مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں
پریس ریلیز
اے ایم یو کشن گنج سینٹر میں ’بزمِ معیار‘کا اہتمام
علی گڑھ، 16 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی،کشن گنج سینٹر، بہار کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن میں سالانہ تقسیم انعامات تقریب ”بزمِ معیار2026“ اور ہال ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔
اے ایم یو کشن گنج سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر محمد طارق نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے سالانہ ہال ہفتہ کے دوران طلبہ کے ڈسپلن، لگن اور جوش و خروش کی ستائش کی۔ اس موقع پر انہوں نے پلیسمنٹ بروشر کا بھی اجرا کیا۔
اے ایم یو کے سابق طالب علم، ماتا گجری میموریل میڈیکل کالج، کشن گنج کے ڈاکٹر سید محمد فراز کریم اور امپیکٹ گلوبل آرکیٹیکٹس، کشن گنج کے جناب محمد شاہ فیروز نے بھی پروگرام میں شرکت کی اور اپنے قیمتی کلمات سے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور ان کی رہنمائی کی۔
تقریب میں فیکلٹی ممبرز ڈاکٹر فیض محمد، ڈاکٹر زیبا ناز، ڈاکٹر محمد عاصم، ڈاکٹر یاسر امام، جناب اقرب اللہ خان اور جناب محمد حسنات عالم کی عزت افزائی کی گئی۔ ہال ہفتہ کی سرگرمیوں کے دوران نمایاں کارکردگی پر طلبہ، کوآرڈینیٹرز، رضاکاروں اور ہال کمیٹی کے عہدیداران میں انعامات اور اسناد تقسیم کئے گئے۔ سینئر ہاؤس ممبران اور ہال کمیٹی کے عہدیداران کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔
ڈاکٹر زیبا ناز، وارڈن گرلز ہاسٹل، اور ڈاکٹر محمد عاصم، وارڈن بوائز ہاسٹل نے پروگرام کو مربوط کیا، جب کہ ڈاکٹر محمد عاصم نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے اساتذہ کو بین الاقوامی پبلک ہیلتھ کانفرنس میں اعزازات سے نوازا گیا
علی گڑھ، 16 مئی: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے اساتذہ نے 13 سے 15 مئی تک آن لائن منعقد ہونے والی انٹرنیشنل کانفرنس آن پبلک ہیلتھ انوویشنز اینڈ سسٹینیبل ڈیولپمنٹ گولز (آئی سی پی ایچ آئی-ایس ڈی جی2026) میں نمایاں اعزازات حاصل کیے۔
شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی فیکلٹی ممبر پروفیسر سائرہ مہناز کو ان کے مقالہ ”نو عمر لڑکیوں میں غذائی عادات، ماہواری سے متعلق آگہی اور اسکول پر مبنی بیہیویئر چینج کمیونیکیشن کے کردار کا معیاری تجزیہ“ کے لئے سیشن بیسٹ پرزنٹر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ان کی تحقیق میں نو عمر لڑکیوں کی صحت سے متعلق رویوں، غذائی عادات اور ماہواری سے متعلق بیداری کا تجزیہ کیا گیا تھا۔
شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد یاسر زبیر کو ان کی پیشکش ”غیر متعدی امراض کے بوجھ کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا: ہندوستان اور دیگر ممالک میں شواہد، پالیسی اور ایس ڈی جی 3.4 کے تقاضوں کے درمیان ربط“ پر اوور آل بیسٹ پرزنٹر ایوارڈ اور سیشن بیسٹ پرزنٹر ایوارڈ دونوں سے نوازا گیا۔ انھوں نے اپنے مقالے میں پائیدار ترقیاتی ہدف 3.4 کے مطابق غیر متعدی امراض سے نمٹنے کے لیے شواہد پر مبنی پالیسی اقدامات کو اجاگر کیا۔
ڈاکٹر یاسر نے پروفیسر سائرہ مہناز کی رہنمائی کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ شعبہ کی چیئرپرسن پروفیسر عظمیٰ ارم نے دونوں اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دستیابیاں شعبے میں جاری صحت عامہ سے متعلق اعلیٰ معیار کی تحقیق کی عکاس ہیں اور ادارے کے لیے باعث فخر ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن نے فیملی اڈاپشن پروگرام کے تحت پنجی پور گاؤں میں صحت کیمپ منعقد کیا
علی گڑھ، 16 مئی: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن نے 2024 بیچ کے انڈرگریجویٹ طلبہ کے فیملی اڈاپشن پروگرام (ایف اے پی) کے تحت پنجی پور گاؤں کے آنگن واڑی مرکز میں ایک صحت کیمپ منعقد کیا۔
یہ کیمپ شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی چیئرپرسن پروفیسر عظمیٰ ارم کی قیادت اور ڈاکٹر علی جعفر عابدی، ایسوسی ایٹ پروفیسر و ممبر انچارج، یو ایچ ٹی سی کی رہنمائی میں منعقد کیا گیا۔
پروگرام میں شعبہ کمیونٹی میڈیسن، جنرل میڈیسن، شعبہ امراضِ نسواں و زچگی، جلدی امراض اور امراضِ چشم کے شعبوں کے اساتذہ اور ریزیڈنٹس نے شرکت کی۔ ٹیم میں ڈاکٹر ارم عابد، ڈاکٹر آنچل نیگی، ڈاکٹر شافعہ شفیق، ڈاکٹر نیشو ملک، ڈاکٹر سری لکشمی کے، ڈاکٹر آیوشی گپتا، ڈاکٹر پرتیک کمار، ڈاکٹر علی حسن خان، ڈاکٹر روہن کوشک، ڈاکٹر آکاش پریہ درشی، ڈاکٹر محمد ذیشان، ڈاکٹر آیوشی ورما، ڈاکٹر سومیش کمار اور ڈاکٹر محمد حریرہ اکرام شامل تھے۔
اس کیمپ سے مجموعی طور پر 123 مستفیدین نے فائدہ اٹھایا، جنہیں عمومی صحت معائنہ، بلڈ پریشر اور بلڈ شوگر کی جانچ، جلدی امراض سے متعلق مشورے، آنکھوں کا معائنہ اور زچگی سے متعلق طبی جانچ جیسی خدمات فراہم کی گئیں۔ ضرورتمندوں میں مفت ادویات بھی تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پر صحت کی دیکھ بھال اور بروقت طبی مشورے کے حوالے سے بیداری پیدا کرنے کے لیے غذائیت، صفائی، ماہواری سے متعلق صحت اور طرزِ زندگی میں بہتری کے موضوعات پر بیداری نشستیں بھی منعقد کی گئیں۔
Comments are closed.