مغربی غلبے کا زوال: طاقت، معاہدات اور اخلاقی انہدام کا المیہ
مسعود محبوب خان (ممبئی)
09422724040
┄─═✧═✧═✧═✧═─┄
تاریخِ انسانی کا سنجیدہ مطالعہ اس نتیجے تک پہنچاتا ہے کہ تہذیبوں کے عروج و زوال کا معاملہ محض عسکری قوت، معاشی وسائل یا سائنسی ترقی تک محدود نہیں ہوتا، بلکہ اس کے پس منظر میں اخلاقی اقدار، فکری توازن اور انسانی معنویت کا گہرا عمل دخل ہوتا ہے۔ طاقت جب اخلاقی ضبط سے آزاد ہو جائے اور ترقی انسانی مقاصد سے کٹ کر محض غلبہ، منافع یا تسلّط کی علامت بن جائے، تو بظاہر استحکام کے باوجود اندر ہی اندر زوال کی حرکیات جنم لینے لگتی ہیں۔ تاریخ کی بڑی تہذیبیں خواہ وہ رومی سلطنت ہو، عباسی خلافت، یا نوآبادیاتی یورپ اس اصول کی زندہ مثالیں ہیں۔ ان تہذیبوں نے جب علم، عدل اور اخلاقی ذمّہ داری کے باہمی رشتے کو برقرار رکھا، تب تک وہ تخلیقی اور تمدنی قوت کی حامل رہیں۔ لیکن جونہی طاقت مقصد بن گئی اور انسان محض ایک وسیلہ، تو تہذیبی توانائی بتدریج کھوکھلی ہونے لگی۔ عسکری فتوحات نے وقتی غلبہ تو عطاء کیا، مگر داخلی سطح پر فکری جمود، اخلاقی انحطاط اور سماجی ناہمواری نے زوال کی بنیاد رکھ دی۔
مغربی تہذیب کا جدید عروج بھی اسی تاریخی تناظر میں سمجھا جانا چاہیے۔ سائنسی انقلاب، صنعتی ترقی اور ادارہ جاتی نظم نے مغرب کو غیر معمولی قوت اور اثر و رسوخ عطا کیا۔ تاہم یہ ترقی بتدریج ایک ایسے تصورِ انسان سے جڑ گئی جس میں افادیت، منڈی اور طاقت کو مرکزی حیثیت حاصل ہو گئی، جب کہ اخلاقی اقدار، روحانی معنویت اور اجتماعی خیر ثانوی بلکہ غیر متعلق سمجھی جانے لگیں۔ نتیجتاً ترقی نے انسان کو سہولت تو دی، مگر مقصد نہیں؛ اختیار تو دیا، مگر ذمّہ داری نہیں۔
اس تناظر میں مغربی تہذیب کا سب سے بڑا بحران عسکری یا معاشی نہیں، بلکہ اخلاقی اور فکری ہے۔ جب علم محض تکنیک بن جائے، سیاست طاقت کا کھیل، اور معیشت انسانی رشتوں پر غالب آ جائے، تو تہذیب بظاہر عروج پر ہوتے ہوئے بھی اندر سے عدم توازن کا شکار ہو جاتی ہے۔ یہی وہ مرحلہ ہے جہاں زوال کسی بیرونی حملے سے نہیں، بلکہ داخلی تضادات سے جنم لیتا ہے۔ یوں تاریخ ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ پائیدار تہذیبی غلبہ نہ تو طاقت کے انبار سے قائم ہوتا ہے، نہ ہی دولت کی فراوانی سے، بلکہ اخلاق، علم اور انسان دوستی کے باہمی توازن سے جنم لیتا ہے۔ جب یہ توازن بگڑ جائے تو عروج خود اپنے اندر زوال کا اعلان بن جاتا ہے اور مغربی تہذیب، اپنی تمام تر کامیابیوں کے باوجود، اس آفاقی تاریخی قانون سے ماورا نہیں۔
طاقت کے زور پر عالمی غلبے کی ناکام حکمتِ عملی
طاقت کے زور پر عالمی غلبے کی حکمتِ عملی بظاہر تاریخ کے مختلف ادوار میں کامیاب دکھائی دیتی ہے، مگر گہرے تجزیے سے واضح ہوتا ہے کہ یہ حکمتِ عملی نہ پائیدار ہوتی ہے اور نہ ہی فکری و اخلاقی سطح پر قبولِ عام حاصل کر پاتی ہے۔ نوآبادیاتی دور سے لے کر سرد جنگ اور اس کے بعد قائم ہونے والے یک قطبی عالمی نظام تک، مغربی طاقتوں نے دنیا کو اپنے مخصوص سیاسی، معاشی اور تہذیبی سانچے میں ڈھالنے کی مسلسل کوشش کی۔ اس عمل میں عسکری قوت، سائنسی و تکنیکی برتری، اور عالمی مالیاتی اداروں کو منظم انداز میں بطور آلۂ کار استعمال کیا گیا۔ نوآبادیاتی عہد میں یورپی طاقتوں نے ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکہ پر محض فوجی طاقت کے ذریعے نہیں بلکہ علمی و ثقافتی بالادستی کے دعوے کے ساتھ تسلّط قائم کیا۔ مقامی تہذیبوں کو پسماندہ، غیر مہذب یا ترقی کی راہ میں رکاوٹ قرار دے کر مغربی نظامِ اقدار کو "عالمی معیار” کے طور پر پیش کیا گیا۔ مگر اس نام نہاد تہذیبی مشن کی بنیاد انصاف، مساوات یا انسانی خیر کے بجائے وسائل کی لوٹ مار، منڈیوں پر قبضے اور سیاسی غلبے پر تھی۔ نتیجتاً یہ نظام مقامی معاشروں میں فکری ہم آہنگی پیدا کرنے کے بجائے اضطراب، مزاحمت اور بیگانگی کو جنم دیتا رہا۔
سرد جنگ کے دور میں طاقت کے اسی تصور نے ایک نئے قالب میں جنم لیا۔ دنیا کو نظریاتی بلاکس میں تقسیم کر کے عسکری اتحادوں خصوصاً نیٹو کے ذریعے "تحفّظ” کے نام پر اثر و رسوخ بڑھایا گیا۔ ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ، پراکسی جنگیں اور فوجی مداخلتیں اس حکمتِ عملی کا حصّہ تھیں۔ یہاں بھی قیادت اخلاقی نمونہ بننے کے بجائے خوف کے توازن (Balance of Terror) پر قائم رہی۔ عالمی امن کا تصور انسانی اقدار سے نہیں بلکہ تباہی کی صلاحیت سے جڑا رہا، جو بذاتِ خود اس نظام کی اخلاقی کمزوری کی علامت تھا۔ سرد جنگ کے خاتمے کے بعد قائم ہونے والا یک قطبی عالمی نظام بظاہر مغربی غلبے کی معراج تھا۔ عالمی مالیاتی ادارے، جیسے آئی ایم ایف اور عالمی بینک، ترقی اور استحکام کے نام پر ایسے معاشی نسخے مسلّط کرتے رہے جنہوں نے کمزور ممالک کو خود مختاری کے بجائے قرض، انحصار اور معاشی عدم مساوات کی زنجیروں میں جکڑ دیا۔ اسی کے ساتھ طاقتور میڈیا نیٹ ورکس نے بیانیہ سازی کے ذریعے اس غلبے کو فطری، ناگزیر اور اخلاقی طور پر درست ثابت کرنے کی کوشش کی۔ اختلاف کو انتہاء پسندی، مزاحمت کو دہشت گردی، اور خود مختاری کی خواہش کو عالمی نظام کے لیے خطرہ قرار دیا گیا۔
لیکن یہ تمام تر نظام فکری ہم آہنگی یا اخلاقی قیادت پیدا کرنے میں ناکام رہا۔ جن معاشروں پر یہ ماڈل مسلّط کیا گیا، وہاں اس نے داخلی استحکام کے بجائے سماجی انتشار، شناختی بحران اور ردِّعمل کی سیاست کو جنم دیا۔ خوف، مفاد اور جبر پر قائم غلبہ وقتی اطاعت تو حاصل کر سکتا ہے، مگر دلوں اور اذہان کی وابستگی پیدا نہیں کر سکتا۔ یہی وجہ ہے کہ بظاہر مضبوط نظر آنے والا یہ عالمی نظام اندر سے کھوکھلا ثابت ہوا۔ اعتماد سے محروم، اخلاقی جواز سے خالی، اور مسلسل مزاحمت کے دباؤ میں گھرا ہوا۔یوں تاریخ ایک بار پھر اس حقیقت کی تصدیق کرتی ہے کہ طاقت کے زور پر قائم کیا گیا عالمی غلبہ نہ تہذیبی دوام رکھتا ہے اور نہ ہی حقیقی قیادت کا حق ادا کر پاتا ہے۔ جب قیادت اخلاق، انصاف اور انسانی وقار کے بجائے محض عسکری، مالیاتی اور اطلاعاتی برتری پر استوار ہو، تو وہ خود اپنے تضادات کے بوجھ تلے لرزنے لگتی ہے اور یہی لرزش بالآخر زوال کی تمہید بن جاتی ہے۔
ابراہیمی معاہدہ: سیاسی چال یا تہذیبی منصوبہ؟
ابراہیمی معاہدہ کو محض ایک سفارتی دستاویز یا وقتی سیاسی پیش رفت کے طور پر دیکھنا اس کی معنوی گہرائی اور تہذیبی مضمرات کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہوگا۔ درحقیقت یہ معاہدہ اس مرحلے پر سامنے آیا جب عسکری طاقت کی یک طرفہ برتری، جس پر دہائیوں تک عالمی نظم کی عمارت کھڑی رہی، اپنی اخلاقی اور عملی دونوں حیثیتوں میں کمزور پڑنے لگی۔ چنانچہ طاقت کے براہِ راست استعمال کے بجائے ایک نرم، مگر زیادہ ہمہ گیر حکمتِ عملی اختیار کی گئی۔ جس میں مذہب، ثقافت اور بیانیہ سازی کو سیاست کے تابع کر دیا گیا۔ ابراہیمی معاہدے کا ظاہری بیانیہ امن، بقائے باہمی اور بین المذاہب ہم آہنگی جیسے دلکش تصورات سے آراستہ ہے۔ "ابراہیمی” کی اصطلاح خود ایک علامتی قوت رکھتی ہے، جو یہ تاثر دیتی ہے کہ گویا یہ معاہدہ تین توحیدی مذاہب کے مشترکہ روحانی ورثے کی بنیاد پر قائم کیا گیا ہے۔ مگر علمی و تحقیقی زاویے سے دیکھا جائے تو یہ مذہبی علامت محض ایک اخلاقی پردہ ہے، جس کے پیچھے خالص سیاسی، معاشی اور اسٹریٹجک مفادات کارفرما ہیں۔ مذہب یہاں ہدایت کا سرچشمہ نہیں بلکہ سفارت کاری کا آلہ بن جاتا ہے۔
اس معاہدے کے ذریعے خطے میں ایک نئے سیاسی و معاشی انضمام کا خاکہ پیش کیا گیا، جس میں طاقت کے موجودہ توازن کو برقرار رکھنے، اسلحہ و ٹیکنالوجی کی منڈیوں کو وسعت دینے، اور ایک مخصوص ریاستی بیانیے کو "نارمل” اور "قابلِ قبول” بنانے کی کوشش شامل ہے۔ طاقتور ریاستوں اور عالمی سرمایہ دارانہ نظام کے لیے یہ معاہدہ استحکام نہیں بلکہ کنٹرول کا ذریعہ ہے۔ ایسا کنٹرول جو فوجی قبضے کے بجائے معیشت، ثقافت اور معلوماتی غلبے کے ذریعے حاصل کیا جاتا ہے۔ سب سے بنیادی مسئلہ یہ ہے کہ اس نام نہاد امنی منصوبے میں فلسطین جیسے مرکزی اور تاریخی انصاف کے سوال کو دانستہ طور پر حاشیے پر ڈال دیا گیا۔ ایک ایسے خطے میں، جہاں دہائیوں سے ناانصافی، قبضہ، جبری بے دخلی اور انسانی حقوق کی پامالی جاری ہو، وہاں انصاف کے بغیر امن کا تصور ایک فکری مغالطہ ہے۔ تاریخ کا مطالعہ ہمیں بتاتا ہے کہ ایسا امن محض ایک وقفہ ہوتا ہے ایک عارضی سکوت، جس کے نیچے غصّہ، محرومی اور مزاحمت کی چنگاریاں سلگتی رہتی ہیں۔
ابراہیمی معاہدہ دراصل مذہب کو سیاست کے تابع کرنے کی ایک واضح مثال ہے۔ روحانی اقدار، جو انصاف، حق گوئی اور مظلوم کی حمایت کا تقاضا کرتی ہیں، انہیں جغرافیائی مفادات اور ریاستی ترجیحات پر قربان کر دیا گیا۔ اس عمل میں مذہب کی اخلاقی قوت کمزور ہوتی ہے اور وہ اقتدار کے جواز کا ذریعہ بن کر اپنی اصل معنویت کھو دیتا ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں تہذیبی بحران جنم لیتا ہے جب مقدّس تصورات کو طاقت کے کھیل میں استعمال کیا جائے۔ چنانچہ ابراہیمی معاہدہ کو اگر تہذیبی تناظر میں دیکھا جائے تو یہ ایک ہم آہنگ دنیا کی تعمیر سے زیادہ ایک ایسے عالمی نظم کا حصّہ معلوم ہوتا ہے جو تضادات کو حل کرنے کے بجائے انہیں خوبصورت نعروں کے پیچھے چھپا دیتا ہے۔ یہ سیاسی چال بھی ہے اور تہذیبی منصوبہ بھی مگر ایسا منصوبہ جو انصاف کے بغیر امن، اور اخلاق کے بغیر ہم آہنگی کا خواب دکھاتا ہے۔ اور تاریخ کا فیصلہ یہی رہا ہے کہ ایسے خواب بالآخر تعبیر کے بجائے ایک نئے بحران پر منتج ہوتے ہیں۔
طوفانِ اقصیٰ: طاقت کے غرور پر کاری ضرب
طوفانِ اقصیٰ کو اگر محض ایک عسکری جھڑپ یا وقتی سیاسی پیش رفت کے طور پر دیکھا جائے تو اس کے فکری، نفسیاتی اور تہذیبی اثرات اوجھل رہ جاتے ہیں۔ درحقیقت یہ واقعہ اس پورے بیانیے پر ایک گہری ضرب تھا جو دہائیوں سے مغربی طاقت، اسرائیلی ناقابلِ شکست ہونے کے تصور، اور خطے میں مسلّط کیے گئے "نارملائزیشن” کے خوابوں کے گرد تعمیر کیا جا رہا تھا۔ یہ ضرب اسلحے سے زیادہ ذہنوں پر پڑی اور تاریخ میں بعض اوقات یہی ضربیں زیادہ فیصلہ کن ثابت ہوتی ہیں۔ عسکری برتری، جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس نیٹ ورکس اور عالمی سیاسی حمایت کے باوجود جس نظام کو ناقابلِ تسخیر سمجھا جا رہا تھا، طوفانِ اقصیٰ نے اس کے اندرونی تضادات اور ساختی کمزوریوں کو بے نقاب کر دیا۔ یہ واقعہ اس مفروضے کی نفی تھا کہ طاقت محض ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی کے بل پر دائمی تحفّظ حاصل کر سکتی ہے۔ جدید تاریخ ہمیں بارہا بتاتی ہے کہ جب طاقت اخلاقی جواز، سیاسی بصیرت اور انسانی قبولیت سے محروم ہو جائے تو وہ بظاہر مضبوط ہونے کے باوجود اندر سے نازک ہو جاتی ہے۔
نفسیاتی سطح پر یہ واقعہ اس "تحفّظ کے اساطیری تصور” کے لیے شدید دھچکا تھا جو اسرائیلی ریاست اور اس کے حامیوں کے بیانیے کی بنیاد رہا ہے۔ ناقابلِ شکست ہونے کا تصور صرف عسکری حکمتِ عملی نہیں بلکہ ایک نفسیاتی ہتھیار بھی ہوتا ہے، جس کے ذریعے مزاحمت کو پہلے ہی مرحلے میں بے معنی ثابت کیا جاتا ہے۔ طوفانِ اقصیٰ نے اس ہتھیار کی دھار کو کند کر دیا اور یہ پیغام دیا کہ طاقت کا غرور خود اپنی کمزوری بن سکتا ہے۔ فکری اعتبار سے یہ واقعہ ابراہیمی معاہدے جیسے منصوبوں کے لیے بھی ایک سنجیدہ سوالیہ نشان بن کر ابھرا۔ جن معاہدات کو امن، استحکام اور علاقائی ہم آہنگی کی علامت کے طور پر پیش کیا جا رہا تھا، وہ اس حقیقت کو چھپا نہ سکے کہ بنیادی سیاسی انصاف بالخصوص فلسطین کے مسئلے کے بغیر کوئی بھی علاقائی نظم پائیدار نہیں ہو سکتا۔ طوفانِ اقصیٰ نے واضح کر دیا کہ مصنوعی امن، جو مزاحمت اور محرومی کو نظر انداز کر کے قائم کیا جائے، محض ایک نازک پردہ ہوتا ہے جو کسی بھی لمحے چاک ہو سکتا ہے۔
یہ واقعہ اس وسیع تر تاریخی تبدیلی کی علامت بھی ہے جس میں عالمی سیاست اب مکمل طور پر یک طرفہ نہیں رہی۔ اطلاعاتی دنیا، عوامی رائے، اور مزاحمتی بیانیے اب اس قدر دبانا آسان نہیں رہے جتنا ماضی میں تھا۔ مظلوم کی آواز، خواہ کتنی ہی کمزور سمجھی جائے، اب عالمی ضمیر تک رسائی کے نئے راستے تلاش کر لیتی ہے۔ یوں طاقت کے روایتی مراکز کو پہلی بار یہ احساس شدّت سے ہوا کہ بیانیے کی اجارہ داری ٹوٹ رہی ہے۔
چنانچہ طوفانِ اقصیٰ کو ایک لمحاتی واقعہ نہیں بلکہ ایک علامتی موڑ کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ ایسا موڑ جو یہ اعلان کرتا ہے کہ تاریخ محض طاقتور کے قلم سے نہیں لکھی جاتی۔ جب سچائی، قربانی اور مزاحمت ایک فکری و اخلاقی بنیاد کے ساتھ سامنے آتی ہیں تو وہ جدید ترین اسلحہ اور وسیع ترین حمایت کے باوجود طاقت کے غرور کو چیلنج کر سکتی ہیں۔ اور تاریخ کی گواہی یہی ہے کہ غرور پر پڑنے والی ایسی ضربیں محض حال کو نہیں، مستقبل کے رخ کو بھی بدل دیا کرتی ہیں۔
ایپسٹین فائل: اخلاقی زوال کی علامت
ایپسٹین فائل کو اگر محض ایک فردِ واحد کے جنسی جرائم یا چند بااثر شخصیات کے اسکینڈل تک محدود کر دیا جائے تو اس کے تہذیبی اور اخلاقی مضمرات اوجھل رہ جاتے ہیں۔ درحقیقت یہ معاملہ جدید مغربی تہذیب کے اس گہرے اخلاقی بحران کی علامت ہے جو برسوں سے طاقت، دولت اور ادارہ جاتی تقدّس کے پردوں میں چھپا ہوا تھا۔ تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ ہر تہذیب کا اصل امتحان اس کے نعروں سے نہیں بلکہ اس کے عملی اخلاقی معیار سے ہوتا ہے اور یہی وہ کسوٹی ہے جس پر ایپسٹین فائل ایک پورے نظام کو بے نقاب کرتی نظر آتی ہے۔ ایپسٹین کا معاملہ اس حقیقت کو نمایاں کرتا ہے کہ جب دولت اور اقتدار قانون پر فوقیت اختیار کر لیں تو انصاف محض ایک رسمی ادارہ بن کر رہ جاتا ہے۔ ایسے میں قانون کی سختی کمزور کے لیے اور نرمی طاقتور کے لیے مخصوص ہو جاتی ہے۔ یہ وہ مرحلہ ہوتا ہے جہاں ریاستی اور سماجی ادارے اپنی اخلاقی روح کھو بیٹھتے ہیں، اور احتساب ایک منتخب عمل بن جاتا ہے۔ جو طاقت کے مراکز کے گرد رک جاتا ہے، مگر ان کے اندر داخل نہیں ہو پاتا۔
اخلاقی زاویے سے دیکھا جائے تو یہ اسکینڈل انسانی وقار کی شدید پامالی کی داستان ہے۔ وہ معاشرہ جو انسانی حقوق، آزادیٔ فرد اور انسانی عظمت کا سب سے بڑا علمبردار بننے کا دعویٰ کرتا ہے، اسی کے قلب میں انسان خصوصاً کمزور، ناتواں اور بے آواز طبقات کو لذت، مفاد اور اختیار کی منڈی میں ایک شے بنا دیا جاتا ہے۔ یہ تضاد محض انفرادی اخلاقی لغزش نہیں بلکہ ایک ایسے ثقافتی ماحول کی پیداوار ہے جہاں طاقت کے حامل افراد خود کو ہر اخلاقی اور قانونی قید سے بالا سمجھنے لگتے ہیں۔ ایپسٹین فائل کی سب سے تشویشناک جہت اس کا ادارہ جاتی پہلو ہے۔ سوال صرف یہ نہیں کہ جرائم ہوئے، بلکہ یہ ہے کہ وہ برسوں تک کیسے چھپے رہے، کن خاموشیوں، رعایتوں اور چشم پوشیوں نے انہیں ممکن بنایا، اور کیوں بارہا انصاف کے دروازے بند ہوتے رہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں ایک تہذیب کے اخلاقی دعوے کمزور پڑ جاتے ہیں، کیونکہ اصل مسئلہ فرد کی گراوٹ نہیں بلکہ نظام کی خاموش شراکت ہوتی ہے۔
تہذیبی تاریخ ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ جب اخلاقیات محض تقریروں اور عالمی اعلامیوں تک محدود ہو جائیں، اور عملی زندگی میں طاقتور طبقات ان سے مستثنیٰ قرار پائیں، تو زوال ایک تدریجی مگر یقینی عمل بن جاتا ہے۔ ایپسٹین کا معاملہ اسی زوال کی علامتی تصویر ہے، ایک ایسا آئینہ جس میں مغربی تہذیب کا وہ چہرہ جھلکتا ہے جسے برسوں انسانی حقوق اور اخلاقی قیادت کے خوش نما نعروں سے ڈھانپا جاتا رہا۔ یوں ایپسٹین فائل کسی ایک ملک، ایک طبقے یا ایک دور کا مسئلہ نہیں، بلکہ ایک آفاقی تنبیہ ہے: جب انصاف انتخابی ہو جائے، اخلاقیات طاقت کے تابع ہو جائیں، اور انسانی وقار کو مفاد کے ترازو میں تولا جانے لگے، تو تہذیبیں اپنے عروج کے عین لمحے میں زوال کے مرحلے میں داخل ہو جاتی ہیں۔ اور تاریخ کا فیصلہ یہی رہا ہے کہ ایسے زوال کو نہ میڈیا کا شور روک سکتا ہے، نہ اداروں کی چمک کیونکہ اخلاقی دیوالیہ پن آخرکار خود کو آشکار کر ہی دیتا ہے۔
زوال کی شروعات، یا انجام کی آہٹ؟
یہ سوال محض ایک تہذیب کے مستقبل سے متعلق نہیں، بلکہ تاریخ کے اس آفاقی قانون کی یاد دہانی ہے جو ہر دور میں طاقت، اخلاق اور انصاف کے باہمی تعلق کو پرکھتا آیا ہے۔ طاقت کے نشے، پیچیدہ سیاسی چالاکیوں اور گہرے اخلاقی انحطاط کا جو مجموعہ آج مغربی تہذیب میں دکھائی دیتا ہے، وہ اس امر کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ یہ تہذیب اپنے عروج کی آخری سیڑھی پر کھڑی ہے۔ جہاں بلندی کے ساتھ ساتھ گرنے کا امکان بھی سب سے زیادہ ہوتا ہے۔ یہ زوال کسی اچانک حادثے یا بیرونی یلغار کی صورت میں نہیں آئے گا۔ تاریخ کی روشنی میں دیکھا جائے تو تہذیبیں عموماً اندر سے ٹوٹتی ہیں۔ اعتماد کا بتدریج زوال، اخلاقی ساکھ کا بکھرنا، اور فکری و معنوی برتری کا خاتمہ یہ وہ خاموش عمل ہیں جو طاقتور نظاموں کو اندر ہی اندر کھوکھلا کر دیتے ہیں۔ جب ادارے اپنی اخلاقی بنیاد کھو بیٹھیں، قانون مساوی نہ رہے، اور بیانیہ حقیقت سے کٹ جائے، تو ظاہری استحکام محض ایک دھوکا بن کر رہ جاتا ہے۔
تاریخ کا قانون اٹل ہے! جو تہذیب انصاف سے منہ موڑ لے، وہ زیادہ دیر تک تاریخ کے مرکز میں نہیں رہ سکتی۔ انصاف محض ایک اخلاقی قدر نہیں، بلکہ تہذیبی بقاء کی شرط ہے۔ جب مفاد انصاف پر غالب آ جائے اور طاقت حق کی جگہ لے لے، تو تہذیبیں اپنے ہی تضادات کے بوجھ تلے دبنے لگتی ہیں۔ یہی وہ مرحلہ ہے جہاں عالمی قیادت کا دعویٰ اخلاقی جواز سے محروم ہو جاتا ہے۔ آج دنیا واقعی ایک نئے دور کے دہانے پر کھڑی دکھائی دیتی ہے۔ یہ دور طاقت کے یک طرفہ استعمال کا نہیں، بلکہ اقدار کے نئے امتحان کا دور ہے جہاں سیاسی و عسکری برتری کے بجائے اخلاقی صداقت، انسانی وقار اور منصفانہ نظام فیصلہ کن کردار ادا کریں گے۔
اس تناظر میں طوفانِ اقصیٰ نے یہ واضح کر دیا کہ تاریخ کا دھارا ناقابلِ تغیر نہیں؛ مظلوم کی مزاحمت اور حق کی آواز طاقتور بیانیوں کو چیلنج کر سکتی ہے۔ اور ایپسٹین فائل نے یہ حقیقت آشکار کی کہ اخلاقی زوال کو زیادہ دیر تک نعروں، اداروں اور میڈیا کی چمک سے چھپایا نہیں جا سکتا۔ یوں یہ لمحہ محض مغرب کے ممکنہ زوال کا اشارہ نہیں، بلکہ پوری انسانیت کے لیے ایک سنجیدہ تنبیہ ہے۔ تہذیبیں اسلحے کے انبار، معاشی اعداد و شمار یا تکنیکی برتری سے زندہ نہیں رہتیں؛ وہ کردار، انصاف اور اخلاقی سچائی سے دوام پاتی ہیں۔ جب یہ بنیادیں کمزور پڑ جائیں تو عروج خود اپنے اندر انجام کی آہٹ سمو لیتا ہے اور تاریخ، ہمیشہ کی طرح، اس پر بے لاگ فیصلہ صادر کر دیتی ہے۔
Comments are closed.