یادوں کی خوشبو اور مستقبل کی امیدیں —شیواجی نگر اُردو ممبئی پبلک اسکول نمبر 1 ہشتم جماعت کی شاندار الوداعی تقریب
"محنت کو اپنا شعار بنائیں، حوصلہ کبھی نہ ہاریں، کامیابی خود آپ کے قدم چومے گی۔”؛ انصاری شبینہ
ممبئی (پریس ریلیز)شیواجی نگر اُردو ممبئی پبلک اسکول نمبر 1 میں جماعتِ ہشتم کے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں 4 اپریل کو ایک پُر وقار اور یادگار الوداعی تقریب منعقد ہوئی، جس نے جذبات، یادوں اور امیدوں کا ایک خوبصورت منظر پیش کیا۔
تقریب نہایت منظم انداز میں سجائی گئی، جہاں کلاس روم کو دلکش انداز میں آراستہ کیا گیا۔ فضا میں جدائی کی ہلکی سی اداسی اور مستقبل کی روشن امیدیں یکجا محسوس ہو رہی تھیں۔ طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے جذبات کو نہایت خوبصورت اور مہذب انداز میں پیش کیا۔
تقریب کی نظامت سکینہ شیخ اور زویا شیخ نے نہایت سلیقے اور اعتماد کے ساتھ انجام دی، جبکہ رسمِ شکریہ بھی ثناء شیخ نے مؤثر انداز میں پیش کیے۔ ابتدا میں فیض الدین نے قراءت کی پھر شہباز نے نذرانہ حمد پیش کیا۔
خصوصی سیشن میں طلبہ نے اپنے تاثرات بیان کیے، جن میں زیبا، فلک، نشرح ،شہباز،فیض الدین، نور صبا نے اپنے دل کی کیفیات کو نہایت پُراثر انداز میں پیش کیا۔ ان تاثرات میں اساتذہ کی شفقت، رہنمائی اور بے لوث محنت کا والہانہ اعتراف نمایاں تھا وہیں طالبہ خان صوفیہ نے نہایت دلنشیں اور پُراثر انداز میں اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیا، جس نے محفل کو ایک جذباتی رنگ عطا کیا۔
بعد ازاں اساتذۂ کرام نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے اپنے تجربات اور قیمتی نصائح سے نوازا۔ اس موقع پر رفعت شیخ، انصاری واجدہ، انصاری شبینہ، شاہین اور شبنم شوکت صاحبہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے طلبہ کو محنت، نظم و ضبط اور اعلیٰ اخلاق کو اپنانے کی تلقین کی، اور انہیں مستقبل میں کامیابی کے لیے پُرعزم رہنے کا پیغام دیا۔
تقریب کے اختتام پر طلبہ و طالبات نے اپنے تعلیمی سفر کی حسین یادوں کو دل میں سمیٹتے ہوئے آگے بڑھنے کا عزم ظاہر کیا۔ یہ تقریب نہ صرف ایک تعلیمی مرحلے کا اختتام تھی بلکہ ایک روشن مستقبل کی جانب نئے سفر کا آغاز بھی ثابت ہوئی۔
Comments are closed.