ممبئی میں دربھنگہ کے لعل کو بڑا اعزاز، جمیل شاہ کو “متھلا گورو رتن سمان 2026” سے نوازا گیا
رنکو جھا جی کے زیر اہتمام منعقد تقریب میں محمد علی اشرف فاطمی، امیشا پٹیل اور بالی ووڈ اداکار علی خان کی شرکت
دربھنگہ(محمد رفیع ساگر)
ضلع کے جالے بلاک کے دوگھرا گاؤں سے تعلق رکھنے والے معروف کاروباری، سماجی شخصیت اور “شاہ سوز” کے مالک جمیل شاہ عرف جمال شاہ کو ممبئی میں منعقد باوقار تقریب میں “متھیلا گورو رتن سمان 2026” سے سرفراز کیا گیا۔ ان کی اس کامیابی سے پورے جالے علاقے سمیت متھیلا خطہ میں خوشی اور فخر کی لہر دوڑ گئی ہے۔
یہ اعزاز انہیں متھلا کی تہذیب و ثقافت کے فروغ، سماجی وابستگی اور کاروباری میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ نوی ممبئی کے واشی واقع نوی ممبئی اسپورٹس ایسوسی ایشن میں منعقد اس عظیم الشان تقریب کا اہتمام رنکو جھا جی نے Vibrant Mithila Foundation کے بینر تلے کیا تھا، جس میں ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، صنعت کاروں، فنکاروں اور سماجی کارکنوں نے شرکت کی۔

تقریب میں سابق مرکزی وزیر محمد علی اشرف فاطمی، بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل اور معروف بالی ووڈ اداکار علی خان خصوصی طور پر موجود تھے۔ محمد علی اشرف فاطمی نے جمیل شاہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ متھیلا کے نوجوان آج ملک بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں اور جمیل شاہ کی کامیابی دربھنگہ اور بہار کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی پس منظر سے نکل کر قومی سطح پر اعزاز حاصل کرنا نوجوان نسل کے لیے ایک مثبت مثال ہے۔
بالی ووڈ اداکار علی خان نے بھی جمیل شاہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اپنی مٹی، تہذیب اور ثقافت سے جڑے رہتے ہیں، وہی حقیقی معنوں میں سماج اور اپنی سرزمین کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے جمیل شاہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ متھیلا کی شناخت کو قومی پلیٹ فارم تک پہنچانا ایک قابلِ تعریف کام ہے۔
جمیل شاہ عرف جمال شاہ نے کم وقت میں اپنی محنت، صلاحیت اور عوامی رابطے کے ذریعہ ایک الگ شناخت قائم کی ہے۔ کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ وہ سماجی اور ثقافتی میدان میں بھی متحرک سمجھے جاتے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جمیل شاہ نے ہمیشہ اپنے آبائی گاؤں دوگھرا اور متھیلا کی شناخت کو قومی سطح پر نمایاں کرنے کی کوشش کی ہے، یہی وجہ ہے کہ آج ان کی کامیابی پورے علاقے کی کامیابی مانی جا رہی ہے۔
ان کے اعزاز حاصل کرنے کی خبر عام ہوتے ہی جالے، دوگھرا اور آس پاس کے علاقوں میں مبارکباد دینے والوں کا تانتا لگ گیا۔ سماجی کارکنوں، دانشوروں اور نوجوانوں نے اسے نئی نسل کے لیے حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ دیہی پس منظر سے نکل کر قومی سطح پر پہچان بنانا یقیناً قابلِ فخر بات ہے۔
اس موقع پر جمیل شاہ نے اپنے تاثرات میں کہا کہ یہ اعزاز صرف ان کا نہیں بلکہ پورے متھیلا، دربھنگہ اور جالے علاقے کے عوام کی محبت، اعتماد اور دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ بھی اپنی سرزمین کی تہذیب، ثقافت اور سماجی اقدار کے فروغ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔
Comments are closed.