مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں
پریس ریلیز
اے ایم یو کے محمد حبیب ہال میں انٹر ہاسٹل کھیل مقابلوں کے فاتحین کی اعزازی تقریب منعقد
علی گڑھ، 12 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے محمد حبیب ہال کے زیر اہتمام منعقدہ انٹر ہاسٹل کرکٹ و بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے فاتحین کو ہال کے ریڈنگ روم میں منعقدہ ایک تقریب میں انعامات سے نوازا گیا۔
کیمسٹری کے سبکدوش فیکلٹی ممبر پروفیسر سہیل صابر نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ شعبہ فزکس کے ڈاکٹر حیدر حسن جعفری اور شعبہ اپلائیڈ فزکس کے ڈاکٹر ایس اسد علی مہمانانِ اعزازی کے طور پر شریک ہوئے۔
شرکاء اور مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے پرووسٹ پروفیسر محمد شمیم نے طلبہ میں نظم و ضبط، ٹیم ورک، قیادت اور صحت مند مسابقتی جذبے کو فروغ دینے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین، کھلاڑیوں اور آفیشیئلز کی کوششوں کو سراہا۔
14 فروری سے شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں یونیورسٹی کے مختلف ہاسٹلز نے کرکٹ اور بیڈمنٹن مقابلوں میں شرکت کی۔
کرکٹ ٹورنامنٹ میں عمرالدین ہاسٹل نے کامیابی حاصل کی جبکہ حیدر خاں ہاسٹل کی ٹیم رنر اپ رہی۔ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں بھی عمرالدین ہاسٹل نے چکرورتی ہاسٹل کو شکست دے کر ٹورنامنٹ جیتا۔
فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں اور اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ امپائروں اور منتظمہ کمیٹی کے اراکین کو بھی اعزازات سے نوازا گیا۔ ٹورنامنٹ کے دوران سینئر ہال محمد آصف ادیب اور اسپورٹس وارڈن انچارج ڈاکٹر رئیس الاسلام کی کاوشوں کو سراہا گیا۔ آخر میں کرکٹ کے کپتان محمد امان اور بیڈمنٹن کے کپتان روح الامان نے مشترکہ طور سے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے سید حامد سینئر سکنڈری اسکول میں ادبی و ثقافتی تقریبات کا آغاز
علی گڑھ، 12 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول (بوائز) میں ہفت روزہ ادبی و ثقافتی تقریبات کا آغاز ہوا۔ پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے پرنسپل جناب صباح الدین نے طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی میں ادبی اور ہم نصابی سرگرمیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور طلبہ کو اس نوعیت کے پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی۔
پہلے دن اسکول آڈیٹوریم میں مضمون نویسی اور جسٹ اے منٹ مقابلوں کا اہتمام کیا گیا۔ نائب پرنسپل جناب اشہد جمال، انچارج محترمہ سعدیہ ناصر اور کوآرڈینیٹر ڈاکٹر غزالہ رشید کی نگرانی میں یہ پروگرام منعقد کیا گیا۔ ڈاکٹر شہزاد احمد صدیقی اور ڈاکٹر غزالہ رشید نے بطور جج خدمات انجام دیں۔
تقریبات کے تحت 16 مئی تک مختلف تعلیمی و ثقافتی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے عبداللہ اسکول میں انٹر اسکول کوئز مقابلہ منعقد
علی گڑھ، 12 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے عبداللہ اسکول میں جماعت چہارم و پنجم کے طلبہ کے لیے 14 ویں پروفیسر اختر ظہیر رضوی میموریل فیسٹ کے تحت ایک انٹر اسکول اوپن کوئز مقابلہ دی الومنئی ایسوسی ایشن، اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا۔ مقابلے میں معلومات عامہ اور حالاتِ حاضرہ سے متعلق سوالات ایم سی کیو کے انداز میں شامل کئے گئے تھے۔ پروگرام، اسکول سپرنٹنڈنٹ محترمہ عمرہ ظہیر کی نگرانی میں منعقد کیا گیا۔ انتظامی ٹیم میں مس نندنی شرما، مس عرشیہ آفتاب، مس سارہ صدیقی اور مس سہبا عاصم شامل تھے۔ کوئز مقابلے میں طلبہ نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔
٭٭٭٭٭٭
جے این میڈیکل کالج، اے ایم یو میں این اے ایم ایس، اتر پردیش سیل کا افتتاح
علی گڑھ، 12 مئی: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں نیشنل اکیڈمی آف میڈیکل سائنسز (این اے ایم ایس) اترپردیش اسٹیٹ سیل کا افتتاح ایرا میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کے ڈائریکٹر آف میڈیکل ایجوکیشن پدم شری پروفیسر راجندر پرساد، چیئرپرسن، این اے ایم ایس انڈیا-اتر پردیش اسٹیٹ چیپٹر نے کیا۔
اس موقع پر ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن پروفیسر محمد خالد، اور پرنسپل و چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر انجم پرویز موجود تھے۔
اپنے خطاب میں پروفیسر راجندر پرساد نے این اے ایم ایس کی سرگرمیوں اور مقاصد پر روشنی ڈالی اور اساتذہ و طلبہ کو اس کے تعلیمی و تحقیقی پروگراموں میں فعال شرکت کی ترغیب دی۔ انہوں نے مختلف زمروں میں این اے ایم ایس کی رکنیت کے بارے میں بھی معلومات فراہم کیں اور اہل اساتذہ و طلبہ سے درخواست کی کہ وہ رکنیت کے لیے درخواست دیں۔
پروفیسر محمد خالد نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے علمی برتری اور تحقیق کو فروغ دینے والی سرگرمیوں کے سلسلہ میں اپنے تعاون کا اعادہ کیا، جبکہ پروفیسر انجم پرویز نے این اے ایم ایس سیل کے قیام پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور تنظیم کی سرگرمیوں میں وسیع پیمانے پر شرکت کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر پروفیسر سنتوش کمار، سربراہ شعبہ تپ دق و امراضِ تنفس، ایس این میڈیکل کالج، آگرہ؛ پروفیسر محمد شمیم، چیئرپرسن شعبہ تپ دق و امراضِ تنفس؛ پروفیسر سائرہ مہناز؛ پروفیسر محمد اسلم؛ پروفیسر سیف اللہ خالد؛ ڈاکٹر سید شارق نعیم؛ اور ڈاکٹر مہدی حیات شاہی بھی موجود تھے۔
پروگرام کی نظامت شعبہ فزیالوجی کے پروفیسر شاہ محمد عباس وسیم نے کی۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو میں قومی آرٹ نمائش کا افتتاح 13 مئی کو
علی گڑھ، 12 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی معین الدین احمد آرٹ گیلری کے زیر اہتمام ”فریگمنٹس آف ایپی فینی“ کے عنوان سے ایک قومی آرٹ نمائش 13 تا 19 مئی معین الدین احمد آرٹ گیلری میں منعقد کی جائے گی۔ نمائش کا افتتاح 13 مئی کو صبح 10 بجے ہوگا، جبکہ عام ناظرین کے لئے یہ روزانہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کھلی رہے گی۔
وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گی، جبکہ سابق وائس چانسلر اے ایم یو پروفیسر محمد گلریز اور سرجے جے اسکول آف آرٹ، ممبئی کے وائس چانسلر پروفیسر ہِم چٹرجی مہمان خاص کے طور پر شریک ہوں گے۔ مہمانانِ اعزازی میں پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان، سابق سکریٹری للت کلا اکادمی پروفیسر راجن شری پد پھلاری، اے ایم یو رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر اور ڈین، فیکلٹی آف آرٹس، پروفیسر ٹی این ستھیسن شامل ہیں۔
نمائش میں ملک بھر کے ممتاز اور ابھرتے ہوئے فنکاروں کے فن پارے پیش کیے جائیں گے، جن میں سر جے جے اسکول آف آرٹ، ممبئی، بنارس ہندو یونیورسٹی، وشو بھارتی شانتی نکیتن، کشمیر یونیورسٹی، کروکشیتر یونیورسٹی، ایمٹی یونیورسٹی اور آرٹس و کرافٹس کے مختلف کالجوں کے فنکار شامل ہیں۔
اس دوران معروف فنکاروں اور محققین کے پرفارمنس سیشن، پینل مباحثے اور ورکشاپ کا انعقاد ہوگا۔ 13 مئی کے پرفارمنس سیشن میں آرین پرتاپ سنگھ اور فیض اللہ احمد شرکت کریں گے، جبکہ آرٹسٹ کیوریٹر شمیم اختر خان اور فنکار بہان داس، پینل مباحثے اور ورکشاپ میں حصہ لیں گے۔
نمائش کے مبصرین میں ممبئی کے کیوریٹر سومیش شرما اور شانتی نکیتن کے فنکاروں کا اجتماعی پلیٹ فارم گابا شامل ہیں۔ نمائش کا اہتمام اسٹرینجرز ہاؤس گیلری، ممبئی کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔ پروفیسر بدر جہاں پروگرام کی رابطہ کار، جبکہ زارہ ملک اور ضحیٰ ساجد اعظمی آرگنائزنگ سکریٹری ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ملیالی ایسوسی ایشن کی جانب سے پروفیسر ٹی این ستھیسن کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد، ”بارکوڈ“ میگزین کا اجراء
علی گڑھ، 12 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ملیالی ایسوسی ایشن (اے ایم یو ایم اے) کی جانب سے فیکلٹی آف آرٹس کے ڈین اور شعبہ ملیالم کے فیکلٹی ممبر پروفیسر ٹی این ستھیسن کے اعزاز میں ایک الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر تنظیم کی سالانہ کثیر لسانی میگزین ”بارکوڈ“کے تیسرے شمارہ کا اجرا بھی عمل میں آیا۔
پروگرام کا آغاز جنرل سکریٹری ثابت کے خطبہ استقبالیہ سے ہوا، جبکہ صدارت ایسوسی ایشن کے صدر عاشق مدکرہ نے کی۔
تقریب میں پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور اے ایم یو میں 38 برسوں پر محیط تدریسی خدمات کے بعد پروفیسر ستھیسن کی سبکدوشی پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے تدریس، انتظامیہ اور یونیورسٹی کی تعلیمی ترقی میں پروفیسر ستھیسن کی خدمات کو سراہا۔
پروفیسر عبدالرحیم، پروفیسر نوشاد علی پی ایم، ڈاکٹر طاہر ایچ پٹھان، ڈاکٹر منیر اے کے، ڈاکٹر عبدالعزیز این پی، رفسل بابو سی وی اور ڈاکٹر سبیر پی ایم سمیت تمام مقررین نے طلبہ کی فلاح و بہبود، رہنمائی اور تعلیمی قیادت کے حوالے سے پروفیسر ستھیسن کی خدمات پر روشنی ڈالی۔
تقریب میں پروفیسر محمد محسن خان نے ایسوسی ایشن کے سالانہ کثیر لسانی میگزین ”بارکوڈ“ کا اجرا کیا، جس میں اے ایم یو میں زیرِ تعلیم اور خدمات انجام دینے والے کیرالہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ و اساتذہ کی ادبی تخلیقات شامل ہیں۔ میگزین کی ادارت دوسرے سال کے انڈرگریجویٹ طالب علم ایاس رحمان نے ادارتی ٹیم کے ساتھ انجام دی ہے۔ آخر میں ایسوسی ایشن کی خازن مس عائشہ رابعہ شکریہ کے کلمات ادا کئے۔
٭٭٭٭٭٭
ڈاکٹر شیراز کرمانی اے ایم یو کے شعبہ الیکٹریسٹی کے ممبر انچارج مقرر
علی گڑھ، 12 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شیراز کرمانی کو دو سال کی مدت کے لئے یونیورسٹی کے شعبہ الیکٹریسٹی کا ممبر انچارج مقرر کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر کرمانی الیکٹریکل انجینئرنگ کے شعبے میں ایک ممتاز ماہر تعلیم اور محقق ہیں۔ انہیں پاور سسٹمز، قابلِ تجدید توانائی، الیکٹرک وہیکلز، اسمارٹ گرڈز اور بیٹری مینجمنٹ سسٹمز کے میدان میں تدریس و تحقیق کا 19 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔
انہوں نے بین الاقوامی جرائد میں 80 سے زائد تحقیقی مقالات شائع کیے ہیں، 50 سے زیادہ کانفرنس مقالات پیش کیے ہیں، اور اسپرنگر، ایلزیویئر اور ٹیلر اینڈ فرانسس جیسے معروف اداروں سے شائع ہونے والی کتابوں میں ابواب بھی تحریر کیے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے 19 طلبہ کا مختلف اداروں میں منتخب
علی گڑھ، 12 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹیز سے تعلق رکھنے والے سالِ آخرکے اور فارغ التحصیل 19طلبہ نے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس (جنرل) کے زیرِ اہتمام منعقدہ پلیسمنٹ مہمات کے ذریعے آٹھ مختلف اداروں میں ملازمتیں حاصل کی ہیں۔
منتخب طلبہ کا تعلق فیکلٹی آف کامرس، سائنس، لائف سائنسز، سوشل سائنسز اور ایگریکلچر سے ہے۔ ان طلبہ کو پالیسی بازار، انشیور اِنسائٹ، پلس پوائنٹ، اودھ گرلز انٹر کالج، آئی بی گلوبل اکیڈمی، ایوری اسپیشل چائلڈ، صفا پبلک اسکول اور ٹیچ فار انڈیا جیسے اداروں میں فیلو، ریکروٹر، ٹیچر، ریلیشن شپ مینیجر اور آپریشنز ایگزیکیٹیو کے عہدوں پر تقرری ملی ہے۔
منتخب طلبہ میں صفورا جہانگیر (ٹیچ فار انڈیا)، آنچل پی (پالیسی بازار)، بھویش وارشنے (انشیور اِنسائٹ)، یدانش جادون (انشیور اِنسائٹ)، ڈاکٹر کاشفہ خان (صفا پبلک اسکول)، ہمانشی (پلس پوائنٹ)، محمد احمد (ایوری اسپیشل چائلڈ)، مامون یٰسین (آئی بی گلوبل اکیڈمی)، بشریٰ منصوری (آئی بی گلوبل اکیڈمی)، ارشاد (آئی بی گلوبل اکیڈمی)، محمد عامر انصاری (آئی بی گلوبل اکیڈمی)، محمد عارف (آئی بی گلوبل اکیڈمی)، محمد ناصر (اودھ گرلز انٹر کالج)، محمد حشمت رضا زردان (اودھ گرلز انٹر کالج)، محمد قیس (اودھ گرلز انٹر کالج)، طلحت خاتون (اودھ گرلز انٹر کالج)، علینہ حسین (اودھ گرلز انٹر کالج)، معاذ خان شیروانی (اودھ گرلز انٹر کالج) اور محمد عادل رضا (اودھ گرلز انٹر کالج) شامل ہیں۔
ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسر (جنرل) جناب سعد حمید نے سبھی کامیاب طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی طلبہ کی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور ہمہ جہتی استعداد کی عکاس ہے، نیز یونیورسٹی کی جانب سے فراہم کردہ مستحکم تعلیمی بنیاد کا نتیجہ بھی ہے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو، آر سی اے کے دو طلبہ سرکاری عہدوں کے لیے منتخب
علی گڑھ، 12 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی ریزیڈنشیئل کوچنگ اکیڈمی (آر سی اے) کے دو طلبہ نے مسابقتی امتحانات کے ذریعے سرکاری عہدوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ سید کاشف حسن کا انتخاب ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ (آر آر بی) کے ذریعے لاء آفیسر، اسکیل دوئم کے عہدے کے لیے ہوا ہے، جبکہ سید قمر رضا عابدی کو سکریٹری، منڈی پریشد کے عہدے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے آر سی اے کے ڈائریکٹر پروفیسر محمد حسن نے کہا کہ یہ کامیابی طلبہ کی محنت و لگن اور مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے امیدواروں کو اکیڈمی میں فراہم کی جانے والی معیاری رہنمائی و کوچنگ کی عکاس ہے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے جے این ایم میڈیکل کالج و اسپتال میں عالمی یومِ نرسنگ منایا گیا
علی گڑھ، 12 مئی: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال (جے این ایم سی ایچ)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں مریضوں کی نگہداشت اور ہیلتھ کیئر میں نرسوں کی گرانقدر خدمات اور کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے عالمی یومِ نرسنگ منایا گیا۔
میڈیکل کالج کے نرسنگ شعبے کی جانب سے یہ پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر نیر آصف، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر نسرین نور اور اسسٹنٹ نرسنگ سپرنٹنڈنٹ مس حما روحی نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر نیر آصف نے نرسوں کو نظام صحت کے لئے ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور مریضوں کے ساتھ ہمدردانہ رویے کو سراہا۔ پروفیسر نسرین نور نے نرسنگ عملے کی بے لوث خدمات اور طبی فلاح و بہبود کے تئیں ان کے عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مس حما روحی نے نرسوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خلوص، ٹیم ورک اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مریضوں کی بہتر نگہداشت کا سلسلہ جاری رکھیں۔ پروگرام میں شریک نرسوں نے بھی اپنی خدمات کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر اے ایم یو نرسز ایسوسی ایشن کی جانب سے میڈیکل کالج میں عوامی استعمال کے لیے ایک ہائی کیپیسٹی واٹر کولر نصب کیا گیا، جو آر او-یو وی پیوریفکیشن سسٹم سے لیس ہے۔ نرسنگ آفیسر شمائلہ شمشاد مرحومہ کی یاد میں یہ آر او اسپتال کے انکوائری کاؤنٹر کے قریب نصب کیا گیاہے۔
اس سہولت کا افتتاح شمائلہ شمشاد مرحومہ کے اہل خانہ نے کیا۔ نرسز ایسوسی ایشن کے اراکین نے کہا کہ اس اقدام سے مرحومہ کو خراج عقیدت پیش کرنا مقصود ہے۔ اس سے موسم گرما میں مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو آسانی ہوگی۔
Comments are closed.