مسجد دین کا مرکز تعمیر مسجد پر جنت میں محل کی بشارت، حبیب نگر (نظام پیٹ) میں مجلس تحفظ ختمِ نبوت کی نگرانی میں مسجد کی تعمیر کا آغاز

 

کاماریڈی (پریس نوٹ) مسجد، اللہ تعالیٰ کا گھر اور شعائرِ اسلام میں سے ایک نمایاں اور مقدس شعار ہے۔ کسی بھی بستی میں مسجد کی موجودگی اسے دینی مرکز کا درجہ عطا کرتی ہے، جہاں اذان کی روح پرور صدائیں اور نمازِ باجماعت کا اہتمام نہ صرف ایمان کو تازگی بخشتا ہے بلکہ دین کی مضبوطی اور معاشرتی ہم آہنگی کا ذریعہ بھی بنتا ہے۔ مسجد محض عبادت گاہ نہیں بلکہ اخلاقی، روحانی اور دینی تربیت کا ایک مؤثر مرکز بھی ہے، جہاں سے افراد اور معاشرہ دونوں سنورتے ہیں، اور فکری انتشار و بے راہ روی کے اثرات کمزور پڑتے ہیں۔ اسلام میں مسجد کی تعمیر کو عظیم نیکی، کامل ایمان کی علامت اور صدقۂ جاریہ قرار دیا گیا ہے، جس کا اجر دنیا میں برکت اور آخرت میں نجات کا سبب بنتا ہے۔ انہی مقدس مقاصد کے تحت مجلس تحفظ ختمِ نبوت کاماریڈی کی نگرانی میں ضلع میدک کے سنگتراش کی بستی حبیب نگر (نظام پیٹ) میں مسجد کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ یہ نیک اقدام مجلس کے سکریٹری الحاج سید عظمت علی صاحب کی خصوصی سرپرستی اور رہنمائی میں عمل میں آیا۔ مسجد کی تعمیر کا فریضہ جناب سید عامر علی نے اپنے والد مرحوم سید ساجد علی کے ایصالِ ثواب اور صدقۂ جاریہ کی نیت سے قبول کیا، جو قابلِ تحسین اور قابلِ تقلید اقدام ہے۔ تعمیر کے آغاز کے موقع پر علاقے کے ذمہ دار حضرات اور معززین کی موجودگی میں جناب محمد انور صاحب دامت برکاتہم العالیہ (ناظم مدرسہ دارالعلوم حلیمیہ، نظام پیٹ) نے خصوصی دعا کے ساتھ تعمیراتی کام کی باضابطہ شروعات کی۔ اس موقع پر حافظ محمد فہیم الدین منیری، مولانا نظرالحق قاسمی، مولانا سید منظور احمد مظاہری، حافظ محمد عبدالواجد حلیمی، قاری مجاہد صدیقی اور مجلس تحفظ ختمِ نبوت کاماریڈی کے ٹرسٹیز الحاج محمد ذاکر حسین، الحاج میر فاروق علی، الحاج شیخ مقیم الدین سمیت دیگر ذمہ داران و کارکنان بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر مقامی مسلمانوں نے مجلس تحفظ ختمِ نبوت کاماریڈی کے ذمہ داران اور کارکنان کا تہہِ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس نیک اقدام کو علاقے کے لئے باعثِ خیر و برکت قرار دیا۔ دیہی علاقوں میں مساجد کی تعمیر کے خواہشمند حضرات مجلس تحفظ ختمِ نبوت کاماریڈی سے رابطہ کرسکتے ہیں تاکہ مزید دیہاتوں میں دینی خدمات کو فروغ دیا جاسکے۔

مزید تفصیلات کیلئے رابطہ: محمد فیروز الدین: 9848787553/ 9014142314

 

Comments are closed.