الہدایہ کیمپس، بدلاپور میں منعقدہ اخلاقی و تربیتی سمر کیمپ کا کامیاب اختتام

 

بدلاپور(محمد توقیر رحمانی): الہدایہ کیمپس، بدلاپور میں مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر، ممبئی کے اشتراک سے منعقدہ 8 روزہ اخلاقی و تربیتی سمر کیمپ 3 مئی 2026 کو بحسن و خوبی اختتام پذیر ہوا۔ یہ کیمپ 26 اپریل سے 3 مئی 2026 تک جاری رہا، جس میں ممبئی اور مضافاتی علاقوں سے تعلق رکھنے والے 8 سے 14 سال کے 38 طلبہ نے شرکت کی۔ اس کیمپ نے بچوں کو اخلاقی تربیت، روحانی نشوونما اور جسمانی سرگرمیوں کا ایک حسین امتزاج فراہم کیا۔

 

کیمپ کے دوران طلبہ کو ایک جامع اور متوازن پروگرام کے تحت اسلامی تعلیمات، اخلاقی اقدار اور باہمی حسنِ سلوک کی تربیت دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ تقریر، قرأت اور اذان کے مقابلے بھی منعقد کیے گئے، جنہوں نے طلبہ کے اعتماد اور اظہارِ خیال کو نکھارا۔

جسمانی اور روحانی صحت پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ طلبہ نے گھڑسواری، کرکٹ اور فٹبال ٹورنامنٹس، پہاڑی مہم (ٹریکننگ)، دریا میں تیراکی اور دیگر سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جس سے ان میں ٹیم ورک، حوصلہ اور جفاکشی کے جذبات پروان چڑھے۔

 

کیمپ کی ایک اہم اور بامقصد سرگرمی شجرکاری تھی۔ ہر طالب علم نے اپنے نام کا ایک پودا لگایا، جس کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا کہ ماحول کی حفاظت اور سرسبزی و شادابی کو فروغ دینا نہ صرف ہماری سماجی ذمہ داری ہے بلکہ سنتِ نبویؐ بھی ہے۔ الحمدللہ، بچوں نے اس عمل کو نہایت جوش و خروش کے ساتھ اپنایا، جو ان کی بڑھتی ہوئی ماحولیاتی اور روحانی شعور کی علامت ہے۔

 

طلبہ نے سیرتِ نبویؐ کا بھی مطالعہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی عملی زندگی میں حضور اکرم ﷺ کے اخلاقِ حسنہ کو اپنائیں گے اور آپؐ کی سنتوں کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں گے۔ کیمپ کو موبائل فری رکھا گیا، جس نے یہ ثابت کیا کہ اسکرین کے اس دور میں بھی بچوں کو مثبت سرگرمیوں کے ذریعے باقاعدہ، منظم اور بامقصد بنایا جاسکتا ہے۔

 

کیمپ کا اختتام ایک پروقار الوداعی تقریب پر ہوا، جس میں بچوں کے والدین اور دیگر معزز مہمانانِ گرامی نے شرکت کی۔ اس موقع پر طلبہ میں ان کی محنت اور کارکردگی کے اعتراف میں انعامات، میڈلز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں شریک والدین اور مہمانوں نے اپنے تاثرات پیش کیے اور اس اقدام کو دورِ حاضر میں بچوں کو گمراہی سے بچانے اور صحیح راستے پر گامزن کرنے کی ایک مؤثر کوشش قرار دیا۔

مرکز المعارف، ممبئی کے ڈائریکٹر اور کیمپ کے سرپرست مولانا محمد برہان الدین قاسمی نے اپنے خطاب میں اس طرح کے کیمپ کے انعقاد کے تجربات بیان کیے اور اس بات پر زور دیا کہ بچوں کی اخلاقی و تربیتی بنیادوں کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ اچھے انسان، ذمہ دار شہری، والدین کے فرمانبردار اور بہترین طلبہ بن سکیں۔

 

الہدایہ کیمپس کے چیئرمین ڈاکٹر سید کمال انظر نے تمام حاضرین، شرکاء اور عملے کا شکریہ ادا کیا اور ادارے کے قیام کے مقاصد اور وژن پر روشنی ڈالی۔

والدین نے بھی اپنے مثبت تاثرات کا اظہار کیا اور اپنے بچوں میں نمایاں مثبت تبدیلیوں کو سراہا، جن میں سے کئی تاثرات واٹس ایپ پیغامات کے ذریعے بھی موصول ہوئے۔

مفتی عبدالباسط قاسمی (سیکریٹری، جمعیۃ علماء ممبرا-کوسہ)، مولانا شفیق الرحمن ندوی (جنرل سیکریٹری، جمعیۃ علماء ممبرا-کوسہ)، ڈاکٹر عیسیٰ ندوی، ڈاکٹر ظفر شیخ (جنرل سرجن، ممبرا-کوسہ) اور مولانا اسلم جاوید قاسمی کی شرکت نے پروگرام کے وقار کو مزید دوبالا کیا۔ انہوں نے اپنے قیمتی مشوروں سے نوازا اور اس بامقصد پروگرام کی بھرپور ستائش کی۔

اس کامیاب کیمپ کے انعقاد میں تنظیمی اور تربیتی ٹیم کی شبانہ روز محنت شامل رہی۔ مرکز المعارف، ممبئی کی جانب سے مولانا سلمان عالم قاسمی اور مولانا محمد توقیر رحمانی اپنے رفقاء کے ساتھ پیش پیش رہے، جبکہ الہدایہ کیمپس کی جانب سے مفتی نثار قاسمی، عاقب سر، مفتی یوسف قاسمی، مولانا توصیف احمد، حافظ جسیم صاحب، محترم سر، نعمان سر اور حمزہ سر نے مکمل تعاون کیا۔ پوری ٹیم نے دن رات طلبہ کے ساتھ رہ کر نہ صرف نظم و نسق کو بہترین انداز میں سنبھالا بلکہ ہر طالب علم کی انفرادی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی۔

یہ کامیاب سمر کیمپ اس بات کا روشن ثبوت ہے کہ مخلصانہ رہنمائی، اجتماعی کاوش اور اقدار پر مبنی تعلیم کے ذریعے نئی نسل کو ایک روشن اور باوقار مستقبل کی طرف رہنمائی دی جاسکتی ہے۔

Comments are closed.