تلک،جہیزاوربارات غیراسلامی رسم ورواج ہیں مسلمان ان سے بچیں: احمدحسین قاسمی
ضلع بھاگلپور کے کوروڈیہ میں منعقد اجلاس عام سے امارت شرعیہ کے علماء کا دعوتی و اصلاحی خطاب
بھاگلپور 27/جنوری(پریس ریلیز)
مسلمانوں کو ہر حال میں اللہ کے احکام اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت پر عمل کرنا چاہیے، یہ بات ہرمسلمان کے ذہن میں رہنی چاہیے کہ عقائد، عبادات، معاملات، معاشرت اور اخلاقیات کے تمام شعبوں میں اسلامی احکام کی پیروی ہی ہمارے لیے ذریعہ نجات ہے، دنیاوی تمام مسائل کا حل اللہ نے دین پر عمل کرنے میں رکھا ہے، مسلمان جہاں اللہ کی عبادات بجا لائیں؛ وہیں اپنی معاشرت کو بھی قرآنی آیات کی روشنی میں درست کریں، تلک ،جہیزاور بارات سراسر غیر اسلامی رسم و رواج ہیں؛ مسلمانوں کو ان سے پرہیز کرنا چاہیے اور سادگی کے ساتھ نکاح کےمقدس عمل کو خانہ خدا میں انجام دینا چاہیے، مذکورہ باتیں امارت شرعیہ کے معاون ناظم اور اس وفد کے قائدجناب مولانا احمدحسین قاسمی مدنی نے کوروڈیہ میں منعقد امارت شرعیہ کےاجلاس عام سے اپنے صدارتی خطاب کے دوران کہیں۔
انہوں نے امارت شرعیہ کا قیمتی پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ دینی مکاتب کا نظام نئی نسلوں کے ایمان کے تحفظ کا آج سب سے مضبوط ذریعہ ہے، اسے ہر آبادی کی سطح پر قائم کیا جائے اور دوسری جانب مسلم بچیوں کو ارتداد سے بچانے اوران کے دین و ایمان کی حفاظت کے لیے بھی ہر آبادی میں دینی وتربیتی اجتماع کا نظام قائم کیا جائے، موصوف نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے حالات کے پیش نظر امارت شرعیہ جیسی منظم اورشرعی تنظیم سے اپنے رشتے کو مضبوط رکھنا نہایت ضروری ہے۔
وہیں اس موقع پر مفتی محمد عقیل اختر قاسمی دارالافتاء امارت شرعیہ اور جناب مولانا عبد الحیی زاہدقاسمی استاذ دارالعلوم الاسلامیہ نے اپنے مشترکہ بیان میں قیام امارت شرعیہ کی تاریخ اور اس کے مقاصد کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ امارت شرعیہ کا قیام اس لئے ہوا تاکہ مسلمان ایک امت ایک جماعت بن کر زندگی گزارےاور اپنے معاملات میں اس ادارے سےشرعی رہنمائی حاصل کرکے اس کو اپنی زندگی میں نافذ کرسکے ، انھوں نے مزید کہا کہ امارت شرعیہ ابتداء قیام سے آج تک ملت کی مضبوط قیادت کررہی ہے ، جب بھی ملت پر مشکل حالات آئے، امارت شرعیہ نے اس کے حل کے لیے مضبوط اقدام کیا۔انھوں نے کہا کہ معاشرہ میں بہنوں اور بیٹیوں کو میراث میں حصہ نہ دینے کا رجحان آئے دن بڑھتا جارہا ہے امارت شرعیہ کا پیغام ہے کہ ہمارے سماج کاہر باشعور فرد اپنے خاندان میں بیٹیوں کو میراث دینےکی تحریک چلائے۔
واضح رہے کہ یہ دورہ حضرت امیر شریعت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہم کی ہدایت پر جاری ہے اور جناب مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی ناظم امارت شرعیہ ارکان وفد سے رابطے میں ہیں ۔
وفد امارت شرعیہ کے پروگرام اب تک جن مقامات پرہویے ہیں ان میں، پتھنہ، گرہوتیہ، چکدریا، سجاد نگر امارت کالونی،ڈہرپور،بدلوچک،کوروڈیہ،میرنچک اوراستوکےنام قابل ذکر ہیں ۔
اجلاس کاآغاز جناب مولانا نقی امام مظاہری مبلغ امارت شرعیہ کی تلاوت قرآن کریم سے ہواجبکہ نظامت کے فرائض جناب مولانا مفتی مجاہد اللہ قاسمی مبلغ امارت شرعیہ نےانجام دیےاور قایدوفدجناب مولانا احمد حسین قاسمی مدنی کی دعاء پر اجلاس اختتام پذیر ہوا ۔
پروگرام کی کامیابی میں مقامی ذمہ داران کے علاوہ مذکورہ مبلغین اورجناب مولانا سرفراز قاسمی صاحب مبلغ امارت شرعیہ کانمایاں کردار رہا۔
Comments are closed.