بلاک ایجوکیشن افسر سدھیر کمار رائے کی سبکدوشی پر اعزازی و وداعی تقریب کا شاندار انعقاد

 

بی آر سی نیاٹول میں اساتذہ، افسران اور تعلیمی عملے کی بھرپور شرکت، پُراثر اور جذباتی ماحول

جالے:(محمد رفیع ساگر)

بوکھڑا کے بی آر سی نیاٹول کیمپس میں بلاک ایجوکیشن افسر سدھیر کمار رائے کی ملازمت سے سبکدوشی کے موقع پر ایک باوقار اعزازی و وداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر محکمۂ تعلیم سے وابستہ افسران، اساتذہ اور تعلیمی عملے کی کثیر تعداد موجود رہی، جس کے باعث تقریب کا ماحول نہایت جذباتی اور یادگار بن گیا۔

تقریب کی نظامت پنکج کشور پون نے نہایت خوش اسلوبی اور ترتیب کے ساتھ انجام دی، جبکہ صدارت سی آر سی سنگھاچوڑی کے کوآرڈینیٹر ونئے کمار داس نے کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں ونئے کمار داس نے کہا کہ بلاک ایجوکیشن افسر سدھیر کمار رائے کا دورِ کارکردگی نظم و ضبط، شفاف طرزِ عمل اور تعلیمی معیار کی بہتری کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے بلاک کی تعلیمی نظام کو مضبوط بنیاد فراہم کرنے کے لیے مسلسل اور مخلصانہ کوششیں کیں اور اساتذہ کے ساتھ بہتر ربط و تعلق قائم رکھا۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے شیومنگل کمار نے کہا کہ بی ای او سدھیر کمار رائے ایک محنتی، باصلاحیت اور دوراندیش تعلیمی افسر رہے ہیں۔ ان کی قیادت میں متعدد تعلیمی منصوبے کامیابی کے ساتھ نافذ ہوئے اور بی آر سی سطح پر کام کرنے کے ماحول میں مثبت تبدیلی آئی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا رویہ نہایت شفیق اور تعاون پر مبنی رہا، جس سے اساتذہ کو ہمہ وقت رہنمائی اور حوصلہ ملا۔

دلیپ کمار نے اپنے خطاب میں کہا کہ سدھیر کمار رائے نے تعلیم کو محض ایک سرکاری ذمہ داری نہیں بلکہ ایک سماجی فریضہ سمجھ کر انجام دیا۔ وہ اساتذہ کے مسائل کو سنجیدگی سے سنتے اور ان کے حل کے لیے ہمیشہ سرگرم رہتے تھے۔ ایسے افسر کم ہی ملتے ہیں، جن کی رخصتی پورے عملے کو آبدیدہ کر دے۔

پرائمری اسکول فقیر تکیہ کے ہیڈ ٹیچر کیلاش بیٹھا نے کہا کہ بلاک ایجوکیشن افسر سدھیر کمار رائے نے نچلی سطح پر خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو ہمیشہ عزت و توقیر دی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے۔ ان کی رہنمائی سے اسکولوں کے تعلیمی ماحول میں نمایاں بہتری آئی۔

وہیں محمد رفیع ساگر نے کہا کہ سدھیر کمار رائے کا دورِ ملازمت اساتذہ کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوا ہے اور ان کا طرزِ کار آئندہ نسلوں کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال رہے گا۔

اپنے وداعی خطاب میں بلاک ایجوکیشن افسر سدھیر کمار رائے نے بی آر سی نیاٹول کے تمام اساتذہ، تعلیمی ملازمین اور افسران کے تعاون پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بوکھڑا بلاک ان کی عملی زندگی کا ایک اہم باب رہا ہے، جس کی یادیں وہ ہمیشہ اپنے دل میں محفوظ رکھیں گے۔ انہوں نے تمام اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ دیانت داری، اخلاص اور لگن کے ساتھ تعلیمی خدمات انجام دیتے رہیں۔

تقریب میں چندن کمار، ماسٹر خالد سمیت بی آر سی کے عملے کے رکن مجیب الرحمن اور دیگر ملازمین بھی موجود تھے۔ اختتام پر شرکاء نے پھولوں کے گلدستے، شال اور یادگاری تحائف پیش کر کے سبکدوش بلاک ایجوکیشن افسر کو پُرخلوص انداز میں رخصت کیا۔ تقریب خوشگوار، پُرامن اور باوقار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔

Comments are closed.