مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں
اے ایم یو کے شعبہ لسانیات نے عالمی یومِ مادری زبان پر خصوصی لیکچر کا اہتمام کیا
علی گڑھ، 21 فروری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ لسانیات نے عالمی یومِ مادری زبان کے موقع پر مسعود حسین خاں لسانیاتی سوسائٹی کے زیر اہتمام ایک خصوصی آن لائن لیکچر کا اہتمام کیا۔
سنٹر فار اپلائیڈ لنگوئسٹکس اینڈ ٹرانسلیشن اسٹڈیز، یونیورسٹی آف حیدرآباد کے پروفیسر نریش انیم نے ”زبان، ادب اور ثقافت کے تحفظ و فروغ میں ترجمہ کا اہم کردار“ موضوع پر کلیدی خطبہ پیش کیا۔ انہوں نے خصوصاً ہندوستان جیسے کثیر لسانی ملک کے تناظر میں کثیر لسانیت کے فروغ، ثقافتی تبادلے کو مضبوط بنانے اور لسانی تنوع کے تحفظ میں ترجمے کے کردار پر روشنی ڈالی۔ قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی 2020) کے اہداف و مقاصد پر زور دیتے ہوئے انہوں نے ہندوستانی زبانوں میں ترجمے کی ضرورت اور ڈیجیٹل دور میں آڈیو ویژول ترجمے کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر بھی گفتگو کی۔
اس سے قبل شعبہ لسانیات کے چیئرمین پروفیسر ایم جے وارثی نے عالمی یومِ مادری زبان کی اہمیت اور کثیر لسانی معاشروں میں مادری زبان کے سماجی و لسانی پہلوؤں پر اظہارِ خیال کیا۔
پروگرام کا اختتام لسانیاتی سوسائٹی کے سکریٹری مسعود علی بیگ کے اظہار تشکر کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر اساتذہ، ریسرچ اسکالرز اور طلبہ کثیر تعداد میں موجود رہے۔
اے ایم یو کے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی میں قیادت و شمولیت کے موضوع پر خصوصی لیکچر کا اہتمام
علی گڑھ، 21 فروری: ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے آئی ای ای ای ویمن اِن انجینئرنگ افینیٹی گروپ نے سنٹر فار انٹیگریٹیڈ گرین اینڈ رینیویبل انرجی (سی جی آر ای) اور لیڈ بائی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ”بریکنگ دی ڈیفالٹ“ کے عنوان پر میکنزی اینڈ کمپنی سے وابستہ، لیڈ بائی فاؤنڈیشن کی بانی ڈاکٹر روحہ شاداب کے خصوصی لیکچر کا اہتمام کیا، جس کا مقصد نوجوان پیشہ ور افراد اور ابھرتے ہوئے انجینئروں میں قیادت، شمولیت اور کاروباری سوچ کو فروغ دینا تھا۔
ڈاکٹر شاداب نے اپنے پیشہ ورانہ تجربات کی روشنی میں شرکاء کو تلقین کی کہ وہ روایتی تصورات پر سوال اٹھائیں، اپنی انفرادیت کو اہمیت دیں اور ایسی مہارتیں پیدا کریں جو انہیں متنوع عالمی ماحول میں قیادت کے قابل بنائیں۔ ان کے خطاب کے بعد ایک تعاملی نشست منعقد ہوئی جس میں طلبہ نے کریئر کے امکانات، قیادت کے چیلنجوں اور ذاتی ترقی کی حکمت عملیوں سے متعلق سوالات کیے۔
پروگرام کا آغاز ڈاکٹر صفیہ اختر کاظمی، فیکلٹی ایڈوائزر، آئی ای ای ای وائی اور کوآرڈینیٹر، سی جی آر ای کے استقبالیہ خطاب سے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مکالمہ اور رہنمائی کو فروغ دینے والے پلیٹ فارم نوجوانوں میں اعتماد، تخلیقی صلاحیت اور استقامت پیدا کرنے کے لیے نہایت اہم ہیں۔
کالج کے پرنسپل پروفیسر محمد مزمل نے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں تکنیکی مہارت کے ساتھ قیادت کی صلاحیتوں کو فروغ دے کر تعلیمی ماحول کو بہتر بناتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب پیشہ ور افراد سے براہِ راست سیکھنے کے مواقع طلبہ کو اپنے عزائم کو وسعت دینے اور جدت و ذمہ دارانہ قیادت کے ذریعے معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
پروگرام میں فلم ساز آدتیہ سیٹھ اور ان کی ٹیم کی جانب سے پیشہ ورانہ میڈیا دستاویز سازی بھی شامل رہی، جس نے اس اقدام کی وسیع تر رسائی کو یقینی بنایا۔ آخر میں ڈاکٹر قرۃالعین، آؤٹ ریچ کوآرڈینیٹر آئی ای ای ای ویمن اِن انجینئرنگ افینیٹی گروپ نے اظہارِ تشکر کیا۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو جیوگرافیکل سوسائٹی کے زیر اہتمام ریسرچ میتھڈولوجی اور اکیڈمک رائٹنگ پر ورکشاپ منعقد
علی گڑھ، 21 فروری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ جغرافیہ نے اے ایم یو جیوگرافیکل سوسائٹی کے اشتراک سے ریسرچ میتھڈولوجی اور اکیڈمک رائٹنگ پر ایک روزہ ورکشاپ منعقد کی جس کا ہدف انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ طلبہ اور ریسرچ اسکالرز کی تحقیقی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا تھا۔
شعبہ جغرافیہ کے چیئرمین پروفیسر شہاب فضل نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے جیوگرافیکل سوسائٹی کی اس علمی کاوش کو سراہا۔ افتتاحی اجلاس میں فیکلٹی آف سائنس کے ڈین پروفیسر سرتاج تبسم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور مستحکم تحقیقی طریقوں اور علمی دیانت کی اہمیت پر زور دیا۔
شعبہ تعلیم کے پروفیسر ساجد جمال نے ڈیٹا جمع کرنے اور لٹریچر ریویو پر خطاب کرتے ہوئے مناسب تحقیقی آلات کے استعمال اور موجودہ علمی کاموں کے تنقیدی مطالعے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ شعبہ سیاسیات کے ڈاکٹر محمد اسلم نے تحقیقی مقالہ نویسی پر گفتگو کی اور اس میں ساخت، وضاحت اور جدت کی اہمیت بیان کی۔ شعبہ سوشیالوجی کے پروفیسر محمد اکرم نے ریسرچ ڈیزائن اور سماجی علوم میں معیاری و مقداری تحقیقی طریقوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ یوجی سی-ایم ایم ٹی ٹی سی کی پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر فائزہ عباسی نے تحقیقی اخلاقیات پر خطاب کرتے ہوئے سرقہ سے بچاؤ اور ڈیٹا کے ذمہ دارانہ استعمال پر زور دیا۔ ورکشاپ کے اختتامی اجلاس میں شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر صالحہ جمال اور ڈاکٹر احمد مجتبیٰ صدیقی نے ورکشاپ کے مقاصد بیان کرتے ہوئے مقررین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام میں طلبہ، ریسرچ اسکالرز اور اساتذہ کی فعال شرکت رہی۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کی فیکلٹی رکن نے عمان میں بین الاقوامی کانفرنس میں مقالہ پیش کیا
علی گڑھ، 21 فروری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ انگریزی کی فیکلٹی رکن ڈاکٹر ثنا نیازی نے عمان کی ظفر یونیورسٹی میں منعقدہ ایک بین الاقوامی کانفرنس میں ”یوزنگ لینگویج گیمز ٹو سینسیٹائز انڈرگریجویٹ ای ایس ایل لرنرز ٹووارڈ کلائمیٹ چینج“ کے عنوان پر اپنا تحقیقی مقالہ پیش کیا، جس میں منظم، تعاملی اور ٹاسک پر مبنی تدریسی حکمت عملیوں کے ذریعے زبان کی تعلیم میں ماحولیاتی شعور کو شامل کرنے پر روشنی ڈالی گئی۔ اس مقالے کے ذریعہ بتایا گیا کہ کس طرح انگریزی زبان کی کلاسیں لسانی مہارتوں کو ماحولیاتی آگہی کے ساتھ جوڑ کر طلبہ میں ابلاغی صلاحیتوں کے ساتھ سماجی ذمہ داری کا شعور بھی پیدا کر سکتی ہیں۔
ڈاکٹر نیازی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یونیورسٹیوں کو نصاب میں زبان پر مبنی جدید اور تخلیقی سرگرمیوں کو شامل کرنا چاہیے تاکہ تعلیم کو زیادہ مؤثر، بامعنی اور سماجی طور پر ذمہ دار بنایا جا سکے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو گرلز اسکول میں سالانہ تقسیم انعامات تقریب منعقد
علی گڑھ، 21 فروری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی گرلز اسکول میں سیلف فنانس اسکیم کے تحت گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طالبات کی سالانہ تقسیم انعامات تقریب منعقد کی گئی جس میں تعلیم اور کھیلوں کے میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات کو اعزاز سے نوازا گیا۔
پرنسپل محترمہ آمنہ ملک اور نائب پرنسپل محترمہ الکا اگروال نے مختلف زمروں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات اور رنر اپ ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے۔ گیمز انچارج ڈاکٹر ذیشان حیدر نے طالبات کو ان کی کامیابیوں پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں تعلیم اور کھیل دونوں میدانوں میں بہترین کارکردگی برقرار رکھنے کی ترغیب دی۔ پروگرام کے کوآرڈنیٹر مسٹر محمد وسیم احمدتھے۔
کھیلوں کے مقابلوں میں گیارہویں جماعت (ایس ایف ایس) نے ایتھلیٹکس، باسکٹ بال، بیڈمنٹن، کرکٹ، کبڈی، کھو کھو، ٹیبل ٹینس اور یوگا میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ بارہویں جماعت (ایس ایف ایس) نے ان مقابلوں میں رنر اپ مقام حاصل کیا۔ والی بال اور رسہ کشی کے مقابلوں میں بارہویں جماعت (ایس ایف ایس) نے پہلا مقام حاصل کیا اور گیارہویں جماعت (ایف ایس ایف) رنر اپ رہی۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے پلاسٹک سرجری شعبہ کے اساتذہ نے جے پور میں منعقدہ قومی کانفرنس میں نمایاں علمی کارکردگی پیش کی
علی گڑھ، 21 فروری: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ پلاسٹک سرجری نے جے پور میں منعقدہ انڈین سوسائٹی آف ریکنسٹرکٹیو مائیکروسرجری کی دو سالہ قومی کانفرنس میں نمایاں علمی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
شعبہ کے چیئرمین پروفیسر محمد فہد خرم نے چیسٹ وال اور بریسٹ ریکنسٹرکشن میں لوکل پرفوریٹر بیسڈ فلیپس پر کلیدی خطبہ پیش کیا، جس میں انہوں نے ایسے جدید طریق ہائے علاج پر روشنی ڈالی جو بہتر نتائج دیتے ہیں۔ ان کی علمی خدمات کے اعتراف میں نیویارک کے میموریل سلون کیٹرنگ ہاسپٹل کے ڈاکٹر پیٹر کورڈیرو نے انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی۔
ڈاکٹر شیخ سرفراز نے فلیپ سیلویج میں جونک تھیریپی کے کردار پر اپنی تحقیق پیش کی اور پیچیدہ ریکنسٹرکٹیو کیسز میں اس کی طبی افادیت کو اجاگر کیا۔ شعبہ کے سابق طالب علم ڈاکٹر تشار پاٹل نے بھی دو ریسرچ پرزنٹیشن کیا۔ اساتذہ اور سابق طلبہ کی اس شرکت نے ریکنسٹرکٹیو مائیکروسرجری کے میدان میں شعبہ کی بڑھتی ہوئی علمی حیثیت اور تعلیمی معیار و جدت کے تئیں اس کے عزم کو اجاگر کیا۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے ویمنس کالج میں انٹرپرینیورشپ آگہی پروگرام کا انعقاد
علی گڑھ، 21 فروری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس (جنرل) نے ویمنس کالج میں ایم ایس ایم ای ٹکنالوجی سینٹر، گریٹر نوئیڈا کے اشتراک اور ڈیولپمنٹ کمشنر دفتر، ایم ایس ایم ای، نئی دہلی کے انٹرپرینیورشپ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام ڈویژن کے تعاون سے انٹرپرینیورشپ آگہی پروگرام منعقد کیا۔ اس کا مقصد طالبات کو خود روزگار کے مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دینا اور اسٹارٹ اپ کے لیے حکومتی معاونت کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا تھا۔
پروگرام میں مسٹر ہاردک راوت نے بطور مہمانِ خصوصی اور کلیدی مقرر شرکت کی۔ اس موقع پر مسٹر سعد حمید (ٹی پی او، جنرل)، ڈاکٹر منصور عالم صدیقی اور ویمنس کالج کے پرنسپل پروفیسر مسعود انور علوی موجود تھے۔
رسمی استقبالیہ کے بعد مسٹر راوت نے اپنے تین دہائیوں پر مشتمل کاروباری تجربے کی روشنی میں کامیاب انٹریپرینیئرز کی اہم خصوصیات جیسے جدت، ثابت قدمی، خطرہ مول لینے کی صلاحیت اور مضبوط روابط سازی پر تفصیل سے گفتگو کی۔
انہوں نے ابھرتے ہوئے انٹریپرینئرز کے لیے دستیاب مختلف حکومتی اسکیموں پر بھی روشنی ڈالی اور کاروبار شروع کرنے اور اسے پائیدار بنانے کے عملی طریقوں سے آگاہ کیا۔ نشست کے آخر میں حاضرین کے ساتھ مہمان مقرر کا مکالمہ ہوا جس میں انھوں نے سوالوں کے جواب دئے۔ ڈاکٹر منصور عالم صدیقی اور مس مزنا احمد نے اظہار تشکر کیا۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے ویمنس کالج میں ٹیچ فار انڈیا فیلوشپ پر کریئر آگہی نشست کا اہتمام
علی گڑھ، 21 فروری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ویمنس کالج کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ سیل نے ”ٹیچ فار انڈیا فیلوشپ“ کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لئے ایک کریئر بیداری نشست کا اہتمام کیا، جس کا ہدف طالبات کو روایتی پیشہ ورانہ کریئر سے آگے بڑھ کر قیادت پر مبنی مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دینا تھا۔
پروگرام میں ٹیچ فار انڈیا کی ریکروٹمنٹ منیجر محترمہ شردھا ڈی نے بطور مہمانِ اعزازی شرکت کی۔ ان کا استقبال فیکلٹی اراکین نے کیا، جن میں ڈاکٹر منصور عالم صدیقی شامل تھے جنہوں نے پروگرام کا تعارف کرایا۔ ٹیچ فار انڈیا کے سابق فیلو اور اے ایم یو کے گریجویٹ مسٹر امجد بھی اس موقع پر موجود رہے۔
محترمہ شردھا نے ترقیات کے شعبے میں اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے ہندوستان کے تعلیمی نظام کو درپیش چیلنجوں پر روشنی ڈالی اور ہر بچے تک معیاری تعلیم پہنچانے کے فیلوشپ کے مشن کو اجاگر کیا۔ انہوں نے دو سالہ فیلوشپ کی ساخت، اہلیت کے معیار، انتخابی عمل اور اسکالرشپ سے متعلق تفصیلات پیش کیں، ساتھ ہی فیلوشپ کے سابق طلبہ نیٹ ورک اور شرکاء کو فراہم کی جانے والی کریئرمعاونت پر بھی روشنی ڈالی۔
اس موقع پر کوئز اور سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی۔ کیمپس ایمبیسیڈر مس ماہدہ اور مس رمشا نے بھی مفید نکات پیش کیے۔ آخر میں مس اسماء خان نے اظہارِ تشکر کیا۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے ایس ٹی ایس اسکول نے انٹر ہال ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ جیتا
علی گڑھ، 21 فروری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے بیڈمنٹن ہال میں انٹر ہال ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا، جس میں مختلف اقامتی ہالوں کی پرجوش شرکت دیکھنے کو ملی۔
فائنل مقابلے میں ایس ٹی ایس اسکول نے سلیمان ہال کو 3–2 سے شکست دے کر ٹیم چیمپئن شپ اپنے نام کی۔ ایس ٹی ایس کی ٹیم میں آدتیہ، ونش اور سچن شامل تھے، جبکہ سلیمان ہال کی نمائندگی تنزیل، شمس اور سبحان نے کی۔ دونوں ٹیموں نے کھیل کے اعلیٰ جذبے کا مظاہرہ کیا۔
مردوں کے اوپن سنگلز فائنل میں آدتیہ نے اوجیسوی کو شکست دے کر ٹورنامنٹ جیتا۔
شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے چیئرمین پروفیسر آدم ملک خان نے تقسیم انعامات تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے نظم و ضبط اور اسپورٹس مین اسپرٹ کی ستائش کی۔
میچوں کے ریفری منتصر، عرفان، طٰہٰ اور سبحان تھے، جنہوں نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران مقابلوں کے منظم انعقاد کو یقینی بنایا۔ یونیورسٹی ٹیبل ٹینس کے کپتان محمد رفیع کی قیادت میں یہ ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا۔
Comments are closed.