ضلع مظفرپور کے شکرا اور کڑھنی بلاک میں امارتِ شرعیہ کا دعوتی و اصلاحی دورہ جاری
شاہپور جنید اور چین پور بنگرا میں اہم اجلاس، علماء نے اتحادِ ملت، دینی تعلیم اور اصلاحِ معاشرہ پر دیا زور
مظفرپور: 17 مئی(پریس ریلیز)
حضرت امیرِ شریعت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہم کی ہدایت اور ناظم امارتِ شرعیہ جناب مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی صاحب کی ایما پر ضلع مظفرپور کے مختلف بلاکوں میں امارتِ شرعیہ کا دعوتی و اصلاحی دورہ گزشتہ 16 مئی سے جاری ہے۔ اس سلسلے کا پہلا افتتاحی اجلاس گزشتہ شب شکرا بلاک کی مشہور آبادی شاہپور جنید میں منعقد ہوا، جس میں گاؤں اور اطراف کے مسلمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس دعوتی وفد کی قیادت امارتِ شرعیہ کے معاون ناظم جناب مولانا احمد حسین قاسمی مدنی کررہے ہیں۔ اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے کہا کہ امارتِ شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ امتِ مسلمہ کے لیے مشکلات و مصائب کے دور میں ایک مضبوط اسلامی ڈھال کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عظیم ادارہ بزرگوں نے قرآن و حدیث کی روشنی میں اسلامی فکر اور اسلامی نظامِ زندگی کے تحفظ کے لیے قائم کیا تھا، اور آج کے نازک حالات میں ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر مسلم آبادی اپنے اندر دینی بیداری، فکری اصلاح اور تعلیمی استحکام پیدا کرے۔انہوں نے تعلیم کے حصول پرزور دیتے ہوئے کہا کہ ہر بستی میں دینی تعلیم کے لیے مکاتب کا مضبوط نظام قائم کیا جائے، نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں سے جوڑا جائے، اور نئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر مسلم آبادی کے ذمہ داران متحد ہوکر اپنی بستی کے دینی، تعلیمی اور سماجی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوشش کریں، اور کچھ نوجوانوں کو دینی مدارس میں بھیج کر علومِ اسلامیہ سے آراستہ کیا جائے تاکہ وہ مستقبل میں دین کی خدمت انجام دے سکیں۔
اس موقع پر دارالعلوم الاسلامیہ امارتِ شرعیہ کے استاذ مولانا عبدالحیی زاہد قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلمانوں کے لیے سب سے اہم ضرورت باہمی اتحاد اور اتفاق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت کو مسلکی، برادری اور ذات پات کے تعصبات سے اوپر اٹھ کر دینی و ملی مفادات کے لیے کام کرنا ہوگا اور اپنی اعلیٰ قیادت پر مکمل اعتماد رکھنا ہوگا۔
مرکزی دارالقضاء امارتِ شرعیہ کے معاون قاضیِ شریعت مفتی محمد راشد انور قاسمی نے اصلاحِ معاشرہ کے موضوع پر تفصیلی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج مسلم معاشرہ تلک، جہیز اور بارات جیسی غیر اسلامی رسموں میں مبتلا ہوچکا ہے، جس کے نتیجے میں معاشی بوجھ اور سماجی پریشانیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اسلامی شریعت کی روشنی میں سادگی کے ساتھ نکاح انجام دیں اور اپنی بہنوں و بیٹیوں کو وراثت میں ان کا جائز حق ادا کریں۔شعبۂ تنظیم کے کارکن مفتی محمد عبدالقدوس مظاہری نے اپنے خطاب میں کہا کہ حقوق اللہ تو اللہ تعالیٰ معاف فرما سکتے ہیں، لیکن حقوق العباد کی ادائیگی انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے لوگوں کو تاکید کی کہ وہ اپنے سماجی اور معاشرتی معاملات میں اسلامی تعلیمات اور سنتِ نبوی ﷺ کو پیشِ نظر رکھیں۔پروگرام کا آغاز مفتی عبدالقدوس صاحب کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جبکہ نظامت کے فرائض مولانا احمد حسین قاسمی مبلغ امارت شرعیہ نے انجام دیے۔ ابتدائی گفتگو اور امارتِ شرعیہ کی خدمات کا تعارف مولانا نوشاد عالم مظاہری نے پیش کیا۔
دریں اثنا آج دن کا پروگرام مظفرپور کی معروف آبادی چین پور بنگرا کی جامع مسجد میں منعقد ہوا، جس میں علاقہ کے علماء، ائمہ، دانشوران اور عوام الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کا اختتام قائدِ وفد مولانا احمد حسین قاسمی مدنی کی دعا پر ہوا۔
Comments are closed.