دربھنگہ میں چین اسنیچروں کو پکڑنے کی کوشش میں چائے دکاندار کا گولی مار کر قتل،رام باغ گیٹ پر دن دہاڑے واردات سے سنسنی، مشتعل لوگوں کا سڑک جام، پولیس پر جرائم روکنے میں ناکامی کا الزام
دربھنگہ(محمد رفیع ساگر )
شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے بڑھتے حوصلوں کے درمیان بدھ کی صبح ایک دردناک واقعہ پیش آیا، جہاں چین اسنیچروں کو پکڑنے کی کوشش کرنے والے ایک چائے دکاندار کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ واقعہ یونیورسٹی تھانہ حلقہ کے رام باغ گیٹ کے قریب پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور مشتعل لوگوں نے سڑک جام کرکے احتجاج شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق بدھ کی صبح رام باغ گیٹ باشندہ سونو سنگھ سڑک سے پیدل گزر رہے تھے۔ اسی دوران بغیر نمبر کی موٹر سائیکل پر سوار دو بدمعاش وہاں پہنچے اور ان کے گلے سے سونے کی چین چھیننے کی کوشش کرنے لگے۔ بتایا جاتا ہے کہ چین کھینچنے کے دوران سونو سنگھ اور بدمعاشوں کے درمیان ہاتھاپائی شروع ہوگئی، جس سے موقع پر افرا تفری مچ گئی۔
شور شرابہ سن کر قریب میں موجود چائے دکاندار شراون کمار فوری طور پر مدد کے لیے آگے بڑھے اور دونوں بدمعاشوں کو پکڑنے کی کوشش کی۔ عینی شاہدین کے مطابق اسی دوران موٹر سائیکل چلا رہے ایک ملزم نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ ایک گولی سیدھے شراون کمار کے سینے میں لگی، جس سے وہ شدید زخمی ہو کر زمین پر گر پڑے، جبکہ دونوں ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
مقامی لوگوں نے فوری طور پر زخمی شراون کمار کو علاج کے لیے دربھنگہ میڈیکل کالج اسپتال پہنچایا، لیکن علاج کے دوران انہوں نے دم توڑ دیا۔ متوفی کی شناخت حسین چوک باشندہ رام چندر رام کے بیٹے شراون کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ راج کیمپس علاقے میں چائے اور ناشتے کی دکان چلا کر اپنے خاندان کی کفالت کرتے تھے۔
واقعہ کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ مشتعل لوگوں نے سڑک پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک بند کر دیا اور پولیس انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ احتجاج کر رہے لوگوں کا کہنا تھا کہ شہر میں جرائم مسلسل بڑھ رہے ہیں، لیکن پولیس جرائم پیشہ افراد پر قابو پانے میں ناکام ثابت ہو رہی ہے۔
ادھر اطلاع ملتے ہی یونیورسٹی تھانہ پولیس اور اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے۔ ایس ڈی پی او راجیو کمار نے بتایا کہ واقعہ صبح تقریباً 8 بجے پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ بدمعاش حسن چک کی جانب سے بغیر نمبر پلیٹ کی موٹر سائیکل پر آئے تھے۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کی شناخت میں جٹ گئی ہے اور جلد ہی تمام مجرموں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی جانچ میں معاملہ چین اسنیچنگ کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کا سامنے آیا ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر اضافی پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے دربھنگہ شہر میں لوٹ، فائرنگ اور قتل کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس سے عام شہری خوف و ہراس کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
Comments are closed.