جذباتی سیاست نہیں، تعلیم اور سماجی بیداری ہی قوم کی اصل طاقت ہے : نظرعالم
دربھنگہ / پریس ریلیز
آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کی ایک اہم میٹنگ مقامی دفتر لال باغ، دربھنگہ میں موجودہ سماجی، تعلیمی اور سیاسی حالات کے موضوع پر منعقد ہوئی، جس میں تنظیم کے ذمہ دار عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔
اس موقع پر تنظیم کے قومی صدر نظرعالم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وقت میں قوم کو جذباتی ردِّعمل کے بجائے بیداری، تعلیم، اتحاد، صبر اور مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج کی ترقی صرف نعروں اور جذباتی سیاست سے نہیں بلکہ تعلیم، سماجی شعور اور مضبوط قیادت سے ممکن ہے۔
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مستقبل کو مضبوط بنانے کے لیے عصری اور دینی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں اور سماج میں پھیلی برائیوں، جہالت اور آپسی اختلافات کو ختم کرنے میں فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی اصل طاقت اس کی تعلیم، اخلاق اور سماجی اتحاد میں پوشیدہ ہے۔
اجلاس میں موجود مقررین نے بھی موجودہ حالات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سماج کو افواہوں، نفرت اور گمراہی سے بچا کر مثبت اور تعمیری سوچ کی طرف لے جانے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی یہ عزم کیا گیا کہ تنظیم گاؤں گاؤں اور محلّوں تک بیداری مہم چلا کر تعلیم، سماجی اصلاح اور آئینی حقوق کے تعلق سے لوگوں کو بیدار کرے گی۔
اجلاس کے اختتام پر ملک میں امن، بھائی چارہ اور ترقی کے لیے دعا کی گئی۔
Comments are closed.