رمضان المبارک خود احتسابی اور اصلاحِ نفس کا مہینہ: مولانا ارشد فیضی قاسمی
نوجوان نسل کو دینی شعور، اخلاق اور نظم و ضبط کی تعلیم دینا وقت کی اہم ضرورت
جالے:(محمد رفیع ساگر)
اسلامک مشن اسکول جالے کے ڈائریکٹر دوگھرا باشندہ مولانا ارشد فیضی قاسمی نے رمضان المبارک کی مناسبت سے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ یہ بابرکت مہینہ انسان کو خود احتسابی، صبر و تقویٰ اور اصلاحِ نفس کا عملی سبق دیتا ہے۔ روزہ صرف بھوک اور پیاس کا نام نہیں بلکہ اپنے نفس، زبان اور کردار کو برائیوں سے بچانے کا نام ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان ہمیں اپنے اندر جھانکنے اور اپنی کوتاہیوں کی اصلاح کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ اس مقدس مہینے میں ہمیں زیادہ سے زیادہ عبادت، تلاوتِ قرآن اور ذکر و اذکار کا اہتمام کرنا چاہیے۔ ساتھ ہی غریبوں، محتاجوں اور ضرورت مندوں کی مدد کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے تاکہ معاشرے میں ہمدردی اور بھائی چارے کا فروغ ہو۔
مولانا ارشد فیضی قاسمی نے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو بچپن ہی سے نماز، روزہ اور اسلامی تعلیمات کی اہمیت سے روشناس کرائیں تاکہ ان کی شخصیت مضبوط اخلاقی بنیادوں پر استوار ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم اور اچھے اخلاق کا امتزاج ہی ایک مثالی اور باوقار معاشرے کی تشکیل کر سکتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ رمضان المبارک ہمیں وقت کی قدر، نظم و ضبط اور برداشت کا بھی درس دیتا ہے۔ اگر ہم اس مہینے کی حقیقی روح کو سمجھ لیں اور اپنی عملی زندگی میں نافذ کریں تو نہ صرف انفرادی بلکہ اجتماعی سطح پر بھی مثبت تبدیلیاں ممکن ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا اور غیر ضروری مشاغل میں وقت ضائع کرنے کے بجائے علم حاصل کرنے، عبادت میں دل لگانے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کی کوشش کریں۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس ماہِ مبارک کو امتِ مسلمہ کے لیے رحمت، مغفرت اور نجات کا ذریعہ بنائے، ملک میں امن و امان قائم رکھے اور ہم سب کو اس کی برکتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔
Comments are closed.