رابعہ گرلس پبلک اسکول سہرول میں سالانہ انعامی مقابلہ کا انعقاد، طلبا و طالبات کی تعلیمی کاوش کو کامیاب کرنے کے لئے کمپیوٹر ناگزیر: سلیم پرویز
مدھوبنی: رابعہ گرلس پبلک اسکول سہرول میں آل بہار مسابقہ حفظ و قرأت اور سالانہ ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی جناب سلیم پرویز صاحب چیئرمین بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ، پٹنہ، جناب خالد انور صاحب ایم ایل سی(جدیو)، مولانا انیس الرحمان صاحب قاسمی، جناب امتیاز نورانی و دیگر ممتاز شخصیات شامل رہیں۔ مہمانان کا استقبال شال پوشی و شیلڈ کے ذریعہ کیا گیا۔ خالد حسین ندوی چیئرمین طاہر حسین ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ نے اپنے افتتاحی کلمات میں اس مقابلہ جاتی پروگرام کے انعقاد اور طلبا و طالبات کی استعداد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اطراف کے سبھی مدارس و اسکولوں کو وقتا فوقتا اس طرح کے مسابقاتی پروگرام کا اہتمام کرنا چاہئے تاکہ بچوں کی اندرونی صلاحیتوں کو بروقت فروغ مل سکے۔ وہیں مہمان خصوصی سلیم پرویز صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس دور افتادہ علاقہ میں تعلیم کی رمق برقرار رکھنے کی جدوجہد قابل مبارک باد ہے۔ بنیادی دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر مندی کی تعلیم بھی ضروری ہے اسی وجہ سے طلبا و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کمپیوٹر کی تعلیم کا بندوبست ضروری ہے اور اعلان کی کہ مجھ سے جو خدمات لینا چاہتے ہیں لے سکتے ہیں۔ صدر مجلس مولانا انیس الرحمان قاسمی صاحب نے خطاب فرماتے ہوئے کہا کہ دینی و عصری علوم کا امتزاج روز اول سے قائم رکھ کر ملک و ملت کو فائدہ پہنچانا ضروری ہے۔ خالد انور صاحب نے کہا کہ ہمیں دور اندیشی کے ساتھ کام کرنا چاہئے اور ملک و قوم کے مفاد میں جو فرد جہاں کام کر رہا ہے وہ کرتا رہے اسی سے کامیابی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ جناب غلمان احمد صدیقی ناظم اضلاع دربھنگہ و مدھوبنی جماعت اسلامی ہند نے اس پروگرام کو بامقصد اور پر عزم بتاتے ہوئے کہا کہ معاشرے کو بیدار رکھنے اور بامقصد زندگی گزارنے، اسلامی افکار کا حامل بنانے کے لئے ایسے پروگراموں کا انعقاد کرنے کی ضرورت ہے۔ مہمان خصوصی امتیاز احمد نورانی نے منتظمین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسابقاتی صلاحیتیوں کے فروغ سے طلبا و طالبات میں حاضر جوابی اور کسی بات کو بہتر انداز میں پیش کرنے کا فن آتا ہے اور طلبا و طالبات اور گارجین حضرات کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ سبھی اپنے تعلیم اور اپنے مستقبل کے تئیں ضرور فکرمند رہیں اور ماہرین سے رہنمائی حاصل کرتے رہیں۔ ۔ واضح ہو کہ اس پروگرام میں علامہ شبلی نعمانی ؒ اسکالرشپ پروگرام کے تحت اول، دوم سوم پوزیشن حاصل کرنے والی بچیوں کو شیلڈ و انعامی رقم سے نوازا گیا۔ پروگرام کی نظامت محمد وجہ القمر صدر چراغ ویلفیئر فاؤنڈیشن نے کی اور حاضرین و مساہمین کے لئے اظہار تشکر پیش کیا۔ اس پروگرام میں محمد ضیاء القمر فلاحی، محمد علی نظرا، عارف حسین، ثناء اللہ صدیقی، محمد نسیم، ذوالفقار اللہ دعالے، ارقم حسین، راشد خلیل، شہنواز احمد، حیات اللہ کامل، ذوالقرنین، دانش کمال سرگم کے علاوہ سیکڑوں مؤقر شخصیات تھیں۔
Comments are closed.