جالے کی ام کلثوم نے میٹرک امتحان میں 471 نمبر حاصل کر کے جالے بلاک کا نام روشن کیا

 

جالے(محمد رفیع ساگر)

بہار اسکول ایگزامینیشن بورڈ کے دسویں بورڈ کے حالیہ امتحان میں جالے بلاک کے شیخ محلہ کی ہونہار طالبہ امّ کلثوم نے 471 نمبر حاصل کر کے شاندار کامیابی درج کی ہے اور اپنے خاندان کے ساتھ ساتھ پورے علاقے کا نام روشن کیا ہے۔ وہ ہائی اسکول جنکپور روڈ، پوپری کی طالبہ ہے۔ان کی اس نمایاں کامیابی پر اہلِ محلہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور لوگ مبارکباد پیش کر رہے ہیں۔

امّ کلثوم، محمد اصغر کی صاحبزادی ہیں۔ ان کی کامیابی میں اہلِ خانہ کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کا نمایاں کردار رہا ہے۔ خاندان کے بزرگ اور سرپرستوں نے اس کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محنت، لگن اور مستقل مزاجی کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے سے ہی طلبہ کو کامیابی ملتی ہے۔غور طلب ہو کہ ام کلثوم دارالعلوم بالاساتھ کے بانی الحاج مولانا عبدالحنان مرحوم کی نواسی ہیں۔

طالبہ کی اس کامیابی پر ان کے ماموں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن مولانا حفظ الرحمن ، مولانا مظفررحمانی، انجینئر شہزاد تمنا، حافظ محمد قمر عالم ،صادق آرزو، عامر اقبال، ڈاکٹر سیف، مولانا ارشد فیضی قاسمی، انجینئر شہباز محمد گڈو اور محمد کلام خان سمیت دیگر رشتہ داروں اور معززینِ علاقہ نے مبارکباد پیش کی ہے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ امّ کلثوم کی یہ کامیابی علاقے کے دوسرے طلبہ و طالبات کے لیے بھی حوصلہ افزا مثال ہے اور اس سے تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کا جذبہ مزید مضبوط ہوگا۔

Comments are closed.