ملک کے بدلتے ہوئے منظر نامہ سے دل برداشتہ نہیں ہونا چاہئے: وصی احمد قاسمی
سمستی پور ودربھنگہ میں امارت شرعیہ کا دعوتی واصلاحی دورہ جاری
دربھنگہ (پریس ریلیز ) امیر شریعت بہار اڈیشہ ،جھارکھنڈ ومغربی بنگال کی ہدایت اور ناظم امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ ،جھارکھنڈ ومغربی بنگال مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی صاحب کی ایماپرسمتی پور ودربھنگہ میں امارت شرعیہ بہار ، اڈیشہ و جھارکھنڈ کی طرف سے جاری دعوتی و اصلاحی دورہ سےخطاب کرتے ہوئے پر صلحا بزرگ ،چروٹنہ ، نبٹولیہ اور گوڑا میں قائد وفد مولانا و مفتی وصی احمد قاسمی نائب قاضی شریعت امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ نےکہا کہ
مسلمانوں کو ملک کے بدلتے ہوئے منظر نامہ سے دل برداشتہ نہیں ہونا چاہئے؛ کیونکہ یہ ملت ماضی میں بھی اس طرح کے حالات سے دو چار ہوچکی ہے ، ایسے حالات میں ان ہوں نے مضبوط عزم و ارادہ سے اور ااپنی اجتماعی قوت سے طوفان کا رخ کو موڑ دیا ، ضرورت اسی بات کی ہے کہ ہم اپنی ملی وحدت کے ساتھ میدان عمل میں آئیں ، مزید انہوں نے کہا کہ باشعور ملت پر امتحان و آزمائش آتے رہتے ہیں ، اس لئے انہیں حالات سے مایوس نہیں ہونا چاہئے ، اس موقع پر وفد میں شریک مولانا رضوان احمد ندوی معاون ناظم امارت شرعیہ نے کہا کہ تعلیم و تہذیب کے ذریعہ ہی قومیں ترقی کرتی ہیں ، اس سے فکر و نظر کے اندر وسعت و تابندگی آتی ہے ، اور زندگی کی راہیں آسان ہوتی ہیں ، اس لئے امارت شرعیہ دینی و عصری تعلیم کے میدان میں کار ہائے نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے ، تاکہ نئی نسل ذہنی و فکری ارتداد سے محفوظ رہے ، دار العلوم الاسلامیہ امارت شرعیہ پھواری شریف کے استاذ حدیث مولانا و مفتی آفتا ب عالم قاسمی نے معاشرتی و سماجی برائیوں کو مٹانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہماری نئی نسل بے راہ روی کی شکار ہوتی جا رہی ہے ، موبائل اور ٹی وی نے ان کے ذہن و دماغ کو غیر شعوری طور پر بے راہ روی کی طرف متاثر کر رہی ہے ، اگر ہم نے اس فتنہ کا سد باب نہ کیا تو تباہی و بربادی مقدر بن جائیگی ۔ دار القضاء امارت شرعیہ مدرسہ رحمانیہ سوپول کے قاضی شریعت مولانا و مفتی محمد ابوشاہد قاسمی نے اسلام کے نظام قضاء کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دارلقضاء کے ذریعہ معاشرتی مسائل کو کتاب و سنت کے ذریعہ حل کیا جاتا ہے تاکہ معاشرہ کے اندر عدل و انصاف قائم ہوسکے ، اس لئے آپ اپنے معاملات کو دار القضاء کے ذریعہ حل کرائیں ، امارت شرعیہ کے شعبہ تبلیغ کے رفیق کار جناب مولانا محمد شعیب عالم قاسمی نے کہا کہ امارت شرعیہ کی فکر ، فکر اسلامی ہے ، وہ سب ہم سبھوں کے دل میں رچ بس جانا چاہئے ۔ حافظ عبد الحق صاحب مبلغ امارت شرعیہ نے امارت شرعیہ کا اجمالی تعارف پیش کیا ، وفد امارت شرعیہ کا ہرجگہ لوگوں نے پرتپاک استقبال کیا جن میں جناب مولانا غلام مصطفےصاحب (نبٹولیہ ) ، جناب حافظ تفضل حسین صاحب چروٹنہ ، جناب خورشید عالم صاحب صلحابزرگ ،مولانا اقبال صاحب ،مولانا شاکر صاحب ،حافظ خورشید صاحب وغیرہ خصوصیت سے قابل ذکر ہیں۔
Comments are closed.