مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

اے ایم یو کے خلیق احمد نظامی مرکز برائے قرآنی مطالعات کے طلبہ کی قرآنی ماحولیاتی اخلاقیات پر مبنی متاثر کن ویڈیو پیشکش
علی گڑھ، 3 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے خلیق احمد نظامی مرکز برائے قرآنی مطالعات کے طلبہ نے قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) 2020کے تحت آئی سی ٹی سے مربوط نصاب کے حصے کے طور پر ”قرآنی ماحولیاتی اخلاقیات“ پر مبنی مختصر ویڈیو کلپس کی ایک سیریز پیش کی۔
بی اے ریسرچ، بی اے (آنرز) آٹھویں سمسٹر اور ایم اے دوئم سمسٹر کے طلبہ نے امانت، اسراف اور میزان جیسے اہم قرآنی تصورات کو تخلیقی انداز میں پیش کیا اور انہیں روزمرہ کے معمولات مثلاً وسائل کے معتدل استعمال، فضلہ کے انتظام اور ماحولیاتی تحفظ سے جوڑا۔ طلبہ کی پیشکش میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ماحولیات کی حفاظت ایک بنیادی ذمہ داری ہے۔ اس پیشکش کا مقصد تخلیقی اظہار کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ نظریاتی فہم کو بھی بہتر بنانا تھا، جس میں تعلیمی خیالات کو دلکش اور قابلِ فہم انداز میں پیش کیا گیا، جسے خاصی پذیرائی ملی۔
فیکلٹی اراکین ڈاکٹر نذیر اے بی مجید اور ڈاکٹر ارشد اقبال نے طلبہ کو مفید مشورے دیے۔ مرکز کے اعزازی ڈائریکٹر پروفیسر عبد الرحیم قدوائی نے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی، جبکہ ڈاکٹر فائزہ عباسی نے اس سرگرمی کے دوران طلبہ کی رہنمائی کی۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے سروجنی نائیڈو ہال میں سالانہ ہال ہفتہ کا اہتمام، ’کاروانِ ثقافت‘ کے ساتھ تقریبات تکمیل کو پہنچیں
علی گڑھ، 3 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سروجنی نائیڈو ہال میں سالانہ ہال ہفتہ کی تقریبات جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئیں، جن کا شاندار اختتام ’کاروانِ ثقافت‘ کے عنوان سے ہال ڈنر پر ہوا۔ یہ پروگرام پرووسٹ پروفیسر عروس الیاس کی رہنمائی میں منعقد کیا گیا۔
ہفتہ بھر جاری رہنے والے اس پروگرام میں کھیل اور ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کی متنوع جھلک پیش کی گئی، جس میں طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ تقریبات کا آغاز بِلِس جمنازیم فیسٹ سے ہوا، جس نے جسمانی صحت اور ٹیم ورک کو فروغ دیا۔ اس کے بعد کھیلوں کے مقابلے ہوئے، جن میں بیڈمنٹن، شطرنج، کیرم، ٹیبل ٹینس، کبڈی، رسہ کشی، والی بال اور کرکٹ شامل تھے۔
ادبی سرگرمیوں میں ایڈ میڈ، نو انگریزی، بک بیگ، خطاطی، ایموجینیشن اور اسپیل بی جیسے پروگرام شامل تھے، جنہوں نے طلبہ کو اپنی تخلیقی اور فکری صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا۔ ثقافتی تقریبات میں سولو گائیکی، فیشن شو، مٹی کے برتنوں کی پینٹنگ، برائیڈل شو، آگ کے بغیر کھانا تیار کرنے کا مقابلہ اور ثقافتی شو شامل تھے۔
عشائیہ کی تقریب وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کی سرپرستی میں منعقد ہوئی، جس میں محترمہ کنشک سریواستو، اے ڈی ایم سٹی بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئیں، جبکہ سابق وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے بطور مہمانِ خاص شرکت کی۔ ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر ایم اطہر انصاری نے بھی تقریب کی رونق بڑھائی۔ مہمانوں نے طلبہ کی کاوشوں کو سراہا اور اس طرح کے پلیٹ فارمز کو صلاحیت، قیادت اور کمیونٹی جذبے کو فروغ دینے کے لیے اہم قرار دیا۔
پروگرام کا اختتام ایک پُروقار عشائیے کے ساتھ ہوا، جس نے اقامت پذیر طالبات کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کیا اور اس کامیاب تقریب کی یادگار تکمیل کی۔ اس موقع پر پروفیسر محمد گلریز کے بدست سروجنی نائیڈو ہال میں ’پرنسیز پویلین‘ کا افتتاح پرووسٹ، وارڈنز اور طالبات کی موجودگی میں عمل میں آیا۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے پروفیسر کا قومی کانفرنس میں کلیدی خطاب
علی گڑھ، 3مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی کے پروفیسر محمد عاصم صدیقی نے انٹیگرل یونیورسٹی، لکھنؤ میں منعقدہ قومی کانفرنس بعنوان ”ری امیجننگ انڈیا اینڈ بیونڈ: نیریٹیوز آف بیلونگنگ، ڈائیورسٹی اور کوایگزسٹنس اِن لٹریچر اینڈ سنیما“میں کلیدی خطبہ پیش کیا۔
اپنے خطاب میں پروفیسر صدیقی نے ادب اور سنیما کے باہمی تعلق پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ادبی متون کی نئی تعبیرات اور ان کی فلمی تشکیل نو ایک تخلیقی عمل ہے، جو نئے تناظرات میں نئے معانی پیدا کرتی ہے۔
انہوں نے شیکسپیئر کے ڈرامے ”ہیملٹ“ کی ہندی سنیما اور ہالی وڈ میں ہونے والی مختلف پیشکشوں کا حوالہ دیتے ہوئے لارنس اولیویئر اور کشور ساہو کی نمایاں تعبیرات پر گفتگو کی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پارسی تھیٹر نے ہندوستان میں سنیما کی کہانی سازی کو تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
پروفیسر صدیقی نے ہندوستانی ادب کی منتخب تخلیقات کا جائزہ بھی پیش کیا، جو وابستگی، تنوع اور بقائے باہمی کے ابھرتے ہوئے مباحث میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے ایس ٹی ایس اسکول میں اولمپیاڈ اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے والے طلبہ کو اعزاز سے نوازا گیا
علی گڑھ، 3مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ایس ٹی ایس اسکول میں قومی، ریاستی اور انٹر اسکول سطح پر اولمپیاڈ اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔پروگرام میں ڈپٹی ڈائریکٹر، اسکول ایجوکیشن، اے ایم یو پروفیسر محمد اعظم خان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر صالحہ جمال نے شرکت کی۔
نمایاں کامیاب طلبہ میں دسویں جماعت کے کیسری نندن گوڑ نے سلور زون آئی او ایم اولمپیاڈ میں قومی سطح پر اعلیٰ ترین پوزیشن حاصل کی، جبکہ ابو حریرہ نے زونل گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ ابو بکر اور علی رضا نے انٹراسکول سائنس نمائش ’سائیبریشن 25‘ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
طلبہ نے ہم نصابی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی شاندار کارکردگی پیش کی۔ محمد تیمور علی اور تنمے چترویدی نے خطاطی میں انعامات حاصل کیے، جبکہ شیوانش چوہان نے ٹیبل ٹینس میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
اسکول نے ایس او ایف، سلور زون، یونیفائیڈ کونسل اور این ایس ٹی ایس ای جیسے اداروں کے زیر اہتمام منعقدہ اولمپیاڈز میں نمایاں کامیابی حاصل کی، جہاں 200 میں سے 90 طلبہ نے رینک اور میڈلز حاصل کیے۔
پرنسپل مسٹر فیصل نفیس نے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے مستقل محنت و لگن کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ ڈاکٹر صالحہ جمال نے طلبہ کو یکسوئی کے ساتھ کامیابی کی راہ پر گامزن رہنے کی تلقین کی۔
٭٭٭٭٭٭
(دفتر رابطہ عامہ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی)

Comments are closed.