حضرت مولانا حکیم محمد عبداللہ مغیثی صاحب کا انتقال ملت اسلامیہ ہندیہ کا عظیم خسارہ:جنرل سکریٹری بورڈ

 

نئی دہلی : 5/اپریل 2026

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کےرکن تاسیسی ورکن عاملہ نیز جامعہ گلزار حسینیہ اجراڑہ کے مہتمم نیز آل انڈیا ملی کونسل کے صدر اورمتعدد اداروں کے ذمہ دار و سرپرستی کا فریضہ انجام دینے والے اور نوجوانوں کے دلوں میں ایمان ویقین کی انگیٹھیوں کو گرمانے والے اور اطراف وانواح کے علاوہ ملک وبیرون ملک میں قدر ومنزلت کی نگاہ سے دیکھے جانے والے حضرت مولانا حکیم محمد عبداللہ مغیثی صاحب کے انتقال سے ملت اسلامیہ ہندیہ کا عظیم خسارہ ہوا ہے ،ان خیالات کا اظہار آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد فضل الرحیم مجددی صاحب نے اپنے بیان میں کیا ہے۔

جنرل سکریٹری بورڈ نے فرمایا کہ وہ ملت کیلئے بڑے فکر مند رہتے ،آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور ملی کونسل کے پروگراموں میں پابندی سے شریک ہوتے اور اپنی بیش قیمت رائے پیش فرماتے ،ملک کے بدلتےحالات پر ان کی گہری نگاہ رہتی تھی ،وہ دارالعلوم ندوۃ العلماء جیسے ادارہ کے رکن اور مظاہر علوم وقف کی مجلس شوریٰ کے بھی رکن تھے ۔

آپ نے مزید فرمایا کہ حضرت مولانا کی وفات سے ملت اسلامیہ ہندیہ کیلئے بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے اور خاص طور پر جامعہ گلزار حسینیہ اجراڑہ کا بڑا خلا ہوا ہےجہاں آپ نے 65 سال کا طویل عرصہ گزارا بلکہ آپ نےاپنی پوری زندگی اس جامعہ کے نام کردی، اللہ رب العزت اس خلا کو غیب سے پورا فرمائے اور ان کے چھوڑے ہوئے کاموں کی تکمیل کیلئے ان کا بدل عطا فرمائے۔

Comments are closed.