دانشورانِ ملت کا موجودہ حالات پر غور و خوض،جمعیۃعلماء ہند ضلع کاماریڈی کا مشاورتی اجلاس
کاماریڈی(پریس ریلیز)
جمعیت علماء ہند ضلع کاماریڈی کے زیرِ اہتمام ایک اہم مشاورتی اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں دفترِ جمعیت علماء ہند ضلع کاماریڈی میں ایک اہم مشاورتی میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں موجودہ دینی، سماجی اور ملی حالات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ میں متفقہ طور پر یہ طے پایا کہ ملتِ اسلامیہ کے باشعور، سنجیدہ اور ذمہ دار افراد پر مشتمل ایک جامع اور بامقصد اجلاس منعقد کیا جائے، تاکہ ملت کو درپیش اہم مسائل پر سنجیدہ غور و خوض کرتے ہوئے آئندہ کے لیے مؤثر اور عملی لائحۂ عمل مرتب کیا جا سکے۔
یہ اجلاس 8 رجب المرجب 1447ھ مطابق 28 جنوری 2026ء، بروز چہارشنبہ، رات 7:00 بجے بمقام دفتر جمعیت علماء ہند ضلع کاماریڈی منعقد ہوگا۔
اجلاس کے ایجنڈے میں موجودہ حالات کے تناظر میں اہم دینی و سماجی امور بالخصوص ایس آئی آر (SIR) سے متعلق شعور بیداری اور رہنمائی سنٹرس کے قیام پر مشاورت، استقبالِ رمضان المبارک کے پروگرام کی تیاری، ماہِ رمضان میں دروسِ قرآن و حدیث کے منظم اہتمام، خدمتِ خلق سے متعلق منصوبہ بندی، اور امامِ حرم کی آمد پر استقبال و دعوت کے انتظامات شامل ہیں۔
اس مشاورتی میٹنگ کی صدارت حافظ محمد فہیم الدین منیری (صدر جمعیت علماء ہند ضلع کاماریڈی) نے فرمائی۔ اس موقع پر حافظ محمد یوسف حلیمی، مولانا منظور مظاہری، مولانا نظر الحق قاسمی، الحاج محمد مقیم، جناب عبدالرزاق، محمد فیروز الدین (پریس سیکریٹری، جمعیت علماء ہند ضلع کاماریڈی)، حافظ محمد عبدالواجد حلیمی حافظ ناصر، حافظ محمد مجاہد منہاجی، مولانا شعیب خان قاسمی، حافظ عمران، حافظ عبدالعلیم، حافظ شاہنواز اور دیگر ذمہ دارانِ جمعیت نے شرکت کی۔
آخر میں ذمہ دارانِ جمعیت نے ملت کے تمام باشعور، سنجیدہ اور متعلقہ حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم مشاورتی اجلاس میں بروقت اور بھرپور شرکت فرما کر اسے بامقصد اور کامیاب بنانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
مزید معلومات کے لیے رابطہ:
9848787553
Comments are closed.