مرکز علم و دانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

 

پریس ریلیز

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی این سی سی یونٹ میں آپریشن سندور کی سالگرہ منائی گئی

علی گڑھ، 9 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی 1 یوپی انجینئر کمپنی، این سی سی کی جانب سے آپریشن سندور کی سالگرہ کے موقع پر ایک یادگاری پروگرام منعقد کیا گیا، جس کا مقصد کیڈٹس میں قومی خدمت اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔

اس پروگرام میں 25 این سی سی کیڈٹس نے شرکت کی، جن کے ساتھ ایسوسی ایٹ این سی سی آفیسرز مسٹر محمد عمران، اسسٹنٹ پروفیسر، ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی، اور مسٹر محمد دانش، اسسٹنٹ پروفیسر، یونیورسٹی پولی ٹیکنک بھی موجود تھے۔

حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کرنل ڈی ڈھڈھوال، آفیسر کمانڈنگ، 1 یوپی انجینئر کمپنی این سی سی نے آپریشن سندور کی تزویراتی اہمیت و معنویت پر روشنی ڈالی اور قومی سلامتی کے تحفظ میں مسلح افواج کے کردار کی ستائش کرتے ہوئے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کیڈٹس کو ڈسپلن، محنت اور حب الوطنی کی قدروں کو اپنانے کی ترغیب دی اور انہیں تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی کے ساتھ جسمانی اور ذہنی طور پر مستعد رہنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے مسلح افواج میں کریئر بنانے اور سروسز سلیکشن بورڈ (ایس ایس بی) امتحانات کی تیاری کے لیے بھی طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔

پروگرام کا اختتام ایک تعاملی نشست پر ہوا، جس میں کیڈٹس نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور قومی خدمت میں حصہ لینے کے جذبے کا اظہار کیا۔

٭٭٭٭٭٭

اے ایم یو کے این ایس ایس رضاکاروں نے لکھنؤ میں ریاستی سطح کے مقابلے میں علی گڑھ ضلع کی نمائندگی کی

علی گڑھ، 9 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طالب علم اور نیشنل سروس اسکیم (این ایس ایس) کے رضاکار نوشین شان اور شہباز خان نے اسمبلی ہاؤس، لکھنؤ میں منعقدہ ریاستی سطح کے مقابلے میں علی گڑھ ضلع کی نمائندگی کی۔

یہ پروگرام وزارتِ امورِ نوجوانان و کھیل، حکومتِ ہند کے زیر اہتمام ”مائی بھارت“ کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے مرکزی بجٹ 2026 پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

بی ایس سی (آنرز) کمیونٹی سائنس کی طالبہ نوشین شان اور بی اے ویمنس اسٹڈیز کے طالب علم شہباز خان نے ضلعی سطح کے مراحل کامیابی سے طے کرنے کے بعد ریاستی سطح کے مقابلے کے لیے کوالیفائی کیا۔

ان کی شرکت این ایس ایس، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی جانب سے طلبہ میں قیادت، عوامی رابطے اور تعلیمی و قومی فورمز میں فعال شرکت کو فروغ دینے کی کوششوں کی عکاس ہے۔

٭٭٭٭٭٭

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ سول انجینئرنگ میں اسمارٹ کلاس رومز اور جدید ماحولیاتی تجربہ گاہ کا افتتاح

علی گڑھ، 9 مئی: ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ سول انجینئرنگ میں دو اسمارٹ کلاس رومز اور ایک جدید ترین ایڈوانسڈ انوائرمنٹل لیبارٹری کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے حاجی محمد ظہیر قریشی، پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان اور رجسٹرار پروفیسر محمد عاصم ظفر کی موجودگی میں کیا۔

اسمارٹ کلاس رومز کی تعمیر صنعت کار حاجی محمد ظہیر قریشی، منیجنگ ڈائریکٹر، الحمد ایگرو فوڈ پروڈکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ، کی جانب سے دی گئی مالی معاونت سے کی گئی، جبکہ ایڈوانسڈ انوائرمنٹل لیبارٹری، شعبہ کے کنسلٹنسی فنڈ کے ذریعہ قائم کی گئی ہے۔

اس موقع پر پروفیسر نعیمہ خاتون نے نئی تعمیر شدہ سہولیات کے معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید کلاس رومز اور اعلیٰ تجربہ گاہیں معیاری تعلیم، تحقیق اور اختراع کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سہولیات طلبہ کو بہتر تعلیمی و عملی تجربہ فراہم کریں گی۔

پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے اس اقدام کو یونیورسٹی میں ٹکنالوجی کی تعلیم اور تحقیقی سہولیات کو مستحکم کرنے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے بنیادی ڈھانچہ کی ترقی میں اجتماعی کوششوں کو سراہا اور طلبہ و اساتذہ پر زور دیا کہ وہ ان سہولیات سے خاطر خواہ استفادہ کریں۔

اس موقع پر فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے ڈین پروفیسر نثار احمد، انجینئرنگ کالج کے پرنسپل پروفیسر محمد مزمل، شعبہ سول انجینئرنگ کے چیئرمین پروفیسر امجد مسعود، یونیورسٹی انجینئر پروفیسر اظہارالحق فاروقی، ممبر انچارج، بلڈنگ ڈپارٹمنٹ پروفیسر ملک شعیب احمد، فنانس آفیسر جناب نورالسلام اور دفتر رابطہ عامہ، الیکٹریسٹی، لینڈ اینڈ گارڈنز اور گیسٹ ہاؤس کے ممبر انچارجیز، انجینئرز، اساتذہ اور دیگر معززین موجود تھے۔

اس سے قبل پروفیسر امجد مسعود نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ انھوں نے بتایا کہ حاجی ظہیر قریشی کی جانب سے مالی معاونت پروفیسر اظہارالحق فاروقی کی کوششوں سے ممکن ہوئی۔

٭٭٭٭٭٭

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالر کو قومی کانفرنس میں پیپر پرزنٹیشن کے لئے ایوارڈ سے نوازا گیا

علی گڑھ، 9 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ انگریزی کے ریسرچ اسکالر مسٹر احسان الحق کو انٹیگرل یونیورسٹی، لکھنؤ کے شعبہ السنہ کی جانب سے منعقدہ دو روزہ قومی کانفرنس بعنوان ”ہندوستان اور اس سے آگے کا تصورِ نو: ادب اور سنیما میں وابستگی، تنوع اور بقائے باہمی کے بیانیے“ میں سکنڈ بیسٹ پیپر پرزنٹیشن ایوارڈ سے نوازا گیا۔

مسٹر احسان الحق، پروفیسر محمد عاصم صدیقی کی نگرانی میں ریسرچ کر رہے ہیں۔ کانفرنس میں انھوں نے ”مابعد نوآبادیاتی شہریت اور وابستگی کا بحران: کاملہ شمسی کے ناول ہوم فائر کا بایو پولیٹیکل مطالعہ“ کے عنوان سے اپنا تحقیقی مقالہ پیش کیا۔ انھوں نے یہ مقالہ شعبہ مغربی ایشیائی و شمال افریقی مطالعات، اے ایم یو کی ریسرچ اسکالر الصبا بن یامین کے اشتراک سے تحریر کیا۔

 

Comments are closed.