مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں
پریس ریلیز
اے ایم یو کے شعبہ سوشیالوجی میں سماجی شعبے میں کریئر کے مواقع پر خصوصی سیشن منعقد
علی گڑھ، 20 اپریل: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ سوشیالوجی نے ”سماجی شعبے میں کریئر کے مواقع“ موضوع پر ایک انٹرایکٹیو سیشن منعقد کیا جس میں انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے تقریباً 40 طلبہ نے شرکت کی۔ چیئرپرسن پروفیسر محمد اکرم نے ریسورس پرسن مسٹر سعد حمید، ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسر (جنرل) کا خیرمقدم کیا۔ انھوں نے بروقت اور درست کریئر رہنمائی کی اہمیت پر زور دیا۔
مسٹر سعد حمید نے اپنے خطاب میں کریئر میں واضح ہدف، مضبوط تعلیمی بنیاد، تکنیکی و عملی مہارتوں اور متوازن شخصیت کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے متعدد م ثالوں سے کریئر کی تعمیر میں سمت اور اہداف کے تعین کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
پروگرام کے انعقاد میں طلبہ رضاکاروں مامون یاسر، نازیہ، سلمان اور مفیدہ نے تعاون فراہم کیا۔ پروفیسر اکرم نے ریسورس پرسن اور طلبہ کی فعال شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے شعبہ سوشل ورک نے جل جیون مشن کے اثرات کے مطالعہ کے دوسرے مرحلہ میں ایٹہ ضلع میں فیلڈ ورک شروع کیا
علی گڑھ، 20 اپریل: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے شعبہ سوشل ورک نے ضلع علی گڑھ میں کامیاب اسسمنٹ کے بعد جل جیون مشن کے اثرات کے مطالعے کے دوسرے مرحلے کا آغاز ضلع ایٹہ سے کیاہے۔
یہ مطالعہ اتر پردیش اسٹیٹ واٹر اینڈ سینیٹیشن مشن کی ہدایات کے تحت انجام دیا جا رہا ہے، جس کا ہدف ’ہر گھر جل‘ اسکیم کے سماجی و معاشی اور صحت عامہ کے تعلق سے اثرات کا جائزہ لینا ہے۔ اس سلسلے میں ضلع کے شیتل پور، مارہرہ، نِدھولی کلاں، ساکت، جیٹھرا، جلیسر، اواگڑھ اور علی گنج ترقیاتی بلاکوں میں فیلڈ ورک کیا جائے گا۔
صدر شعبہ پروفیسر اکرام حسین کی قیادت اور انجینئر لوکیش شرما، ایگزیکٹو انجینئر، یو پی جل نگم (دیہی) کے اشتراک سے جاری اس مطالعے میں گھریلو سروے، فوکس گروپ مباحثے اور کلیدی معلوماتی انٹرویو شامل ہیں۔ اس میں صحت عامہ، اسکول میں داخلہ، نقل مکانی کے رجحانات، خواتین کی اختیار دہی اور بنیادی ڈھانچے کی پائیداری جیسے اشاریوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
تحقیقی ٹیم کی قیادت ڈاکٹر محمد طاہر (پرنسپل انویسٹی گیٹر) اور ڈاکٹر عندلیب (شریک پرنسپل انویسٹی گیٹر) کر رہے ہیں، جبکہ پروفیسر نسیم احمد خان، ڈاکٹر قرۃ العین علی، ڈاکٹر شائنا سیف، ڈاکٹر محمد عارف خاں، ڈاکٹر محمد عذیر، ڈاکٹر سمیرہ خانم اور ڈاکٹر انم آفتاب ان کی معاونت کر رہے ہیں۔
یہ مطالعہ جل نگم (دیہی) اور ڈسٹرکٹ پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (ڈی پی ایم یو) کے تعاون سے انجام دیا جا رہا ہے، جبکہ فیلڈ ورک میں ریسرچ اسسٹنٹس اور فیلڈ انویسٹی گیٹرز ڈاکٹر طہٰ فاطمہ، محمد سمیر خان، محمد بلال خان، حمزہ علی، مظفر ہاشمی، عبد الحنان، معاذ فاروق اور محمد محسن کی خدمات شامل ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے پانچ طلبہ کو ایگل برگ مین انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ نے منتخب کیا
علی گڑھ، 20 اپریل: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے پانچ طلبہ کو کیمپس پلیسمنٹ مہم کے توسط سے ایگل برگ مین انڈیا پرائیویٹ لمیٹیڈ، پونے نے ملازمت کے لئے منتخب کیا ہے۔ یہ پلیسمنٹ مہم بی ٹیک /بی ای (مکینیکل اور کیمیکل انجینئرنگ) کے طلبہ کے لیے منعقد کی گئی تھی۔ منتخب ہونے والے طلبہ میں محمد سلمان اور محمد انس (بی ای مکینیکل)، محمد عدیل (بی ٹیک مکینیکل)، اجے سنگھ راٹھور اور سیرت فاطمہ (بی ٹیک کیمیکل) شامل ہیں۔ بھرتی کے عمل میں آن لائن اپٹیٹیوڈ ٹیسٹ، تکنیکی اور ایچ آر انٹرویو شامل تھے۔ مجموعی طور پر 40 طلبہ کو شارٹ لسٹ کیا گیا، جن میں سے پانچ طلبہ نے حتمی کامیابی حاصل کی۔
کالج کے پرنسپل پروفیسر محمد مزمل اور ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ انچارج ڈاکٹر معینہ اطہر نے منتخب طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور ان کے پیشہ ورانہ مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو میں آٹزم کے سلسلہ میں سرپرستوں کے لئے بیداری پروگرام منعقد
علی گڑھ، 20 اپریل:جے این میڈیکل کالج و اسپتال، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ڈسٹرکٹ ارلی انٹروینشن سینٹر و سینٹر آف ایکسیلنس (ڈی ای آئی سی- سی او ای) نے عالمی آٹزم آگہی ہفتہ 2026 کے موقع پر آٹزم سے متاثرہ بچوں کے والدین، سرپرستوں اور اہل خانہ کی رہنمائی اور آگہی کے لیے ایک اورینٹیشن پروگرام سنٹر کی نوڈل آفیسر اور شعبہ امراض اطفال کی چیئرپرسن پروفیسر عظمیٰ فردوس کی رہنمائی میں منعقد کیا۔
شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈاکٹر نوید الرحمٰن نے کلیدی مقرر ڈاکٹر اوم سائی رمیش، سینئر چائلڈ سائیکاٹرسٹ، لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالج، نئی دہلی کا تعارف کرایا۔ ڈاکٹر محمد نوشاد نے آٹزم کی ابتدائی تشخیص اور بروقت مداخلت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کے حقوق سے متعلق آگہی میں والدین کے کردار کو اجاگر کیا۔
اپنے کلیدی خطاب میں ڈاکٹر رمیش نے آٹزم کو دنیا کو دیکھنے کا ایک مختلف انداز قرار دیا اور شواہد پر مبنی مداخلتوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کے لئے ڈی ای آئی سی کی خدمات کو سراہا۔
ڈاکٹر سنجیدہ نور نے تھراپی میں تسلسل کی اہمیت کو اجاگر کیا، جبکہ ڈاکٹر فردوس جہاں نے پیشہ ورانہ بصیرت کے ساتھ والدین کے خدشات کا ازالہ کیا۔ سیشن میں ایک انٹرایکٹیو مباحثہ بھی شامل تھا، جس میں والدین نے رویے اور ابلاغ سے متعلق مسائل پر سوالات کئے۔ پروگرام کو مسٹر محمد احمد نے مربوط کیا۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو میں منعقدہ ’عکس26‘ میں ثقافتی رنگا رنگی اور تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ
علی گڑھ، 20 اپریل: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے کلچرل ایجوکیشن سینٹر (سی ای سی) کے زیر اہتمام یونیورسٹی ہابیز ورکشاپ (یو ایچ ڈبلیو) نے کینیڈی آڈیٹوریم اور سی ای سی احاطے میں تین روزہ ثقافتی پروگرام ’عکس26‘کا اہتمام کیا، جس میں مختلف شعبہ جات کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ اس میں مٹی کی برتن سازی (پوٹر ی)، ریورس آرٹ، پینٹنگ، اَن سولوڈ مِسٹری سیشنز، نمائشیں، بی جی ایم آئی مقابلہ، فوٹوگرافی، اسٹینڈ اپ کامیڈی اور بیت بازی جیسی سرگرمیاں شامل تھیں۔
افتتاحی تقریب میں پروفیسر ایف ایس شیرانی (سابق کوآرڈینیٹر،سی ای سی) نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور سی ای سی کی تاریخی ترقی اور عصری تعلیمی و ثقافتی ڈھانچے کی تشکیل میں اس کے کردار پر روشنی ڈالی۔ مہمانانِ اعزازی کے طور پر ڈین، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن پروفیسر ایس ایم صفدر اشرف،، اور اے ایم یو کے سابق طالب علم، ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر مسٹر کوشل کمار شریک ہوئے، جنہوں نے ادارے کی روایت اور ذاتی و پیشہ ورانہ ترقی میں اس کے کردار پر اظہارِ خیال کیا۔
پروفیسر محمد رضوان خان، کوآرڈینیٹر،سی ای سی نے ادارہ جاتی برتری کے لیے نظم و ضبط، منظم منصوبہ بندی اور نتیجہ خیز حکمت عملیوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔
ڈاکٹر عمار ابن انور، صدر، یو ایچ ڈبلیو نے پروگرام کی روایت اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی، جن میں 2012 کا گنیز ورلڈ ریکارڈ بھی شامل ہے۔ مینٹور ڈاکٹر محمد عمران اور ڈاکٹر محمد اسداللہ نے طلبہ کو تخلیقی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی، جبکہ مس زوبیہ زاہد، سکریٹری، یو ایچ ڈبلیو نے پروگرام کی سرگرمیوں کی تفصیل پیش کی۔
پہلے دن پوٹری ورکشاپ، فیس پینٹنگ اور ’اَن سولوڈ مِسٹری‘ جیسی سرگرمیوں کے ساتھ کیمپس گوٹ ٹیلنٹ اور موسیقی کی پیشکش نے سبھی کو متاثر کیا، جن میں مسٹر حارث رضا اشرف کی تجریدی آرٹ پیشکش بھی شامل رہی۔ دوسرے دن بی جی ایم آئی مقابلہ، فوٹوگرافی اور اسٹینڈ اپ کامیڈی سیشن منعقد کیا گیا۔ فیسٹیول کے آخری دن بیت بازی مقابلہ ہوا۔ اس میں محمد عبداللہ، عبدالرحمٰن اور معراج سرور پر مشتمل ٹیم کو فاتح قرار دیا گیا۔ پروفیسر ضیاء الرحمٰن صدیقی، ڈاکٹر آفتاب عالم اور مسز ممتاز نسیم بیت بازی مقابلہ کے جج تھے۔
پروگرام کا اختتام فیضان الٰہی اور ان کی ٹیم کی متاثر کن قوالی پیشکش کے ساتھ ہوا۔
٭٭٭٭٭٭
پروفیسر پروین فاروقی نے ویمنس پولی ٹیکنک، اے ایم یو کے پرنسپل کے عہدے کا اضافی چارج سنبھالا
علی گڑھ، 20 اپریل: ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈٹکنالوجی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ مکینیکل انجینئرنگ سے وابستہ پروفیسر پروین فاروقی کو ویمنس پولی ٹیکنک کے پرنسپل کے عہدے کا اضافی چارج سونپا گیا ہے۔ انھوں نے عہدے کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ ان کی مدت کار مستقل پرنسپل کی تقرری یا اگلے احکامات تک کے لئے ہوگی۔
انڈسٹریل اینڈ پروڈکشن انجینئرنگ کی ماہر پروفیسر فاروقی کو اے ایم یو میں تدریس کا تین دہائیوں سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ وہ 2016 سے پروفیسر کے عہدے پر فائز ہیں اور انہوں نے سپلائی چین مینجمنٹ میں پی ایچ ڈی اے ایم یو سے ہی مکمل کی ہے۔ ان کے اختصاص کے شعبوں میں انڈسٹریل انجینئرنگ، سپلائی چین ماڈلنگ، کوالٹی مینجمنٹ اور مینوفیکچرنگ سسٹمز شامل ہیں۔ انہوں نے نمایاں تحقیقی خدمات انجام دی ہیں اور متعدد قومی و بین الاقوامی جرائد میں ان کے تحقیقی مضامین شائع ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ کانفرنسوں اور فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرامز میں بھی شریک رہی ہیں، اور پی ایچ ڈی، پوسٹ گریجویٹ اور انڈرگریجویٹ سطح کے تحقیقی منصوبوں کی نگرانی بھی کی ہے۔ پروفیسر فاروقی مختلف تعلیمی و انتظامی ذمہ داریوں سے بھی وابستہ رہی ہیں، جن میں ٹی ای کیو آئی پی کے کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دینا اور ادارے کی اہم کمیٹیوں کی رکنیت شامل ہے۔
٭٭٭٭٭٭
پروفیسر آسیہ سلطانہ، اے ایم یو کے بیگم عزیزالنسا ہال کی پرووسٹ مقرر
علی گڑھ، 20 اپریل:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے اجمل خاں طبیہ کالج کے شعبہ علاج بالتدبیر سے وابستہ پروفیسر آسیہ سلطانہ کو دو سال کے لئے بیگم عزیزالنساء ہال کا پرووسٹ مقرر کیا گیا ہے۔
ایک ممتاز فیکلٹی ممبر، معالج اور محقق کے طور پر پروفیسر آسیہ سلطانہ اس وقت شعبہ علاج بالتدبیر کی چیئرپرسن ہیں، اور ساتھ ہی اے ایم یو میں اینٹی ڈسکریمنیشن آفیسر اور ایکول اپرچیونیٹی سیل کی انچارج کے فرائض بھی انجام دے رہی ہیں۔ تدریس، طبی خدمات اور تحقیق میں 26 سال سے زائد کے تجربے کے ساتھ انہوں نے یونانی طب کی ترقی میں قومی و بین الاقوامی سطح پر گرانقدر خدمات انجام دی ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے شعبہ پیٹرولیم اسٹڈیز میں ”ویلنس اسپیکٹرم“ کے عنوان سے جسمانی و ذہنی صحت پر مبنی خصوصی پروگرام کا انعقاد
علی گڑھ، 20 اپریل: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ پیٹرولیم اسٹڈیز نے شعبہ کیمیکل انجینئرنگ کے اشتراک سے طلبہ کی ہمہ جہت فلاح و بہبود کے لیے ’ویلنس اسپیکٹرم: مائنڈ اینڈ باڈی سیشنز‘ کے عنوان سے ایک پروگرام منعقد کیا، جس میں جسمانی صحت اور ذہنی تندرستی پر دو سیشن شامل تھے۔
’اِگنائٹ یور انرجی‘کے عنوان پر پہلا سیشن پروفیسر بی بی سنگھ، شعبہ فزیکل ایجوکیشن نے منعقد کیا، جس میں انہوں نے فنکشنل ٹریننگ، یوگ کی مشقوں اور درست جسمانی حرکات کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور مجموعی صحت کے لیے باقاعدہ ورزش کی اہمیت پر زور دیا۔
’کام یور مائنڈ‘کے عنوان پر دوسرے سیشن کی قیادت ڈاکٹر نشید امتیاز، کوآرڈینیٹر، اسٹوڈنٹس کاؤنسلنگ سینٹر نے کی، جس میں انہوں نے اسٹریس مینجمنٹ، مائنڈفُلنیس اور جذباتی استحکام پر گفتگو کی۔ انہوں نے طلبہ کو عملی تکنیکوں اور مشقوں کے ذریعے ذہنی توازن بہتر بنانے اور تعلیمی دباؤ سے نمٹنے کے طریقے بھی بتائے۔
شعبہ پیٹرولیم اسٹڈیز کے چیئرمین مسٹر اشرف متین نے مہمان مقررین کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں کیمپس میں صحت مند ماحول کے قیام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
Comments are closed.