امارتِ شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ کی جانب سے آل جھارکھنڈ ایس آئی آر کی تربیتی مہم کا پہلا مرحلہ مکمل

 

امارت شرعیہ کی درجنوں تربیت یافتہ ٹیمیں ایس آئی آر میں شہریوں کے تعاون کے لئے تیار: مفتی محمد سعید الرحمٰن قاسمی

 

رانچی:یکم فروری۲۰۲۶ء(پریس ریلیز)

 

امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ کی جانب سے جھارکھنڈ میں ایس آئی آر (SIR) بیداری و تربیتی مہم کا پہلا مرحلہ الحمدللہ کامیابی کے ساتھ تکمیل کو پہنچا، اس مہم کے تحت ریاست کےتمام ۲۴اضلاع کے ۵۶ مختلف مقامات پر لگاتار ایک ماہ تک تربیتی پروگرام منعقد کیے گئے، جن میں عوام، سماجی کارکنان، دینی ذمہ داران اور مختلف طبقات کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور ٹریننگ حاصل کی۔

 

امیرِ شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم نے اس طویل ترین مہم کی کامیابی پر اپنے پیغام میں فرمایا کہ ایس آئی آر سے متعلق صحیح معلومات اور بیداری وقت کی ایک اہم ضرورت ہے، امارتِ شرعیہ نے اپنی دینی و سماجی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے یہ مہم شروع کی تاکہ عوام میں غلط فہمیوں کا ازالہ ہو، قانونی و سماجی پہلوؤں کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے اور لوگ اعتماد کے ساتھ درست رہنمائی حاصل کر سکیں، انہوں نے کہا کہ یہ مہم صرف تربیت تک محدود نہیں بلکہ سماج میں شعور، اعتماد اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے۔

 

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا مختلف ریاستوں میں ایس آئی آر کی تیاری کر رہی ہے جس میں ریاست جھارکھنڈ بھی شامل ہے، جہاں ایس آئی آر سے پہلے پیرنٹل میپنگ (2003 کے ووٹر لسٹ سے موجودہ ووٹر لسٹ کا ملان) کا کام جاری ہے،چونکہ اس بار کا ایس آئی آر پہلے کے مقابلے میں مختلف اور پیچیدہ ہے؛ چنانچہ اگر کسی کا۲۰۰۳ء کے ووٹر لسٹ میں نام نہیں ہے تو الیکشن کمیشن کی طرف سے مطلوبہ کاغذات میں دستیاب دستاویزات مثلاً آدھار کارڈ، پَین کارڈ اور راشن کارڈ وغیرہ کو شامل نہیں کیا گیا ہے، اس لئے حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب زید مجدہم امیرِ شریعت بہار، اڑیسہ، جھارکھنڈ و مغربی بنگال نے ضرورت محسوس کی کہ بلاتفریق مذہب و ملت ہر شہری کو قبل از وقت ہوشیار کردیا جائے تاکہ وقت آنے پر وہ کسی بھی بڑی دشواری سے خود کو محفوظ رکھ سکے، اسی مقصد کے تحت امارتِ شرعیہ بہار اڑیسہ وجھارکھنڈ کی ریسرچ ٹیم کے ارکان اور ایس آئی آر سے متعلق امور کے ماہرین جناب مفتی قیام الدین قاسمی، ڈاکٹر حفظ الرحمن حفیظ اور مولانا اکرام الدین قاسمی پر مشتمل وفد کو جھارکھنڈ روانہ کیا گیا، وفد کی قیادت مختلف ایام میں مختلف ذمہ داران امارت شرعیہ مفتی محمد سہراب ندوی قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ ،مولانا قمر انیس قاسمی معاون ناظم امارت شرعیہ ،مولانا احمد حسین قاسمی معاون ناظم امارت شرعیہ اور مفتی محمد انور قاسمی قاضی شریعت امارت شرعیہ رانچی نے کی؛ یہ وفد ۲۹؍دسمبر۲۰۲۵ء کو پٹنہ سے روانہ ہوکر جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی پہونچا اور ۳۱؍جنوری۲۰۲۶ء تک جھارکھنڈ کے ہر ضلع کے ایک سے زائد مقامات پر تربیتی کیمپ لگاکر بڑی تعداد کو تربیت دیا۔

 

تربیت حاصل کرنے والے افراد نےذمہ داری قبول کی کہ مذہب و مسلک اور برادری کی تفریق کئے بغیر ہر شہری کا تعاون کریں گے، آخر میں انہوں نے جھارکھنڈ کے ان تمام باشندگان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تربیتی مہم میں کسی طرح بھی حصہ لیا۔

 

حضرت امیر شریعت کا مذکورہ پیغام پریس کانفرنس میں امارتِ شرعیہ بہار، اڈیشہ وجھارکھنڈ کے ناظم حضرت مفتی محمد سعید الرحمٰن قاسمی نے لوگوں کو دیا، ناظمِ امارتِ شرعیہ نے امارت شرعیہ کی جانب سے ایک ماہ کی طویل ترین ایس آئی آر تربیتی مہم کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس مہم کے دوران ہر ضلع کے متعدد مقامات پر مقامی حالات کو سامنے رکھتے ہوئے تربیتی پروگرام منعقد کئے گئے، سوال و جواب کے سیشن رکھے گئے اور عوام کی عملی رہنمائی کی گئی۔ انہوں نے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل پر امارت شرعیہ کے قضاۃ کرام، تنظیم امارت شرعیہ کے ضلعی و مقامی ذمہ داران، علما و ائمہ کرام، مقامی تنظیموں، انجمنوں، پنچایتوں، سماجی کارکنان اور تمام شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ مہم اپنے مقاصد حاصل کر سکی۔

 

واضح رہے کہ ایس آئی آر سے متعلق تیار شدہ مواد کی مدد سے پروجیکٹر کے ذریعے نوجوانوں کی عملی تربیت کے لیے یہ ورکشاپس منعقد کی گئیں جن میں تعلیم یافتہ، باشعور اور سماجی خدمت کے جذبے سے سرشار نوجوانوں کو عملی میدان میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے تیار کیا گیا،اور متعدد تربیتی پروگراموں میں قبائلی برادریوں کے افراد نے شرکت کرکے ترتیب حاصل کی۔

 

پریس کانفرنس میں حضرت مولانا قمر انیس قاسمی معاون ناظم امارت شرعیہ، مفتی محمد انور قاسمی قاضی شریعت امارت شرعیہ رانچی اور مولانا احمد حسین قاسمی معاون ناظم امارت شرعیہ نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے اس مہم کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کیا۔

 

واضح رہے کہ یہ پریس کانفرنس یکم فروری۲۰۲۶ء کوانجمن مسافر خانہ انجمن پلازہ مین روڈ رانچی میں منعقد ہوئی جس میں موجود اخبارات اور سوشل و ڈیجیٹل میڈیاکے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پریس نمائندگان کے سامنے امارت شرعیہ کی طرف سے ایک مہینے تک چلنے والی اس مہم کی تفصیلات رکھی گئیں، انہیں بتایا گیا کہ حضرت امیرِ شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب کی ہدایت پر ریاستِ جھارکھنڈ میں ایک جامع، منظم اور ہمہ گیر تربیتی مہم جو ایک ماہ قبل رانچی میں پریس کانفرنس سے شروع ہوا تھا اپنی کوشش میں کامیاب رہا اور اس مقصد کے لئے پورے جھارکھنڈ میں ایسی تربیت یافتہ ٹیمیں تیار ہوئی ہیں جو بلا تفریق مذہب و ملت عوام کی ایس آئی آر، فارم 6 اور فارم 8 کے معاملے میں تعاون کرسکتی ہیں،جب ایس آئی آر کا مرحلہ شروع ہوگا تو یہ ٹیمیں عوام اور ریاست دونوں کا تعاون کریں گی۔

 

اس پریس کانفرنس میں ناظم اعلیٰ امارت شرعیہ حضرت مفتی سعید الرحمٰن قاسمی، معاون ناظم جناب مولانا احمدحسین قاسمی مدنی، و مولانا قمر انیس قاسمی، قاضی شریعت رانچی مفتی محمد انور قاسمی،امارت شرعیہ ریسرچ ٹیم کے ارکان جناب مفتی قیام الدین قاسمی، ڈاکٹر حفظ الرحمن حفیظ، مولانا اکرام الدین قاسمی اور دار القضاء رانچی سے مولاناابو داؤد قاسمی ومولانا محمد اسجد قاسمی کے علاوہ شہر رانچی کے مختلف عمائدین و ذمہ داران حضرات مختلف جماعتوں و تنظیموں کی جانب سے شریک تھے، جن میں مفتی محمد سلمان قاسمی خطیب مسجد طیب الٰہی بخش کالونی رانچی، مولانا قاری انصاراللہ قاسمی امام و خطیب مدینہ مسجد ہندپیڑھی رانچی، مفتی قمر عالم قاسمی استاذ مدرسہ حسینیہ کڈرو خطیب حواری مسجد رانچی، مولانا شفیق عالیاوی جمعیت اہل حدیث رانچی، مولانا تہذیب الحسن رضوی شیعہ جماعت، حاجی فیروز جمعیت الراعین رانچی، محمد اسلام ادریسیہ چوراسی، سیف الحق جمعیت العراقيين رانچی، محمد رضوان جمعیت المؤمنین رانچی حاجی فیروز جیلانی اور جناب عادل رشید موجود تھے ۔

 

ملی جماعتوں، سماجی انجمنوں اور مختلف قبائل کے موجودتمام شرکاء نے متفقہ طور پر کہا کہ موجودہ حالات میں یہ مہم ایک نہایت ضروری، بروقت اور عوامی مفاد سے جڑا ہوا قدم ہے، جس سے عام شہریوں کے حقوق کے تحفظ میں عملی مدد ملے گی ہم تمام لوگ امارت شرعیہ کے اس رہنمایانہ عمل کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

 

پریس کانفرنس کے شرکا نے واضح کیا کہ امارتِ شرعیہ کا یہ مہم مکمل طور پر اصلاحی، تعمیری اور عوامی مفاد پر مبنی رہی، جس کا کسی بھی سیاسی جماعت یا سیاسی مفاد سے کوئی تعلق نہیں ہےبلکہ ہندوستانی شہریوں کی بے لوث اور مخلصانہ خدمت پر مبنی عمل ہے ،اس مہم کا مقصد صرف یہ ہے کہ جھارکھنڈ کا ہر شہری اپنے آئینی، سماجی اور باہمی حقوق سے واقف ہو اور ان کے تحفظ میں فعال کردار ادا کرے۔

Comments are closed.