مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

 

اے ایم یو کی فیکلٹی ممبر نے پیتھالوجی کانفرنس میں سافٹ ٹشو ٹیومر پر لیکچر دیا

 

علی گڑھ، 28 جنوری: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ پیتھالوجی کی چیئرپرسن پروفیسر نشاط افروز نے گجرات کے شہر احمد آباد میں منعقدہ پیتھالوجی کانفرنس میں ”سافٹ ٹشو ٹیومرز پر ڈبلیو ایچ او کی حالیہ پیش رفت“کے موضوع پر بطور مہمان خصوصی لیکچر دیا۔ یہ کانفرنس گجرات ایسوسی ایشن آف پیتھالوجسٹس اینڈ مائیکروبایولوجسٹس اور انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کی گجرات شاخ کے اشتراک سے، انڈین ایسوسی ایشن آف پیتھالوجسٹس اینڈ مائیکروبایولوجسٹس کی سرپرستی میں منعقد کی گئی۔

 

اپنے لیکچر میں پروفیسر افروز نے بچوں اور بالغ مریضوں دونوں میں سافٹ ٹشو ٹیومرز کی درجہ بندی اور ان کی بدلتی ہوئی تفہیم سے متعلق عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) کی تازہ ترین معلومات کی تفصیل سے وضاحت کی۔ انہوں نے درست تشخیص کے لیے ریڈیالوجیکل نتائج، ہسٹومارفولوجیکل خصوصیات، امیونوہسٹوکیمسٹری اور انفرادی ٹیومرز کی مالیکیولر جینیٹکس کو یکجا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

 

ملٹی ڈسپلنری طریقہ کار کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ درست تشخیص علاج کی موزوں ترین حکمت عملی کے انتخاب اور مریضوں کی صحت یابی کی شرح کو بہتر بنانے میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ پروفیسر افروز نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پریسیژن میڈیسن کے موجودہ دور میں سافٹ ٹشو پیتھالوجی میں حالیہ تشخیصی پیش رفت سے واقفیت اور ان کا عملی اطلاق غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

اے ایم یو کے دواخانہ طبیہ کالج نے یونانی صحت خدمات تک رسائی بڑھانے کے لیے ویلنیس کلینک کا آغاز کیا

 

علی گڑھ، 28 جنوری: یومِ جمہوریہ کے موقع پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے دواخانہ طبیہ کالج نے سر شاہ سلیمان ہال کے بالمقابل واقع ریٹیل سیلز آؤٹ لیٹ ”علاجِ کامل“ میں ویلنیس کلینک کا افتتاح کیا، جس کا مقصد معاشرے کے تمام طبقات کے لیے یونانی نظام علاج کی سہولیات کو قابل رسائی بنانا ہے۔

 

کلینک کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان، رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر اوردواخانہ طبیہ کالج کے ممبر انچارج پروفیسر ریاض احمد کی موجودگی میں کیا۔

 

اس موقع پر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا کہ یہ اقدام کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور ملک کے متمول یونانی طبی ورثے کے فروغ کے لیے اے ایم یو کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ مستند معالجین کے ذریعے مفت مشاورت فراہم کر کے یونیورسٹی، کفایتی صحت خدمات کی سمت ایک بامعنی قدم اٹھا رہی ہے۔

 

پروفیسر ریاض احمد نے بتایا کہ یہ کلینک شام کے اوقات میں آیوش کے رہنما اصولوں کے مطابق مستند اور تجربہ کار حکماء کے ذریعہ ضرورتمندوں کو یونانی طبی علاج فراہم کرے گی۔ اس اقدام کا مقصد رجسٹرڈ یونانی معالجین کے ذریعے مفت پیشہ ورانہ مشاورت فراہم کرنا، یونانی ادویات کے اخلاقی اور معقول استعمال کو فروغ دینا، علاج کے روایتی نظاموں پر عوامی اعتماد کو مستحکم کرنا، صحت خدمات کو کمیونٹی فلاح سے مربوط کرنا اوردواخانہ طبیہ کالج کی ادویات پر اعتماد میں اضافہ کرنا ہے۔ دواخانہ طبیہ کالج کے پروڈکشن ڈویژن سے وابستہ حکیم عبداللہ اور حکیم شمع خانم،کلینک میں طبی خدمات فراہم کریں گے۔

 

دواخانہ طبیہ کالج کے قائم مقام جنرل منیجر مسٹر محمد شارق اعظم نے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ایم اطہر انصاری، پروفیسر ایم وسیم علی، پروفیسر وبھا شرما، پروفیسر نفیس احمد خان، پروفیسر صفدر اشرف، پروفیسر آسیہ چودھری، پروفیسر عروس الیاس، پروفیسر محمد راشد، پروفیسر محمد طارق، پروفیسر انور شہزاد اور دیگر معززین موجود تھے۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

اے ایم یو کے شعبہ نسواں و قبالت میں سروائیکل کینسر آگہی ماہ کے تحت جانچ اور بیداری مہم کا اہتمام

 

علی گڑھ، 28 جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے شعبہ نسواں و قبالت میں یکم جنوری سے سروائیکل کینسر بیداری ماہ منایا جا رہا ہے، جو سروائیکل کینسر کی بروقت تشخیص اور روک تھام کے فروغ کے لیے جاری عالمی مہم کے مطابق ہے۔

 

شعبہ نے اس دوران بیداری اور اسکریننگ کی سرگرمیوں کا اہتمام کیا، جس کے تحت مریضوں کی وسیع پیمانے پر کاؤنسلنگ اور سروائیکل کینسر کی جانچ معیاری اور شواہد پر مبنی طریقوں سے کی گئی، جن میں ویژول انسپیکشن وِد لوگولز آئیوڈین (وی آئی ایل آئی)، ویژول انسپیکشن وِد ایسیٹک ایسڈ (وی آئی اے)، پیپ اسمئیر اور ایچ پی وی ڈی این اے ٹیسٹنگ شامل تھے۔

 

شعبہ نسواں و قبالت کے او پی ڈی نمبر 4 میں ڈاکٹر ابیحہ احمد خان کی نگرانی میں سروائیکل کینسر کی اسکریننگ اور کاؤنسلنگ کے لیے مفت طبی کیمپ منعقد کیا گیاجو بالخصوص 18 سے 60 سال کی شادی شدہ خواتین کے لیے تھا۔ اسکریننگ کے ساتھ ساتھ مریضوں کی انفرادی کاؤنسلنگ بھی کی گئی اور انہیں اپنے محلوں اور کنبوں میں سروائیکل کینسر اسکریننگ کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی ترغیب دی گئی۔

 

یہ پروگرام شعبہ کی سربراہ پروفیسر صبوحی مصطفیٰ کی نگرانی میں منعقد کیا گیا۔ فیکلٹی ممبران پروفیسر سیدہ آمنہ ناز اور ڈاکٹر فہمیدہ زینت نے کامیابی سے کیمپ کا اہتمام کیا۔ ان اقدامات کے ذریعے شعبہ نسواں و قبالت نے خواتین کی صحت نگہداشت کے تئیں اپنے عزم کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ بروقت اسکریننگ اور آگہی کے ذریعے سروائیکل کینسر کے بوجھ کو کم کیا جا سکتا ہے اور خواتین کے معیارزندگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

’وندے ماترم‘ کے 150 برس مکمل ہونے پر اے ایم یو کی جانب سے مضمون نویسی مقابلہ منعقد

 

علی گڑھ، 28 جنوری: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن نے اربن ہیلتھ ٹریننگ سینٹر (یو ایچ ٹی سی) میں ”وندے ماترم: قومی یکجہتی، حب الوطنی اور قوم کی تعمیر“ موضوع پر ایک مضمون نویسی مقابلہ منعقد کیا۔ یہ پروگرام ملک کے قومی نغمہ ’وندے ماترم‘ کے 150 برس مکمل ہونے کی مناسبت سے منعقد کیا گیا، جس کا ہدف طلبہ اور نوجوان پیشہ وروں میں حب الوطنی، قومی اتحاد اور ثقافتی شعور کو فروغ دینا تھا۔

 

شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی چیئرپرسن پروفیسر عظمیٰ ارم کی رہنمائی اور ڈاکٹر علی جعفر عابدی، میڈیکل آفیسر انچارج اور ڈاکٹر صبوحی افضل، لیڈی میڈیکل آفیسر انچارج کی نگرانی میں منعقدہ اس مقابلے میں شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے ایم بی بی ایس طلبہ، انٹرنز، فیکلٹی ممبران اور ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے شرکت کی۔

 

شرکاء نے اپنے مضامین میں وندے ماترم کی تاریخی اہمیت، ملک کی جدوجہد آزادی میں اس کے کردار، کثرت میں وحدت، قومی یکجہتی کے نظریات اور عصرحاضر میں اس کی معنویت کو اجاگر کیا۔ مضامین کی جانچ فیکلٹی ممبران اور ڈاکٹر شائستہ پروین (سینئر ریزیڈنٹ) نے کی۔ مقابلہ میں ڈاکٹر شفا خان نے پہلا انعام اور ڈاکٹر سید ابو نُمیر کو دوسرا انعام حاصل کیا۔ پروگرام کی رپورٹ ڈاکٹر سوریہ پرکاش ریڈی (جے آر2) نے پیش کی۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

کیمپس پلیسمنٹ مہم میں ایل اینڈ ٹی کمپنی نے اے ایم یو کے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے 17 طلبہ کو منتخب کیا

 

علی گڑھ، 28 جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے سال 2026 میں فارغ التحصیل 17 طلبہ کو لارسن اینڈ ٹوبرو لمیٹڈ (ایل اینڈ ٹی)، ممبئی نے کیمپس پلیسمنٹ مہم کے ذریعہ ملازمت کے لئے منتخب کیا ہے۔

 

یہ بھرتی مہم بی ٹیک، بی ای، ایم ٹیک اور بی آرک کے طلبہ کے لیے تھی۔ حتمی انتخاب سول، الیکٹریکل، مکینیکل، آرٹیفیشیئل انٹیلی جنس اور مشین ڈیزائن کی برانچز میں کیا گیا۔ منتخب طلبہ میں شریا مِتّل (بی ٹیک سول)؛سمیحہ نساء ہلدر، اشمت جین، الشفا کفیل (بی ٹیک الیکٹریکل)؛ محمد اشرف صدیقی (بی ای الیکٹریکل)؛ سندرم گپتا (بی ٹیک الیکٹریکل)؛ محمد بلال (بی ٹیک آرٹیفیشیئل انٹیلی جنس)؛ عفان خان، محمد الفیض خان، کنال شرما، پیوش کمار شرما، آدیش سارسوت، سوربھ شرما (بی ٹیک مکینیکل)؛ معاذ احمد، محمد صہیب خان، ایمن وسیم (بی ای مکینیکل)؛ اور نتیش کمار بھاردواج (ایم ٹیک مکینیکل، مشین ڈیزائن) شامل ہیں۔

 

منتخب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈٹکنالوجی کے پرنسپل پروفیسر ایم مزمل نے کہا کہ ایل اینڈ ٹی جیسے معروف اداروں کی جانب سے مسلسل دلچسپی ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈٹکنالوجی کے تعلیمی معیار، صنعت سے ہم آہنگ نصاب اور اختراعی ثقافت کی دلیل ہے۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

ای کانٹینٹ ڈیولپمنٹ سے متعلق قومی ورکشاپ میں اے ایم یو کے فیکلٹی ممبران کی شرکت

 

علی گڑھ، 28 جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران نے جھارکھنڈ کے شہر جمشید پور میں کریم سٹی کالج کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی ایک ہفتہ طویل آن لائن تدریس کے لیے ای-کانٹینٹ ڈیولپمنٹ پر مبنی قومی ورکشاپ میں بطور کلیدی مقرر اور ریسورس پرسن شرکت کی۔

 

ڈاکٹر آصف ارشاد خان، ایسوسی ایٹ پروفیسر، شعبہ کمپیوٹر سائنس، اے ایم یو نے کلیدی خطبہ پیش کیا جس میں انہوں نے ڈیجیٹل مواد کی تیاری، آؤٹ کم بیسڈ کورس ڈیزائن، سویم کے ذریعے موکس، قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے ساتھ ہم آہنگی اور ڈیجیٹل انڈیا اقدام پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے یو جی سی، اے آئی سی ٹی ای اور این پی ٹی ای ایل کے معیاری ضوابط پر عملدرآمد کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

 

ڈاکٹر ارشد اقبال، اسسٹنٹ پروفیسر، خلیق احمد نظامی سنٹر فار قرآنک اسٹڈیز،اے ایم یو نے بطور ریسورس پرسن لرننگ مینجمنٹ سسٹمز کے ذریعہ ای لرننگ کورسز کی تیاری اور مینجمنٹ پر تربیتی سیشن منعقد کیے، جن میں موڈل اور گنومیو پلیٹ فارمز کی عملی تربیت بھی شامل تھی۔

 

اس ورکشاپ میں ملک بھر کے مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والے 60 سے زائد افراد نے شرکت کی۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

پروفیسر رخشندہ فاضلی اے ایم یو کے شعبہ مغربی ایشیائی و شمال افریقی مطالعات کی چیئرپرسن مقرر

 

علی گڑھ، 28 جنوری: پروفیسر رخشندہ فاروق فاضلی کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(اے ایم یو) کے شعبہ مغربی ایشیائی و شمال افریقی مطالعات کا نیا چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی مدت کار 28 جنوری 2026 سے آئندہ تین سال ہوگی۔

 

تدریس و تحقیق کے میدان میں 24 برس سے زائد کا تجربہ رکھنے والی پروفیسر فاضلی نے اے ایم یو سے جغرافیہ میں ایم اے اور ایم فل اور مغربی ایشیائی مطالعات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔ انھیں انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار جیو انفارمیشن سائنس اینڈ ارتھ آبزرویشن، اینسخیدے، نیدرلینڈز کی نیدرلینڈز فیلوشپ مل چکی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے دہرہ دون کے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ریموٹ سینسنگ (آئی آئی آر ایس) میں ریموٹ سینسنگ اور جی آئی ایس کی اعلیٰ تربیت کے لیے این این آر ایم ایس فیلوشپ بھی حاصل کی ہے۔

 

ان کی تحقیقی دلچسپیوں میں ہجرت، ڈائسپورا، وسائل کی ترقی، اور سماجی علوم کی تحقیق میں ریموٹ سینسنگ اور جی آئی ایس کا اطلاق جیسے موضوعات شامل ہیں۔ انہوں نے انڈین کونسل آف سوشل سائنس ریسرچ (آئی سی ایس ایس آر) کی زیر سرپرستی بڑے تحقیقی پروگراموں اور ہندوستان–جی سی سی ہجرت اور سماجی و اقتصادی ترقی سے متعلق پروجیکٹوں کی قیادت کی ہے، اور کیمبرج، آکسفورڈ اور جارج ٹاؤن جیسی ممتاز جامعات میں اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے ہیں۔ پروفیسر فاضلی نے علمی مقاصد کے لیے برطانیہ، فرانس، نیدرلینڈز، جرمنی اور امریکہ کا بھی دورہ کیا ہے۔

 

انہوں نے قومی اور بین الاقوامی جرائد میں ساٹھ سے زائد تحقیقی مقالات شائع کیے ہیں۔ وہ متعدد پیشہ ورانہ اور علمی اداروں کی رکن ہیں، جن میں انڈین ایسوسی ایشن آف سینٹرل اینڈ ویسٹ ایشین اسٹڈیز، انڈین سوسائٹی آف ریموٹ سینسنگ (آئی ایس آر ایس)، انٹرنیشنل جیوگرافیکل یونین (آئی جی یو)، انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ہائیڈرولوجیکل سائنسز (آئی اے ایچ ایس) اور نیشنل ایسوسی ایشن آف جیوگرافرز انڈیا (این اے جی آئی) شامل ہیں۔

Comments are closed.