منریگا سے سازش کے تحت مہاتما گاندھی کا نام ہٹایا گیا: ریاستی کانگریس صدر
پیغمبرپور میں منریگا بچاؤ چوپال، مرکز و ریاستی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف زبردست احتجاج
جالے(محمد رفیع ساگر)
سنگھواڑہ بلاک کے کٹاسا پنچایت کے پیغمبرپور گاؤں میں کانگریس کی جانب سے منعقد منریگا بچاؤ سنگرام چوپال کے دوران مرکز اور ریاستی حکومت کے خلاف شدید ناراضگی کا اظہار کیا گیا۔ چوپال میں بڑی تعداد میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور جاب کارڈ دھارکوں نے شرکت کی اور منریگا کو کمزور کرنے کے مبینہ اقدامات پر حکومت کو ہدفِ تنقید بنایا۔
اس موقع پر کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری و تنظیمی انچارج کرشنا الوارو نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی مرکز اور ریاستی حکومتیں منریگا کو بتدریج کمزور بنا کر ملک کے محنت کش طبقے کو روزگار سے محروم کرنا چاہتی ہیں، جبکہ کانگریس مزدوروں اور غریبوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سڑک سے لے کر ایوان تک مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔
ریاستی کانگریس صدر راجیش رام نے کہا کہ منریگا غریبوں کے لیے ایک مضبوط حفاظتی حصار تھا، مگر موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث یہ اسکیم جاب کارڈ دھارکوں کے لیے دن بہ دن کمزور ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی کے گرام سوراج کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے مقصد سے یو پی اے حکومت کے دور میں وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت میں منریگا جیسی اہم اسکیم وجود میں آئی تھی، جس کا مقصد گرام پنچایتوں میں روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور مزدوری کی ضمانت دینا تھا۔ انہوں نے منریگا کو غریبوں، مزدوروں اور کسانوں کے لیے زندگی کی لکیر قرار دیا۔
ریاستی صدر نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت اس اسکیم کو کمزور کر کے سرمایہ داروں کے مفاد میں کام کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منریگا اب محض ایک اسکیم نہیں بلکہ ایک مشن ہے، مگر سازش کے تحت اس سے مہاتما گاندھی کا نام ہٹا دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں رہ کر گاندھی کا نام تو ہٹایا جا سکتا ہے، مگر ان کے افکار اور اصولوں کو کبھی ختم نہیں کیا جا سکتا۔
سابق رکن اسمبلی رشی مشرا نے کہا کہ حکومت ایک غلط ذہنیت کے تحت گاندھی کے نام اور ان کی فکر کی مخالفت کر رہی ہے، جبکہ منریگا جیسی اسکیموں کے ذریعے دیہی علاقوں کی ہمہ جہت ترقی ممکن تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت اس اسکیم کو سرمایہ داروں کے ہاتھوں سونپنے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے۔
چوپال کی صدارت اقلیتی سیل کے ریاستی جنرل سکریٹری حامد مظفر چاند نے کی، جنہوں نے مہمانانِ خصوصی کو پگڑی اور چادر پیش کر کے اعزاز بخشا، جبکہ پروگرام کی نظامت یوتھ کانگریس کے ریاستی جنرل سکریٹری سید تنویر انور نے انجام دی۔ اس موقع پر قانون ساز کونسل کے رکن ڈاکٹر مدن موہن جھا، ضلع صدر دیانند پاسوان، حسیب انور، ڈاکٹر امتیاز نورانی، منوج مشرا، رامانند کمار، ڈاکٹر فیروز عالم، نوشاد عالم، رام پکار چودھری، انیکیت مشرا، ناصر علی، جمال حسن اور سید احمد سمیت متعدد کانگریس رہنما موجود تھے۔
ادھر چوپال کے دوران مظفرپور کے سکرا علاقے کی جاب کارڈ دھارک خاتون ماہیشوری دیوی اور گائے گھاٹ کی چینا دیوی نے منریگا کے حق میں لوک گیت پیش کر کے بی جے پی کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کیا، جبکہ وارڈ رکن بالا چوپال نے مختلف سرکاری منصوبوں کے نفاذ میں پائی جانے والی بے ضابطگیوں کو اجاگر کرتے ہوئے عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔
Comments are closed.