اساتذہ ملت کے مستقبل کے روشن چراغ حضرت مولانا کلیم اللہ خان حلیمی کی حفظ قرآن مجید کی 35 سالہ مثالی خدمات پر کاماریڈی میں تہنیتی تقریب
کاماریڈی: (پریس ریلیز)مدرسہ مصباحُ الہدیٰ، مسجد نور کاماریڈی کے زیرِ اہتمام حضرت مولانا محمد کلیم اللہ خان حلیمی دامت برکاتہم (استادُ الاساتذہ، مدرسہ دارالعلوم حلیمیہ، نظام پیٹ) کی پینتیس سالہ علمی و دینی، بالخصوص قرآنی خدمات کے اعتراف میں ایک باوقار تہنیتی تقریب منعقد کی گئی۔
مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ مولانا کلیم اللہ خان حلیمی نے گزشتہ 35 برسوں کے دوران اخلاص و استقامت کے ساتھ حفظِ قرآنِ مجید کی تعلیم و تربیت کا عظیم فریضہ انجام دے رہے ہیں ان کی مشفقانہ نگرانی، علمی بصیرت اور حکیمانہ طرزِ تدریس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں حفاظِ کرام تیار ہوئے، جو ملک کے مختلف دینی، تعلیمی اور سماجی میدانوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مقررین کے مطابق یہ خدمات کسی بھی دینی ادارے کے لیے قابلِ فخر سرمایہ ہیں جناب محمد انور صاحب دامت برکاتہم العالیہ، مجازِ صحبت حضرت مولانا شاہ منیر احمد صاحب نور اللہ مرقدہٗ، نے مولانا کلیم اللہ خان حلیمی کی خدمت میں سپاس نامہ پیش کیا اور ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر حافظ محمد فہیم الدین منیری، محمد جاوید علی، الحاج شیخ مقیم الدین (صدر مسجد نور)، الحاج سید ذاکر حسین محمد فیروز الدین سمیت دیگر علماء کرام، حفاظِ عظام، صدورِ مساجد اور ذمہ دارانِ مدرسہ نے شرکت کی اور مولانا کی خدماتِ جلیلہ کا اعتراف کیا۔
تقریب کے اختتام پر مدرسہ مصباحُ الہدیٰ، مسجد نور کاماریڈی کے اساتذہ، طلبہ اور منتظمین کی جانب سے مہمانوں کا استقبال کیا گیا، جبکہ مولانا کی صحت و درازیٔ عمر اور مزید دینی خدمات کے لیے دعا کی گئی۔
Comments are closed.