طلبۂ مدارس قوم کا قیمتی سرمایہ اور علومِ نبوت کے امین ہیں:مفتی محمد احتکام الحق قاسمی
مدرسہ طیبہ قاسم العلوم بردی پور میں امارتِ شرعیہ کےاعلی وفد کی آمد
جالے (محمد رفیع ساگر)
امارتِ شرعیہ بہار، اڑیسہ و جھارکھنڈ، پھلواری شریف پٹنہ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے منگل کے روز مدرسہ طیبہ قاسم العلوم بردی پور، ضلع دربھنگہ کا دورہ کرکے وہاں کے تعلیمی و تربیتی نظام کا جائزہ لیا۔ وفد کی قیادت مفتی محمد احتکام الحق قاسمی، مفتی امارتِ شرعیہ کر رہے تھے۔ وفد ضلع سپول کے دعوتی و اصلاحی دورے پر روانہ تھا، جہاں مختلف بلاکوں میں اصلاحی و دعوتی پروگراموں کا آغاز ہونا ہے۔
راستے میں مدرسہ کے نگراں مولانا احمد حسین قاسمی مدنی، معاون ناظم امارتِ شرعیہ کی دعوت پر وفد مدرسہ طیبہ قاسم العلوم پہنچا، جہاں مدرسہ کے بانی و مہتمم مفتی محمد مبین احمد قاسمی سعیدی اور اساتذۂ کرام نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر مدرسہ میں منعقد طلبہ کے ایک خصوصی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد احتکام الحق قاسمی نے کہا کہ مدارس کے طلبہ علومِ نبوت کے وارث ہیں اور دنیا بھر کے طلبہ میں ایک منفرد اور باوقار مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین بڑی قربانیوں اور مشکلات کے باوجود اپنے بچوں کو دینی تعلیم کے لیے مدارس بھیجتے ہیں، اس لیے طلبہ پر لازم ہے کہ وہ یکسوئی، اخلاص اور محنت کے ساتھ تعلیم حاصل کریں اور اپنے اخلاق و کردار سے ملت و معاشرہ کی صحیح رہنمائی کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں دینی تعلیم کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے اور مدارس اسلامیہ دین و شریعت کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔ اگر طلبہ علم کے ساتھ عمل اور اخلاق کو اختیار کریں تو وہ سماج کے لیے بہترین نمونہ ثابت ہوسکتے ہیں۔
اس موقع پر مولانا ابوالکلام شمسی، معاون ناظم امارتِ شرعیہ و نگراں امارت پبلک اسکول نے مدرسہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مدرسہ طیبہ قاسم العلوم اس پورے علاقے میں دینی تعلیم کے فروغ کا ایک روشن مرکز اور منارۂ نور کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مدرسہ کی تعلیمی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔
وفد کے رکن مفتی محمد مجیب الرحمن قاسمی، معاون قاضی شریعت امارتِ شرعیہ نے بھی مدرسہ کے ذمہ داران، اساتذۂ کرام اور طلبہ کے لیے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
پروگرام کے دوران مدرسہ کے ایک طالب علم نے قرآنِ کریم کی تلاوت پیش کی، جس سے حاضرین اور مہمان علماء بے حد متاثر ہوئے۔ وفد کے اراکین نے طلبہ کی اچھی تعلیمی کارکردگی اور حسنِ قرأت کی بھرپور ستائش کی۔
آخر میں مدرسہ کے اہم ذمہ دار مولانا عارف قاسمی نے وفد کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔ پروگرام قائدِ وفد کی دعا کے ساتھ خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔
Comments are closed.