شعبہ تحفظ شریعت و اصلاح معاشرہ،آل انڈیا ملی کونسل کا آن لائن مشاورتی اجلاس۔ ‘تحفظِ شریعت’ کے لیے پانچ نکاتی ‘ت’ فارمولے کی منظوری

 

حیدرآباد(پریس ریلیز) آل انڈیا ملی کونسل کے زیر اہتمام ماہِ مئی کی اہم مشاورتی نشست اتوار، 3 مئی 2026 کو شب 9 تا 10 بجے آون لائن منعقد ہوئی، جس میں شعبہ تحفظ شریعت و اصلاح معاشرہ کی آئندہ سرگرمیوں، تنظیمی نظم اور تحفظِ شریعت و اصلاحِ معاشرہ کے حوالے سے دور رس نتائج کے حامل فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کا آغاز مولانا محمد عالم قاسمی (صدر بہار کونسل) کی تلاوت سے ہوا۔ مفتی نافع عارفی (جنرل سیکرٹری بہار کونسل) نے ایجنڈا پیش کیا، جب کہ مفتی عمر عابدین قاسمی مدنی (قومی سیکرٹری برائے شعبہ) نے ماہ اپریل کے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ پیش کیا، نیز اصلاحِ معاشرہ کے لیے پانچ نکاتی ‘ت’ فارمولہ تجویز کیا۔

 

نشست میں شعبہ تحفظِ شریعت و اصلاحِ معاشرہ کی سرگرمیوں کو منظم کرنے کے لیے پانچ بنیادی زمروں کی منظوری دی گئی، جنہیں "پانچ ت” کا نام دیا گیا ہے:

1. تفہیم: قانونِ شریعت سے متعلق غلط فہمیوں کا ازالہ۔

2. تحفظ: ماہرینِ قانون کے تعاون سے دستوری حقوق اور پرسنل لا کا دفاع۔

3. تدریب: علماء، وکلاء اور دانشوروں کی قانون شریعت کے حوالے سے تربیت، تاکہ تنظیم کو نئے افراد کار ملتے رہیں اور ملی مفادات کے تحفظ کےلیے راہ ہموار ہوسکے۔

4. تبلیغ: خاندانی نظام، معاشرتی مسائل، اور پرامن بقائے باہم کے حوالے سے اسلامی تعلیمات کی وسیع پیمانے پر اشاعت۔

5. تشہیر: سوشل میڈیا اور جدید ابلاغی وسائل کے ذریعے شعبہ کے پیغام کو عام کرنا۔

 

وقت کی پابندی کا عہد

اجلاس میں شرکاء نے یہ عزم کیا کہ ملی کونسل کی تمام سرگرمیوں میں وقت کی سخت پابندی کی جائے گی، تاکہ ایک مثالی نمونہ پیش کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ یہ بھی طے ہوا کہ سوشل میڈیا کے پوسٹرز کو ہندی اور تلگو زبانوں میں بھی تیار کیا جائے۔

ماہِ مئی کے مجوزہ پروگرام

رپورٹ کے مطابق آئندہ دو ماہ میں درج ذیل اہم پروگرام منعقد کیے جائیں گے:

حیدرآباد ڈائیلاگ: "بھارت کی اقلیتیں اور عدالتوں کا کردار” کے عنوان سے ایک اہم ترین مکالمہ حیدرآباد میں منعقد ہوگا، جس میں سیاسی و مذہبی قائدین شریک ہوں گے۔

پٹنہ ورکشاپ: 16 اور 17 مئی کو پٹنہ میں ‘تعددِ ازواج’ اور ‘نظامِ وراثت’ جیسے موضوعات پر "تفہیمِ شریعت ورکشاپ” منعقد ہوگی۔

آن لائن سیشن: وسط مئی میں ‘یونیفارم سول کوڈ: چیلنجز اور منصوبہ بندی’ پر ویبنار ہوگا۔

ممبئی ورکشاپ: جون کے مہینے میں انجمنِ اسلام ممبئی میں تربیتی پروگرام منعقد کیا جائے گا۔

بقرعید مہم اور عوامی بیداری

عید الاضحیٰ کے موقع پر کونسل کی جانب سے ملک گیر سطح پر ‘صفائی عوامی مہم’ چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں 22 مئی کے جمعہ کو ملک بھر میں "قربانی کی فرضیت اور صفائی کی اہمیت” پر خطباتِ جمعہ دیے جائیں گے اور ویڈیوز و اشتہارات کے ذریعے عوامی شعور بیدار کیا جائے گا۔

Comments are closed.