بہار صحت کے شعبے میں دیگر ریاستوں سے آگے، سرکاری اسپتالوں پر عوام کا اعتماد بحال: وزیر مدن سہنی

 

ایم ایم ڈی سی اینڈ اسپتال دربھنگہ میں گریجویشن ڈے و اسنادِ تقسیم کی پروقار تقریب

دربھنگہ:(محمد رفیع ساگر)

متھلا مائیو نیٹری ڈینٹل کالج اینڈ ہاسپٹل، ایکمی گھاٹ، لہیریا سرائے، دربھنگہ میں بی ڈی ایس کورس مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں گریجویشن ڈے اور اسنادِ تقسیم کی شاندار اور پروقار تقریب جوش و خروش کے ساتھ منعقد کی گئی، جہاں فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو ڈگری اور سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔

اس موقع پر مہمانِ خصوصی ریاستی حکومت کے سماجی بہبود کے وزیر مدن سہنی نے طلبہ و طالبات کو اپنے دستِ مبارک سے اسناد عطا کیں۔ تقریب میں ریاستی بی جے پی کے صدر و سابق وزیر سنجئے سراوگی، للت نارائن متھلا یونیورسٹی دربھنگہ کے وائس چانسلر پروفیسر سنجئے کمار چودھری، ڈینٹل کالج کے ڈائریکٹر انبساط شوکت، ڈپٹی ڈائریکٹر مشرت شوکت، ڈی ایم سی ایچ کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جگدیش چندرا اور کالج کے پرنسپل اے سدھیر بطور مہمانانِ اعزاز موجود رہے۔ خطبۂ استقبالیہ پرنسپل اے سدھیر نے پیش کیا۔

مہمانوں کی آمد پر کالج کے ڈائریکٹر انبساط شوکت نے گلدستہ پیش کر کے استقبال کیا اور متھلا خطے کی روایت کے مطابق مہمانوں کو پاگ، چادر، مکھانے کا ہار اور مومنٹو پیش کر کے پُرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ پروگرام کا باضابطہ افتتاح مہمانانِ خصوصی نے شمع روشن کر کے کیا۔ اس موقع پر بی ڈی ایس کے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو اپنے پیشہ ورانہ فرائض پوری دیانت داری، لگن اور خدمت کے جذبے کے ساتھ انجام دینے کا حلف بھی دلایا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنجئے سراوگی نے کہا کہ خدا کے بعد اگر کوئی انسان زندگی بچاتا ہے تو وہ ڈاکٹر ہے، اسی لیے معاشرے میں ڈاکٹروں کو خدا کا دوسرا روپ مانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں سرکاری میڈیکل کالجوں اور ہسپتالوں پر عوام کا اعتماد نمایاں طور پر بڑھا ہے، بہتر سہولیات اور صحت کے مضبوط نظام کے باعث بڑی تعداد میں مریض علاج کے لیے سرکاری اسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بہار صحت کے شعبے میں ملک کی دیگر ریاستوں کے ساتھ مضبوط مقابلہ کر رہا ہے اور نمایاں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملے کی بڑے پیمانے پر بھرتی کی جا رہی ہے، جس سے صحت کے نظام کو مزید تقویت ملی ہے۔

وہیں سماجی بہبود کے وزیر مدن سہنی نے اپنے خطاب میں کالج انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس ادارے کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا، جس کے بانی آچاریہ شوکت خلیل سے ان کے قریبی اور خوشگوار تعلقات رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت اور نگرانی میں بہار کے اسپتالوں اور صحت کے نظام میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ پہلے ریاست میں محدود میڈیکل کالج اور اسپتال تھے، جبکہ اب کئی نئے میڈیکل کالج زیر تعمیر ہیں اور دیگر اضلاع میں بھی طبی ادارے قائم کرنے کی مسلسل کوششیں جاری ہیں۔

وزیر نے نوجوان ڈاکٹروں سے اپیل کی کہ وہ بہار میں رہ کر بہار کے عوام کی خدمت کریں، کیونکہ یہاں بہتر سہولیات، مناسب تنخواہیں اور خدمت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دانتوں کے علاج کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے زبردست ترقی ہوئی ہے اور مریضوں کو بہتر اور مؤثر علاج میسر آ رہا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ ڈاکٹر بننے کے بعد پیشے کو محض ذریعۂ آمدنی نہ بنائیں بلکہ خدمت کے جذبے کے ساتھ انجام دیں، یہی کامیابی کی اصل کنجی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے للت نارائن متھلا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سنجئے کمار چودھری نے ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں غریبوں کی بڑی تعداد ہے، اس لیے ڈاکٹروں کو خدمت کے جذبے کے ساتھ آگے آنا چاہیے، کیونکہ جو لوگ خلوص اور جذبے سے خدمت کرتے ہیں وہی حقیقی کامیابی حاصل کرتے ہیں۔

پروگرام کی نظامت روشنی کماری، سماکر جھا، شیوانگی، پران، کوشل، اویناش، نبیل اور راجن نے بخوبی انجام دی، جبکہ اظہارِ تشکر ڈاکٹر انجی کمار جھا نے پیش کیا۔ اس موقع پر او ایس ڈی ڈاکٹر توصیف فضل، ڈاکٹر حسن اشرف، ڈاکٹر رنجیت تیواری، انکیت سمیت کالج کے تمام اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے تقریب کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

Comments are closed.