سی آر پی ایف کیمپ رامپور حملہ مقدمہ، آرمس ایکٹ کے تحت ملنے والی دس سالوں کی سزا سپریم کورٹ میں چیلنج، عدالت نے سماعت کے لیئے قبول کرلیا،جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) کی قانونی پیروی

نئی دہلی18/ مئی(پریس ریلیز)
سی آر پی ایف رامپور مقدمہ میں نچلی عدالت سے چار ملزمین کو ملنے والی پھانسی کی سزا کو ایک جانب جہاں الہ آباد ہائی کورٹ نے ختم کردیا تھا وہیں دوسری جانب ملزمین کو آرمس ایکٹ کے تحت دس سالوں کی سزا سنائی تھی۔ آرمس ایکٹ کے تحت ملنے والی دس سالوں کی سزا کو ملزمین نے سپریم کورٹ آف انڈیا میں چیلنج کیا تھا جس پر آج دو رکنی بینچ کے روبرو سماعت عمل میں آئی۔ملزمین نے جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کی مدد سے الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ آف انڈیا میں چیلنج کیاہے۔ آج سپریم کورٹ آف انڈیا کی دو رکنی بینچ کے جسٹس اروند کمار اور جسٹس سندیپ مہتا نے ایڈوکیٹ ایم ایس خان کے دلائل کی سماعت کے بعد پٹیشن کو سماعت کے لیئے قبول کرتے ہوئے اتر پردیش سرکار کو نوٹس جاری کیا۔
دوران سماعت ایڈوکیٹ ایم ایس خان نے عدالت کو بتایا کہ الہ آباد ہائی کورٹ کا ملزمین کو آرمس ایکٹ کے تحت سزا دیئے جانے والا فیصلہ غیر آئینی ہے کیونکہ عدالت نے انتہائی کمزور ثبوت وشواہد کی بنیاد پر ملزمین کو سزائیں سنائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ ملزمین جیل میں دس سالوں سے زائد کا عرصہ گذار چکے ہیں لیکن وہ الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے سے اتفاق نہیں رکھتے ہیں لہذا انہوں نے سپریم کورٹ آف انڈیا سے انصاف کے لیئے رجوع کیا ہے۔
ا س سے قبل اتر پردیش حکومت نے پھانسی کی سزا سے بری کیئے ملزمین کے فیصلے کو سپریم کور ٹ آف انڈیا میں چیلنج کیاتھا جسے عدالت نے سماعت کے لیئے قبول کرلیا تھا۔ آج عدالت نے دونوں عرضداشتوں پر ایک ساتھ سماعت کیئے جانے کا حکم جاری کیا۔
آرمس ایکٹ کے تحت دس سال قید با مشقت کی سزا پانے والے ملزمین محمد شریف، عمران شہزاد، محمد فاروق،صباح الدین اور جنگ بہادرکی جانب سے سپریم کورٹ آف انڈیا میں درخواست داخل کی گئی ہے جس پر آج سماعت عمل میں آئی۔
واضح رہے کہالہ آباد ہائی کورٹ نے نچلی عدالت سے پھانسی کی سزا پانے والے ملزمین عمران شہزاد،محمد فاروق صباح الدین اور محمد شریف کو سزائے موت کو ختم کردیا تھا جبکہ جنگ بہادر کو ملنے والی عمر قید کی سزا کو بھی ہائی کورٹ نے ختم کردیا تھا۔الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو ریاستی حکومت نے سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ملزمین نے بھی الہ آباد ہائی کورٹ کی جانب سے آرمس ایکٹ کے تحت انہیں دی جانے والی دس سالوں کی سزا کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ملزمین کے مقدمات کی پیروی جمعیۃ علماء قانونی امداد کمیٹی سیشن عدالت سے کر رہی ہے جس کے نتیجے میں ملزمین کو پھانسی کی سزاؤں سے بچایا گیا۔

Comments are closed.