آکسفورڈ انٹرنیشنل اسکول کشن گنج میں مستحسن عزم کے اعزاز میں شعری و ادبی نشست کا انعقاد

 

کشن گنج، 17 مئی (نامہ نگار) مجلسِ شعر و ادب، کشن گنج، بہار کے زیرِ اہتمام آکسفورڈ انٹرنیشنل اسکول، کجلہ منی روڈ، سنگھیا چوک، کشن گنج میں آج ایک باوقار اعزازی شعری و ادبی نشست کا انعقاد عمل میں آیا، جو معروف شاعر جناب مستحسن عزم کے اعزاز میں منعقد کی گئی۔ اس پروقار ادبی تقریب میں شعرا، ادبا، اساتذہ اور علمی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مستحسن عزم کی ادبی و شعری خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

 

تقریب کا آغاز ممتاز نیر کے نعتیہ کلام سے ہوا۔ نشست کی صدارت معروف اسلامی اسکالر مولانا نعیم الدین قاسمی (کشن گنج) نے فرمائی، جبکہ نظامت کے فرائض جناب جہانگیر نایاب (بہادرگنج) نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔

 

اس پروگرام کے منتظمین میں جناب تفہیم الرحمان (ڈائریکٹر، آکسفورڈ انٹرنیشنل اسکول، کشن گنج) اور جناب محفوظ عالم (استاد، آکسفورڈ انٹرنیشنل اسکول، کشن گنج) شامل رہے، جن کی کاوشوں سے یہ نشست کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔

تقریب میں بطور مہمانانِ خصوصی جناب احسان قاسمی (بابائے اردو سیمانچل) اور جناب ایچ رحمن رازی (پورنیہ) شریک ہوئے۔

 

اسی طرح مہمانانِ ذی وقار میں جناب سفیر الدین راہی (ڈائریکٹر، اوریکل انٹرنیشنل اسکول، چکلہ کشن گنج) اور جناب مکتوب عالم (ڈائریکٹر، چلڈرنس اکیڈمی، بہادرگنج) نے شرکت کر کے تقریب کی رونق بڑھائی۔

مہمانانِ اعزازی میں مولانا سہیل اختر ندوی (ڈائریکٹر، رحمانی پبلک اسکول، کشن گنج)، جناب ابو سالک شہید ندوی (اقصیٰ ایڈورٹائزنگ، کشن گنج) اور مفتی مناظر نعمانی (مہتمم، مدرسہ اسعد المدارس، کشن گنج) شامل رہے۔

 

نشست میں ممتاز شعرائے کرام نے اپنا کلام پیش کر کے سامعین کو محظوظ کیا، جن میں جناب مستحسن عزم (کشن گنج)، جناب ممتاز نیر (ٹھاکر گنج)، جناب آفتاب اظہر صدیقی (چھتر گاچھ)، جناب شاہ نواز بابل (بہادرگنج)، جناب عمران علیمی شاہد (کشن گنج)، جناب نجم السحر ثاقب (کوچادھامن)، جناب کمیل بلیاوی (کشن گنج)، جناب محسن نواز محسن، جناب رونق مرشد آبادی، جناب سید جعفر امام (کشن گنج)، اور جناب ابوالمفکر پیکر (ٹیڑھا گاچھ) کے نام قابلِ ذکر ہیں۔

 

مجلسِ شعر و ادب کے صدر ڈاکٹر قسیم اختر کسی ناگزیر وجہ سے نشست میں شریک نہ ہو سکے، تاہم انہوں نے اپنا تہنیتی پیغام ارسال کیا، جس میں عدمِ شرکت پر معذرت کے ساتھ اہلِ محفل کو مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر مولانا ابو سالک ندوی نے جناب مستحسن عزم کو ایک سپاس نامہ پیش کیا، جس میں ان کی علمی، ادبی اور شعری خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ اسی طرح سیمانچل کیئر فاؤنڈیشن اور مجلسِ شعر و ادب کی جانب سے مشترکہ طور پر مولانا آفتاب اظہر صدیقی نے بھی مستحسن عزم کو ان کی گراں قدر ادبی خدمات پر سپاس نامہ پیش کیا۔

مزید برآں، آکسفورڈ انٹرنیشنل اسکول کے ڈائریکٹر جناب تفہیم الرحمان کے نام سے بھی ایک سپاس نامہ تیار کیا گیا تھا، تاہم ان کی عدم موجودگی کے باعث یہ سپاس نامہ ان کی نمائندگی میں جناب محفوظ عالم کو پیش کیا گیا۔

 

واضح رہے کہ اسی نشست میں جناب شاہ نواز بابل کی ادارت میں شائع ہونے والا سہ ماہی رسالہ "کاروانِ ادب” کا اجرا بھی عمل میں آیا۔

 

یہ ادبی نشست نہ صرف مستحسن عزم کی خدمات کے اعتراف کا ذریعہ بنی بلکہ کشن گنج اور سیمانچل کے ادبی حلقوں کے لیے ایک یادگار اور حوصلہ افزا موقع بھی ثابت ہوئی، جہاں شعر و ادب کے فروغ اور اہلِ قلم کی حوصلہ افزائی کا خوبصورت منظر دیکھنے کو ملا۔

Comments are closed.