اسلحہ اور کارتوس کے ساتھ 2 نوجوان گرفتار، مجرمانہ واردات کی تیاری ناکام

 

جالے:(محمد رفیع ساگر)

مقامی تھانہ کے سرحدی علاقہ بوکھڑا تھانہ کی پولیس نے منگل کی رات ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے مجرمانہ واردات کو انجام دینے نکلے 2 نوجوانوں کو اسلحہ، میگزین اور زندہ کارتوس کے ساتھ گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی تھانہ حلقہ کے چکوتی بن ٹولا واقع پل کے قریب انجام دی گئی۔

گرفتار شدگان کی شناخت ضلع سیتامڑھی کے نانپور تھانہ علاقہ کے ٹھکہا مجھہور گاؤں کے ابو حذیفہ اور ضلع دربھنگہ کے جالے تھانہ علاقہ کے ملکپور گاؤں کے محمد ریحان کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے دونوں کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل بھی ضبط کی ہے۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے انہیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ بدھ کے روز بوکھڑا تھانہ میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اس واقعہ کی جانکاری دیتے ہوئے پوپری ایس ڈی پی او و ایڈیشنل ایس پی سنییتا کماری نے بتایا کہ 21 اپریل کی رات بوکھڑا پولیس گشتی اور چھاپہ ماری کے لیے نکلی تھی۔ حالیہ دنوں میں چکوتی اور کھڑکا گاؤں میں ہوئی چوری کی وارداتوں کے پیش نظر گشت میں اضافہ کیا گیا تھا۔

گشت کے دوران چکوتی بن ٹولا کے پل کے قریب دو افراد کو موٹر سائیکل سمیت روک کر تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران ابو حذیفہ (19 سال)، ولد قمر توحید، ساکن ٹھکہا مجھہور، وارڈ 13، کے پاس سے ایک غیر قانونی دیسی پستول، میگزین اور زندہ کارتوس برآمد ہوا، جبکہ محمد ریحان (22 سال)، ولد شعیب، ساکن ملکپور، تھانہ جالے ضلع دربھنگہ، کے پاس سے ایک میگزین اور ایک زندہ گولی برآمد کی گئی۔

ایڈیشنل ایس پی نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران دونوں نے اعتراف کیا کہ وہ کسی مجرمانہ واردات کو انجام دینے جا رہے تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ دونوں آئی آئی ٹی متھلا، دربھنگہ کے ہاسٹل میں رہتے ہیں۔

سنییتا کماری کے مطابق دونوں ملزمان کا مجرمانہ ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے اور ان کے خلاف مزید معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔

اس کارروائی میں بوکھڑا تھانہ انچارج للن کمار، اسسٹنٹ سب انسپکٹر شیوجنم رائے، اور پولیس اہلکار راجیو کمار، دھیرج کمار اور بلٹ شاہ شامل تھے۔

Comments are closed.