مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ للبنات الصالحات گوونڈی کا عظیم الشان سالانہ اجلاس و ختم بخاری بحسن و خوبی اختتام پذیر
آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے آخری حدیث پڑھاکر طالبات کو سند فضیلت سے نوازا
ممبئی (پریس ریلیز) عروس البلاد ممبئی میں لڑکیوں کی تعلیم و تربیت کا مثالی اور مرکزی ادارہ مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ للبنات الصالحات گوونڈی میں ختم بخاری کی روح پرور تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت مفتی اعظم مہاراشٹر مفتی عزیزالرحمن فتحپوری نے کی جبکہ نظامت کا فریضہ مولانا نسیم اختر ندوی استاذ مدرسہ فاروقیہ گوونڈی نے انجام دیا، اس موقع پر بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیتے ہوئے معروف عالم دین اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے فرمایا کہ دنیا میں سب سے کامل و مکمل سیرت پیغمبر آخرالزمان محمد عربی حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی ہے، جس کی گواہی قرآن مقدس دے رہا ہے، اللہ تبارک و تعالیٰ نے قرآن مجید میں واضح طور پر ارشاد فرمایا کہ آپ کا اسوہ اسوہ حسنہ ہے اور ان لوگوں کے لیے جو اللہ سے ملاقات کی خواہش رکھتے ہیں ان کے لیے لازم ہے کہ وہ اسی اسوہ حسنہ کی پیروی کریں اور اپنی پوری زندگی کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ کی روشنی میں گذاریں تبھی وہ اللہ سے ملاقات کے لائق بن سکیں گے، آپ نے مزید کہا کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا اسوہ کامل بھی ہے، مکمل بھی ہے اور سب سے آسان بھی ہے. مولانا رحمانی نے موجودہ دور میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرتی مہم اور پروپیگنڈہ کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ آج جو لوگ یہ آواز اٹھاتے ہیں کہ اسلام نے عورتوں کو حقوق نہیں دئیے، اسلام نے عورتوں کو آزادی نہیں دی، اسلام نے عورتوں کو حجاب اور نقاب میں قید کردیا ہے وہ سراسر جھوٹ اور پروپیگنڈہ ہے بلکہ صحیح بات یہ ہے کہ عورتوں کو جتنی آزادی اسلام نے دی ہے دنیا کے کسی مذہب میں اس کی مثال نہیں ملتی ہے، عورتوں کو جتنے حقوق اسلام میں حاصل ہیں دنیا کا کوئی مذہب اس کی نظیر پیش نہیں کرسکتا، یہ اسلام ہی ہے جس نے اسلام سے پہلے زندہ درگور ہونے والی لڑکیوں کو معاشرے میں اعلی مقام عطا کیا اور مختلف حیثیتوں سے حقوق عطا کئے ہیں، بس فرق یہ ہے کہ اسلام نے عورتوں کو پردہ عطا فرماکر باعزت بنایا ہے جبکہ مغربی معاشرہ نے شمع محفل بناکر عورت کی عزت سے کھلواڑ کیا ہے.

مولانا رحمانی نے اس موقع پر فارغ ہونے والی طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ زندگی کا ایک مرحلہ مکمل کررہی ہیں تو اب آپ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ آپ اپنی زندگی کو دوسروں کے لیے نمونہ بناکر پیش کریں، آپ نے جو کچھ پڑھا ہے آنے والی زندگی میں اس کی روشنی میں اس پر عمل کرتے ہوئے اپنے گھر اور خاندان کی اصلاح کرنی ہے اور اپنے کردار و عمل سے دوسروں کو اسلامی طریقے پر زندگی گذارنے کا پیغام دینا ہے، اخیر میں مولانا رحمانی نے مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ للبنات الصالحات گوونڈی کی خدمات کو سراہتے ہوئے عوام و خواص سے اپیل کی کہ وہ اس ادارے کا ہر طرح سے تعاون فرمائیں تاکہ یہ ادارہ مزید ترقی کرسکے اور بنات حوا کی تربیت و تعلیم کا بہتر سے بہتر نظم کرسکے.

واضح رہے کہ اس سال مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ للبنات الصالحات سے 13 طالبات نے سند فضیلت حاصل کی ہے، یہ مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ گوونڈی کا اٹھارہواں سالانہ جلسہ تھا جبکہ ختم بخاری کا پندرہواں جلسہ تھا، جلسہ کی سرپرستی قاری محمد صادق خان مہتمم جامعہ عربیہ معراج العلوم چیتا کیمپ نے کی، جلسہ کو کامیاب بنانے میں مدرسہ کے اساتذہ و منتظمین بالخصوص مدرسہ کے ناظم کے ساتھ جملہ اراکین ودیگر حضرات پیش پیش رہے.
Comments are closed.