیسک
برطانیہ کو یورپ کے دیگر ملکوں سے جوڑنے والی ٹرین سروس ’یوروسٹار‘ نے بڑی خرابی پیدا ہونے کا بتاتے ہوئے مسافروں کو اپنا سفر مؤخر کرنے کے لیے کہا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کمپنی نے لندن سے آنے جانے والی سروس مکمل طور پر معطل کر دی ہے۔
یوروسٹار نے شدید تاخیر اور منسوخی سمیت ’بڑے خلل‘ کا حوالہ دیتے ہوئے مسافروں کو مشورہ دیا کہ وہ منگل کا اپنا سفر بعد کی تاریخوں تک ملتوی کر دیں۔
ٹرین آپریٹر نے اس صورتحال کی وجہ چینل ٹنل میں اوور ہیڈ پاور سپلائی میں مسئلہ اور اس کے نتیجے میں ’لی شٹل ٹرین‘ کی خرابی کو قرار دیا ہے۔
یورو اسٹار نے اپنی ویب سائٹ پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’ہم اپنے تمام مسافروں سے کہتے ہیں کہ وہ اپنا سفر کسی دوسری تاریخ تک ملتوی کریں۔‘
ٹرین چلانے والی کمپنی نے کہا کہ ’براہ کرم سٹیشن مت آئیں جب تک کہ آپ کے پاس سفر کا ٹکٹ نہ ہو۔‘
پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ہمیں افسوس ہے کہ جو ٹرینیں چل رہی ہیں وہ شدید تاخیر اور آخری لمحات میں منسوخی کا شکار ہیں۔‘
یوروسٹار کمپنی جو برطانیہ اور یورپ کے دیگر ملکوں درمیان ٹرینین چلاتی ہے، نے مسافروں پر زور دیا کہ وہ ’اپنی ٹرین کے بارے میں لائیو اپ ڈیٹس چیک کریں۔‘
یہ خلل کرسمس اور نئے سال کے درمیان انتہائی مصروف سفر کے دنوں میں پیش آیا ہے۔
یوروسٹار کمپنی لندن کے سینٹ پینکراس سٹیشن سے پیرس، برسلز اور ایمسٹرڈیم جیسے شہروں تک ٹرینیں چلاتی ہے۔
’لی شٹل‘ جنوب مشرقی انگلینڈ میں فالکسٹون اور شمالی فرانس میں کالیئس کے درمیان گاڑیوں کو لے جانے والی ٹرینیں بھی چلاتی ہے۔
گزشتہ سال یوروسٹار پر ریکارڈ 19.5 ملین مسافروں نے سفر کیا تھا جو کہ 2023 کے مقابلے میں تقریباً پانچ فیصد زیادہ ہے۔
یہ اضافہ پیرس میں اولمپکس اور پیرا اولمپکس کو دیکھنے کے لیے آنے والوں کی وجہ سے ہوا تھا۔

Comments are closed.