آل مہاراشٹر مسابقۂ قرآن میں دارالعلوم سلیمانیہ میرا روڈ کی مجموعی اعتبار سے اوّل پوزیشن، طلبہ کی نمایاں کامیابیاں

 

ممبئی(پریس ریلیز )

مالونی، ملاڈ میں جامعہ تجویدُ القرآن کے زیرِ اہتمام منعقدہ آل مہاراشٹر مسابقۂ قرآنِ کریم میں دارالعلوم سلیمانیہ، میرا روڈ نے مجموعی اعتبار سے اوّل پوزیشن حاصل کر کے مہاراشٹر کے تمام مدارس میں نمایاں مقام حاصل کیا، جب کہ ادارے کے طلبہ نے مختلف شعبہ جات میں انفرادی طور پر بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔

١١/جنوری ٢٠٢٦ بروز اتوار کو منعقد ہونے والا یہ مسابقہ ایک جامع اور ہمہ جہت دینی مقابلہ تھا، جس میں آذان، قراءت، حفظِ قرآن، مراٹھی تقریر اور خطبۂ جمعہ جیسے اہم مضامین شامل تھے۔ مسابقہ میں مہاراشٹر بھر کے ممتاز مدارس کے طلبہ نے شرکت کی، تاہم مجموعی کارکردگی کی بنیاد پر دارالعلوم سلیمانیہ نے سبقت حاصل کی۔

انفرادی نتائج کے اعتبار سے دارالعلوم سلیمانیہ کے طلبہ نے آذان اور قراءت کے مسابقات میں اوّل پوزیشن حاصل کی، جب کہ مراٹھی تقریر میں سوم اور حفظِ قرآن میں بھی سوم پوزیشن حاصل کر کے ادارے کی علمی و تربیتی محنت کو نمایاں کیا۔ ان انفرادی کامیابیوں کے مجموعی اثر نے دارالعلوم سلیمانیہ کو کل مہاراشٹر کے مدارس کے درمیان پہلی پوزیشن دلائی۔

قابلِ ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی چند روز پہلے بھیونڈی میں منعقدہ کل مہاراشٹر مسابقۂ قرآن میں دارالعلوم سلیمانیہ کے طلبہ نے حفظِ قرآن کے عظیم الشان مقابلہ میں اوّل اور سوم پوزیشن حاصل کی تھی، جو ادارے کی مسلسل اور منظم تعلیمی پیش رفت کا واضح ثبوت ہے۔

اس مجموعی کامیابی کے اعتراف میں جامعہ تجویدُ القرآن کے صدر جناب سید علی حسین صاحب کی جانب سے دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا سفیان احمد قاسمی کے ہاتھوں، مفتی سجاد صاحب قاسمی استاذ دارالعلوم وقف دیوبند، مرکز المعارف کے اساتذہ مفتی جسیم الدین صاحب، مولانا اسلم صاحب، مرکز المعارف کے نائب ڈائریکٹر مولانا عتیق صاحب اور مفتی حذیفہ ومفتی عزیز الرحمن فتحپوری اور دیگر اکابرِ علم کی موجودگی میں، دارالعلوم سلیمانیہ کو ایک لاکھ روپے بطورِ اعزاز پیش کیے گئے، جب کہ کامیاب طلبہ کو بھی انعامات اور اسناد سے نوازا گیا۔

اسی موقع پر دارالعلوم سلیمانیہ کے بانی و مہتمم مولانا نذیر احمد ندوی کی علمی و تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں اعزازی ایوارڈ اور نقد ٢٥/ روپے انعام سے بھی نوازا گیا۔

علمی و دینی حلقوں نے دارالعلوم سلیمانیہ کی اس کامیابی کو ادارے کے مضبوط تعلیمی نظم، مخلصانہ قرآنی خدمات اور روشن مستقبل کی علامت قرار دیا ہے۔

Comments are closed.