ڈاکٹر منظور عالم صاحب کی رحلت سے ملت ایک عظیم مفکر و دانشور سے محروم ہوگئی
آل انڈیا ملی کونسل مشرقی اترپردیش کے ذمہ داران کی دعائیہ نشست میں رنج و غم کا اظہار
لکھنؤ/ آل انڈیا ملی کونسل کے قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر منظور عالم صاحب کے سانحۂ ارتحال پر کونسل کے مشرقی اتر پردیش کے ذمہ داران کی ایک دعائیہ نشست اسلامیہ کالج لالباغ میں کونسل کے ریاستی صدر جناب مسعود عالم جیلانی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ جسمیں کونسل کے ریاستی جنرل سکریٹری مولانا نجیب الرحمان ململی ندوی نے قومی جنرل سکریٹری کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے انکے انتقال کو ملت کیلئے ایک عظیم خسارہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر صاحب بیش بہا خوبیوں اور اوصاف و کمالات کے حامل تھے۔ انہوں نے ایک طرف انسٹیٹیوٹ آف آبجیکٹو اسٹڈیز قائم کرکے ملت کو ایک عظیم علمی ذخیرہ فراہم کردیا۔ اور علمی و فکری کام کرنے والوں کو ایک جہت دی۔ اور کام کے بہترین مواقع فراہم کئے۔ دوسری جانب آل انڈیا ملی کونسل کے پلیٹ فارم سے تقریبا ربع صدی سے زائد سے ملی و سماجی کام کرنے والوں کی ملک گیر سطح پر ایک بہت بڑی ٹیم کھڑی کرکے ملت کے قیمتی سرمایہ کو ایک پلیٹ فارم پر لاکر کھڑا کردیا۔
جناب مسعود جیلانی صاحب نے ڈاکٹر منظور صاحب کی جناب ظفریاب جیلانی صاحب مرحوم کے ساتھ دیرینہ تعلقات اور ملی کاموں کے سلسلہ میں دونوں کی فکر مندی پر روشنی ڈالی۔
کونسل کے ریاستی اسسٹنٹ جنرل سکریٹری جناب امیر خالد خان صاحب نے ڈاکٹر منظور عالم صاحب کی آل انڈیا مسلم پرسنل بورڈ اور دیگر ملی و فلاحی اداروں کے لئے فکرمندی اور اتحاد ملت کیلئے انکے سوز و درد کا اظہار کیا۔
کونسل کے ریاستی خازن جناب طارق حسین صاحب نے ملی کونسل کے اولین دور میں اپنے والد جناب حاجی نفیس صاحب مرحوم کے ساتھ قاضی مجاہدالاسلام قاسمی صاحب رح اور ڈاکٹر منظور عالم صاحب کی ملت کیلئے فکرمندی اور جد و جہد کا ذکر کیا۔
اس موقع پر یہ فیصلہ لیا گیا کہ قریبی دنوں میں ڈاکٹر منظور صاحب کی زندگی کے مختلف گوشوں پر تفصیل سے روشنی ڈالنے، انکی ملی و سماجی خدمات کو یاد کرنے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جلد ہی شہر لکھنؤ میں ایک بڑے پیمانہ پر اجلاس منعقد کیا جائیگا۔ جسمیں اہل علم۔ دانشوران اور سماجی و ملی کاموں میں سرگرم اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ شہر کی اہم ملی و دینی شخصیات سے وقت لیکر جلد ہی ان شاءاللہ تاریخ اور جگہ کا اعلان کیا جائیگا۔
آخر میں تمام حاضرین نے مرحوم کیلئے ایصال ثواب اور پسماندگان و متعلقین کیلئے صبر جمیل کی دعاء کی۔
Comments are closed.