آل انڈیا ملی کونسل، بہار کی جانب سے مردم شماری کے سلسلے میں عوام سے اہم اپیل

پٹنہ(پریس ریلیز)

آل انڈیا ملی کونسل، بہار کے صدر مولانا ڈاکٹر محمد عالم قاسمی اور جنرل سکریٹری مولانا مفتی محمد نافع عارفی  نے ریاست کے تمام باشندگان سے یہ نہایت اہم اپیل کی ہے کہ وہ ملک میں جاری مردم شماری کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور حکومت کے اس قومی فریضے میں مکمل تعاون کریں۔

 

مردم شماری کسی بھی ملک کے لیے نہایت اہم اور بنیادی عمل ہوتا ہے۔ اسی کے ذریعے حکومت کو ملک کے باشندوں کی صحیح تعداد، ان کی معاشی، تعلیمی اور سماجی حالت کا اندازہ ہوتا ہے، اور انہی معلومات کی بنیاد پر فلاحی اسکیمیں اور ترقیاتی پالیسیاں تیار کی جاتی ہیں۔ لہٰذا ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس عمل میں سنجیدگی سے حصہ لے اور درست و مکمل معلومات فراہم کرے۔

 

حکومتِ ہند کی جانب سے مردم شماری 2027 کا عمل شروع ہو چکا ہے، جس کا پہلا مرحلہ آن لائن خود شماری (Self-Enumeration) کا ہے۔ اس کے لیے حکومت کی جانب سے مردم شماری کی متعین کردہ ویب سائٹ www.censusindia.gov.inپر فارم دستیاب ہے، جہاں ہر شخص اپنی معلومات درج کر سکتا ہے۔ یہ مرحلہ 17 اپریل سے شروع ہو چکا ہے ، جو یکم مئی تک جاری رہے گا۔ جو حضرات خود آن لائن فارم بھر سکتے ہیں، وہ جلد از جلد اپنی تفصیلات درج کریں اور اس کا پرنٹ نکال کر محفوظ رکھیں۔

 

دوسرا مرحلہ 2 مئی سے 31 مئی 2026 تک جاری رہے گا، جس میں سرکاری عملہ گھر گھر جا کر معلومات جمع کرے گا۔ ایسے افراد جنہوں نے پہلے سے آن لائن اندراج کر لیا ہو، وہ اس کا پرنٹ سرکاری عملے کو فراہم کریں، جبکہ جنہوں نے آن لائن اندراج نہیں کیا ہے، وہ اس وقت اپنی مکمل اور درست معلومات فراہم کریں۔

 

مردم شماری کے فارم میں مکان، خاندان، تعلیم، روزگار، پانی، بجلی، بیت الخلا، انٹرنیٹ، موبائل، گاڑی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق تفصیلی سوالات شامل ہیں۔ اس لیے بہتر ہے کہ لوگ پہلے سے اپنی معلومات تیار رکھیں تاکہ اندراج میں آسانی ہو اور کوئی غلطی نہ ہو۔

 

آل انڈیا ملی کونسل، بہار تمام سماجی کارکنان اور ملی تنظیموں سے بھی اپیل کرتی ہے کہ وہ اس اہم قومی فریضے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ملی کونسل سمیت ملک کی کئی عوامی اور ملی تنظیموں کی جانب سے ملک کی مختلف ریاستوں میں ایسے لوگوں کی رہنمائی کا انتظام کیا گیا ہے ، جو خود آن لائن فارم بھرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ ان کی رہنمائی اور مدد کے لیے رضاکار حضرات موجود ہیں ان کا تعاون حاصل کیا جائے تاکہ ہر شخص کی درست اندراج ممکن ہو سکے۔

 

صدر اور جنرل سکریٹری محترم نے عوام الناس، سماجی تنظیموں اور سماج کے ذمہ دار افراد سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم کام کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے بھرپور تعاون کریں اور ملک کی ترقی و فلاح کے اس عمل کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

Comments are closed.