بدتمیزی اور فرائض میں لاپرواہی پر بیتا تھانہ انچارج ہریندر کمار معطل، وائرل ویڈیو پر ایس ایس پی نے لیا سخت نوٹس

 

جالے (محمد رفیع ساگر)

ایس ایس پی جگوناتھ ریڈی جلا ریڈی نے ایک بڑی انتظامی کارروائی کرتے ہوئے بیتا تھانہ کے انچارج ہریندر کمار کو بدتمیزی اور فرائض میں سنگین غفلت کے الزام میں فوری اثر سے معطل کر دیا ہے۔ یہ کارروائی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے بعد عمل میں لائی گئی، جس میں مذکورہ افسر کو دورانِ ڈیوٹی ایک گاڑی کے ڈرائیور کے ساتھ گالی گلوچ اور غیر شائستہ زبان استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

ایس ایس پی دربھنگہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، ویڈیو میں افسر کا رویہ عوام کے ساتھ نہایت نامناسب اور پولیس کے وقار کے منافی پایا گیا۔ اس طرزِ عمل کو عوامی اعتماد کے خلاف قرار دیتے ہوئے فرائض میں لاپرواہی، من مانی اور بدسلوکی کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔

ایس ایس پی جگوناتھ ریڈی جلا ریڈی نے کہا کہ پولیس ایک نظم و ضبط والی فورس ہے اور عوام کے ساتھ شائستہ برتاؤ ہر اہلکار کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈیوٹی کے دوران کسی بھی افسر یا اہلکار کی جانب سے بدتمیزی یا اختیارات کے غلط استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے معاملات میں سخت کارروائی کی جائے گی۔

محکمہ پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ایس آئی ہریندر کمار کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ حکم نامے کے مطابق معطلی کی مدت کے دوران انہیں گزارہ الاؤنس دیا جائے گا جبکہ ان کا ہیڈ کوارٹر پولیس لائن، دربھنگہ مقرر کیا گیا ہے۔

Comments are closed.