اقلیتی شادیوں کے لیے حکومتِ کرناٹک کا بڑا سہارا؛ سادہ و اجتماعی شادی اسکیم کے تحت 50 ہزار روپے کی مالی امداد

 

بیدر۔ 2 / فروری۔ اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی شادی کو آسان، باوقار اور سادہ بنانے کے مقصد سے حکومتِ کرناٹک کے محکمۂ اقلیتی بہبود اور بی این ایس ایس ویلفیئر اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ کے اشتراک سے مالی سال 2025-26 کے لیے سادہ اور اجتماعی شادی اسکیم پر مؤثر عمل آوری کی جا رہی ہے۔ اس اسکیم کے تحت ہر مستحق جوڑے کو 50 ہزار روپے کی براہِ راست مالی امداد فراہم کی جائے گی، تاکہ شادی کے موقع پر غیر ضروری اخراجات اور مالی دباؤ سے بچا جا سکے۔ جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یہ اسکیم مسلم، عیسائی، جین، بدھ اور سکھ اقلیتی طبقات کے لیے مخصوص ہے۔ اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے لازمی ہے کہ شادی سادہ طریقے سے یا اجتماعی نکاح کی شکل میں انجام پائے۔ اجتماعی شادی کی صورت میں کم از کم دس جوڑوں کی شمولیت ضروری قرار دی گئی ہے۔ عمر کی حد کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دلہن کی عمر 18 سے 42 سال کے درمیان جبکہ دولہا کی عمر 21 سے 45 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔ آمدنی کے معیار کے مطابق دولہا یا دلہن میں سے کسی ایک کی سالانہ آمدنی 2 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد نہیں ہونی چاہیے، اسی طرح دونوں کی مجموعی سالانہ آمدنی بھی 2 لاکھ 50 ہزار روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ اس اسکیم کے تحت ایک ہی خاندان سے صرف ایک مرتبہ مالی امداد حاصل کی جا سکتی ہے۔ مزید برآں یہ سہولت صرف پہلی شادی کے لیے مختص ہے، لہٰذا طلاق یافتہ، بیوہ یا بیوہ مرد اس اسکیم کے دائرے میں شامل نہیں ہوں گے۔ بی این ایس ایس ویلفیئر اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ نے اہل و مستحق افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اسکیم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سادگی کو فروغ دیں اور سماج میں فضول خرچی کے رجحان کی حوصلہ شکنی کریں۔اس اسکیم سے متعلق مزید معلومات، رہنمائی اور درخواست کے لیے بی این ایس ایس ویلفیئر اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ، شاہ پور گیٹ، شاہین نگر، بیدر سے براہِ راست رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ مزید یہ کہ عوام سہولت کے لیے موبائل نمبرز 9071018670، 9343246892 اور 9148480363 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔حکومت اور سماجی ادارے کے اس مشترکہ اقدام کو عوامی حلقوں میں اقلیتی نوجوانوں کے لیے ایک مثبت، حوصلہ افزا اور عملی سہارا قرار دیا جا رہا ہے۔

 

Comments are closed.